پٹرول کی قیمت کا حالیہ اضافہ - پارلیمنٹ میں بحث و تکرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-05

پٹرول کی قیمت کا حالیہ اضافہ - پارلیمنٹ میں بحث و تکرار

پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ کا مسئلہ آج پارلیمنٹ میں چھایا رہا جہاں لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں اپوزیشن ارکان نے قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کار روائی چلنے نہیں دی۔ اپوزیشن ارکان نے جمعہ کو پٹرول کی قیمت میں 1.40 روپئے اضافہ کو پارلیمنٹ کی توہین کے مترادف قراردیا اور کہاکہ یہ اعلان ایوان میں ہونا چاہئے تھا جبکہ سشن جاری ہے ۔ وزیر پارلیمانی امور راجیو شکلا نے استدلال کیاکہ قیمت میں اضافہ کا فیصلہ آئیل کمپنیوں نے کیا ہے لیکن اپوزیشن نے یہ کہتے ہوئے جوابی وار کیا کہ کمپنیاں سرکار چلاتی ہیں چنانچہ حکومت اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں آج صبح جیسے ہی کار روائی شروع ہوئی اپوزیشن ارکان اٹھ کھڑے ہوئے اور پرشور احتجاج شروع کیا۔ لوک سبھا کو دوپہر 2 بجے تک کسی کام کاج کے بغیر 2مرتبہ ملتوی کرنا پڑا اور بالآخر دن بھر کیلئے التوا کا اعلان کیا گیا۔ راجیہ سبھا میں سہ پہر 3 بجے تک 4مرتبہ التواء عمل میں آیا جس کے بعد بھی اپوزیشن کے شدید احتجاج کے پیش نظر اسے کل تک کیلئے ملتوی کر دینا پڑا۔ لوک سبھا میں بی جے پی،اس کی این ڈی اے حلیفوں ، بایاں بازو، ترنمول کانگریس اور انا ڈی ایم کے کے بشمول متعدد جماعتوں نے ایندھن کی قیمت میں اضافہ کے خلاف نعرے لگائے ۔ حکومت کی باہر سے تائید کرنے والی سماج وادی پارٹی کے ارکان نے بھی احتجاج میں حصہ لیا جبکہ ترنمول اور انا ڈی ایم کے کے ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر نعرے لگانے لگے ۔ راجیہ سبھا میں بھی بی جے پی، جنتادل۔ یو، شرومنی اکالی دل اور شیوسینا کے ارکان نے اضافہ شدہ قیمت کے خلاف احتجاج کیا اور اسے واپس لینے کامطالبہ کیا۔ حکومت کی باہر سے تائید کرنے والی ایک اور جماعت بی ایس پی کے ارکان بھی قیمت میں اضافہ کے خلاف برہمی ظاہر کرنے والوں میں شامل تھے ۔ دونوں ایوان اپوزیشن کے "پٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس لو" کے نعروں سے گونج رہے تھے ۔

Uproar over fuel price hike rocks Parliament

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں