دلسکھ نگر بم دھماکوں کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی کے حوالے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-05

دلسکھ نگر بم دھماکوں کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی کے حوالے

ریاستی حکومت نے دلسکھ نگر بم دھماکوں کی تحقیقات قومی تحقیقات ایجنسی کے حوالے کر دینے کی ہدایت کی ہے ۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کی طرف سے سکریٹریٹ میں آج طلب کردہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا جس میں بم دھماکوں کے پیش نظر سکیورٹی اور دوسرے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر داخلہ پی سبیتا اندرا ریڈی، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس دنیش ریڈی، ڈائرکٹر جنرل قومی تحقیقات ایجنسی روی شنکر، آندھراپردیش اور مرکز کے انٹلی جنس بیورو کے سینئر عہدیداروں کے علاوہ حیدرآباد اور سائبر آباد کے کمشنران پولیس نے اجلاس میں شرکت کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سبتیا اندرا ریڈی نے کہاکہ تحقیقات کی عاجلانہ تکمیل کیلئے بم دھماکوں کا کیس این آئی اے کے حوالے کیا گیا ہے حالانکہ یہ حقیقت ہے کہ ریاست کے تحقیقاتی عہدیداروں نے پہلے ہی کئی ثبوت اور سراغ حاصل کرلئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے صبح میں چیف منسٹر سے بات کی اور 2بم دھماکوں کا کیس این آئی اے کے حوالے کرنے کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ این آئی اے بھی قبل ازیں اسے کیس منتقل کرنے کیلئے ریاستی حکام کو مکتوب روانہ کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معاملہ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد بم دھماکوں کا کیس، این آئی اے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ایک ہی ایجنسی تحقیقات سے نمٹنے کیونکہ دہشت گرد حملے کسی ایک ریاست تک محدود نہیں ہیں ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چونکہ مرکز اور مختلف ریاستوں کی ایجنسیاں تحقیقات میں شامل ہیں اس لئے قومی تحقیقاتی ایجنسی کو یہ کیس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دھماکوں کے کئی دن بعد بھی پولیس، ذمہ دار افراد کی نشاندہی نہیں کر سکتی ہے تاہم این آئی اے ، ملک کی مختلف جیلوں میں انڈین مجاہدین کے مشتبہ کارکنوں سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے ۔

State handovers Dilsukhnagar twin blast case to NIA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں