معروف گلوکارہ شمشاد بیگم کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-25

معروف گلوکارہ شمشاد بیگم کا انتقال

اپنی سریلی آواز سے سامعین کے دلوں پر برسوں تک راج کرنے والی مشہور پلے بیک سنگر شمشاد بیگم کا رات گئے یہاں انتقال ہوگیا۔ وہ 94برس کی تھیں۔ بالی ووڈ کو برسوں تک اپنے مدھر گیتوں سے مسحور کرنے والی شمشاد بیگم کی رات گئے اپنی بیٹی کی رہائش گاہ پر موت واقع ہوگئی۔ وہ گذشتہ چند مہینوں سے علیل تھیں۔ سال 1955ء میں شوہر گنپت لال بٹو کی موت کے بعد سے وہ اپنی بیٹی اوشاراترا اور داماد کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ شمشاد بیگم کی پیدائش 14اپریل 1919ء کو امرتسر میں ہوئی تھی۔ انہوں نے کئی بار اس بات کا ذکر کیا تھا کہ وہ جلیاں والا باغ قتل عام کی یاد ہیں۔ شمشاد بیگم نے 16دسمبر 1947ء میں لاہور کے پشاور ریڈیو سے اپنے کیرئیر کی شروعات کی تھی۔ ہندی فلموں کی مشہور پلے بیک سنگروں میں سے ایک شمشاد بیگم نے کئی مشہور گیت گائے ہیں جن میں سے "بوجھ میرا کیانام رہے، ندی کنارے گانورے، سیاں دل میں آنا رے، لے کے پہلا پہلا پیار، بھر کے آنکھوں میں خمار، جادونگری سے آیا ہے کوئی جادوگر، میرے پیاگئے رنگون، کبھی آر کبھی پار، لاگا تیر نظر، کجرا محبت والا انکھوں میں ایسا ڈالا،۔ فلمی گیتوں کے علاوہ انہوں نے کئی غزل اور بھجن بھی گائے تھے۔ ان کی بیٹی اوشا نے بتایاکہ شمشاد بیگم کی آخری رسوم میں چند قریبی دوست شامل ہوئے۔ وزیراطلاعات و نشریات منیش تیواری نے شمشاد بیگم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کے گانے کے انداز نے نئے آیام قائم کئے۔ انہوں نے کہاکہ فلم صنعت نے ایک بیحد با صلاحیت گلوکارہ کو کھودیا ہے۔

Bollywood singer Shamshad Begum dies aged 94

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں