ممبئی میں دو روزہ تبلیغی اجتماع کا اختتام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-25

ممبئی میں دو روزہ تبلیغی اجتماع کا اختتام

تبلیغی اجتماع میں دوسرے اور آخری دن فرزندان توحید کا سیلاب امنڈ پڑا۔ یہاں ریلوے اسٹیشن سے متصل بنائے گئے پنڈال میں ہزاروں فرزندان توحید کی موجودگی میں جماعت کے ذمہ داروں اور علماء نے اپنے خطابات میں دعوت دین کیلئے امت محمدیہؐ کی ذمہ داریاں اور فکر آخرت کی یاد دہانی کروائی۔ کلمہ توحید کی بنیاد پر امت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق رکھنے، وقت کی قدردانی، اﷲ کی رضا اور رسول اکرمؐ کی سنتوں کی اتباع، قرآن کے احکامات، خلیفۃ الارض کی ذمہ داری، حصول جنت کا شوق اور جہنم سے پناہ، حقوق اﷲ اور حقوق العباد کی ادائیگی کی تلقین کی گئی اور خیر امت کا سبق اور عظیم منصب یاد دلایاگیا۔ اتوار کو اجتماع کا آخری دن تھا اسی لئے دعا میں شرکت کرنے والوں کی تعداد پہلے دن کی بہ نسبت زیادہ تھی۔ ایک جانب سینکڑوں رضا کار شرکاء اجتماع کی رہنمائی کررہے تھے تو بڑی تعداد میں والینٹرس اسٹیشن پرانسانی زنجیر بناکر لوگوں کو آگے بڑھنے کی تلقین کررہے تھے تاکہ کسی طرح کا حادثہ رونما نہ ہو۔ شرکاء اجتماع کی کثرت کے سبب ریلوے کی جانب سے بھی ٹکٹ کی فراہمی کیلئے خصوصی نظم کیا گیا تھا اور اجتماع گاہ کی جانب اضافی بکنگ کھڑی کھولی گئی تھی۔ اجتماع گاہ میں ہی بعد نماز عصر نکاح کی سنت ادا کی گئی اور 91جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ اجتماع میں الگ الگ نشستوں سے مقررین نے اپنی باتیں رکھیں اور بتایاکہ "اﷲ رب العزت اپنے بندوں سے بھلائی چاہتا ہے۔ انسانوں کی پیدائش سے قبل اﷲ پاک نے فرشتوں کے سامنے باقاعدہ اعلان فرمایا کہ میں زمین پر اپنا خلیفہ بنانا چاہتا ہوں۔ اﷲ پاک نے زندگی کی شکل میں جو وقت اور موقع عطا فرمایا ہے اس کی قدر دانی کرنی چاہئے جو لوگ اس کی قدر کریں گے وہ جنت میں ہنستے ہوئے داخل ہوں گے اور جو ناقدری کریںگے اور من مانی زندگی گذاریں گے وہ دنیا سے روتے ہوئے جائیں گے"۔ اس دوران میں یہ بھی بتایا کہ "حضرات صحابہ مسلمانوں کے مکان و دکان سے زیادہ اعمال فکر کی فکر یں کیا کرتے تھے۔ سیدنا عمر فاروقؓ امور سلطنت انجام دینے کے ساتھ دین کی فکر اس انداز میں فرمایا کرتے تھے کہ فجر کی نمازکے بعد باقاعدہ یہ تک دیکھتے تھے کہ کون نمازمیں حاضر ہے کون نہیں"۔ نوجوان سے خطاب میں کہا گیا کہ "نوجوانو! اپنی صلاحیتوں کو اﷲ کے دین پر لگاؤ اور کسی کی بہو بیٹی کو دیکھ کر طنز نہ کرو، ان کا مذاق نہ اڑاؤ، اس کے علاوہ ان بیوہ عورتوں کی فضیلت بیان کی گئی جو اپنے بچوں کی ٹھیک ڈھنگ سے پرورش کرتی ہیں، ایسی عورتیں جنگ میں اول مرحلہ میں داخل ہونے والوں میں شامل ہوںگی"۔ مولانا محمد یونس پالنپوری کی دعا پر اجتماع کا اختتام ہوا۔

Two days tablighi jamaat's gathering at Meera Road, Mumbai

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں