ڈھاکہ میں 8 منزلہ عمارت منہدم - 108 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-25

ڈھاکہ میں 8 منزلہ عمارت منہدم - 108 ہلاک

ڈھاکہ کے مضافات میں آج صبح ایک 8منزلہ عمارت کے منہدم ہوجانے سے کم ازکم 108 افراد ہلاک اور زائد از600زخمی ہوگئے۔ ملبہ میں پھنسے ہوئے لوگوں نے مدد کیئلے چیخنا شروع کیا اور اطراف رہنے والے لوگ نیز امدادی کارکن انہیں بچانے کیلئے دوڑ پڑے۔ موصولہ اطلاعات میں کہاگیا کہ "رانا پلازا" نامی یہ عمارت آج صبح لگ بھگ 8:45بجے منہدم ہوگئی۔ اس عمارت میں ایک مارکٹ، کئی ملبوسات فیکٹریاں اور ایک بینک برانچ بھی قائم تھی۔ ایک روز قبل یعنی کل ہی اس عمارت کی دیواروں میں شگاف پیدا ہوگئے تھے اور دوسرے ہی دن یعنی آج یہ عمارت تاش کے پتوں کی طرح سطح زمین کے ہموار ہوگئی۔ ملبہ سے اب تک تقریباً 100 افراد کو زندہ نکالا جاچکا ہے۔ سہیل رانا نامی ایک مقامی شخص نے جس نے ایک کھڑکی کو توڑ کر کئی لوگوں کو بچایا، روزنامہ ڈیلی اسٹار کو بتایاکہ عمارت کے ملبہ سے مدد کیلئے ہنوزآوازیںآرہی تھیں۔ یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ 8سال قبل بھی علاقہ "سوار" میں ایک ملبوسات فیکٹری( اسپکٹرم گارمنٹ) منہدم ہوگئی تھی اور 64 ورکرس ہلاک ہوگئے تھے۔ بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ روح الحق نے آج کے حادثہ میں 70 افراد کی ہلاکت اور 600 افراد کے زخمی ہونے کی توثیق کی ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہنوز سینکڑوں افرادملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ امدادی کارکنوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ وزیر داخلہ محی الدین خان عالمگیر نے بتایا کہ "ناقص تعمیر کے سبب یہ عمارت منہدم ہوئی ہوگی۔ تحقیقات کے بعد خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ عمارت کے انہدام کے بعد بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی زیر قیادت 18 جماعتی اتحاد نے اپنی 36گھنٹوں کی ملک گیر ہڑتال واپس لے لی ہے۔ اسی دوران بنگلہ دیش کے منتخب صدر عبدالحمید، وزیراعظم شیخ حسینہ اور قائداپوزیشن بیگم خالدہ ضیاء نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیامات تعزیت میں غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا ظاہر کی ہے۔

8-Story Building In Bangladesh Collapses, over 100 killed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں