بی۔ایم۔سی اسپتالوں میں مسلم خواتین کے حجاب پر پابندی نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-31

بی۔ایم۔سی اسپتالوں میں مسلم خواتین کے حجاب پر پابندی نہیں

میونسپل انتظامیہ کے سرکاری اسپتال کے ای ایم میں ایک مسلم پردہ نشین خاتون کے ساتھ بدتمیزی کے بعد بی ایم سی نے ایک نئی پالیسی مرتب کرکے پردہ نشین خاتون کے اسپتالوں میں داخلہ کو آسان بنایا ہے۔ اب پردہ نشینوں کو بی ایم سی اسپتالوں میں حجاب اتارکر جانے کی ضرورت نہیں ہے نہ ہی انہیں مشکوک سمجھ کر ان کی تلاشی لے جائے گی۔ یہ فیصلہ بی ایم سی انتظامیہ نے کیا ہے۔ میونسپل اسپتالوں میں پردہ نشینوں کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف آج سماج وادی پارٹی لیڈر رئیس شیخ، ریشماں رینوکر، کارپوریٹر اسحق اور خاتون شعبہ کی صدر رخسانہ صدیقی نے کے ای ایم اسپتال میں پر زور احتجاج کیا اور ڈین سے ملاقات کرکے اس معاملہ پر اپنی ناراضگی کااظہار کیا۔ سرکاری اسپتالوں میں پردہ نشینوں کے ساتھ مسلسل بدتمیزی کی شکایات موصول ہونے کے بعد آج سماج وادی پارٹی لیڈر رئیس شیخ نے اسپتال کے باہر بھوک ہڑتال کی اور مطالبہ کیا کہ محض حجاب کی بنیاد پر مسلم خواتین کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیاجائے۔ مسلم خواتین اگر بی ایم سی کے اسپتال میں برقعہ پہن کر داخل ہوتی ہیں تو اس کی جامعہ تلاشی لی جاتی ہے۔ اس سے طرح طرح کے سوالات کئے جاتے ہیں۔ اسے مشکوک سمجھا جاتا ہے۔ جس سے پردہ نشینوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ شکایات اس قدر عام ہوگئی تھی کہ مسلم خواتین کا سرکاری اسپتال میں اپنا علاج کروانا مشکل ہوگیا تھا۔ جبکہ حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے کوئی ایسا حکمنامہ نہیں ہے کہ برقعہ پوش خواتین کی تلاشی لے کر انہیں اسپتال میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ یہ شہری انتظامیہ کا تعصب ہے کہ خواتین کی تلاشی لی جارہی ہے۔ اسی معاملہ میں آج سماج وادی پارٹی نے سخت احتجاج درج کرایا اور رئیس شیخ نے کے ای ایم اسپتال کی ڈین اور متعلقہ افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ بھی طلب کی اور ان سے یہ دریافت کیا کہ آیا ایسا کوئی سرکلر ہے۔ جس سے یہ پتہ چلے کہ پردہ نشین خواتین کا داخلہ سرکاری اسپتالوں میں ممنوع ہے۔ اس پر انتظامیہ نے کوئی ٹھوس جواب یا سرکلر پیش نہیں کیا۔ صرف 2010ء میں ایک شیوسینا کے کارپوریٹر کا مکتوب پیش کیا۔ جس میں تعصب کی بنیاد پر مسلم خواتین کی تلاشی کی ہدایت دی گئی تھی۔

no restriction on muslim women hijab in bmc hospitals

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں