سنجے دت ممبئی حملوں میں سرگرم رول ادا کرنے کے خاطی نہیں - جسٹس کاٹجو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-22

سنجے دت ممبئی حملوں میں سرگرم رول ادا کرنے کے خاطی نہیں - جسٹس کاٹجو

پریس کونسل آف انڈیا کے سربراہ جسٹس کاٹجو نے ممبئی حملے کے خاطی سنجے دت کی سزا معاف کرانے کی مہم شروع کر دی ہے۔ انہوں نے مہارشٹرا کے گورنر شنکر نارائنا سے اپیل کی ہے کہ وہ اداکار کی سزا معاف کریں۔
ایک بیان جاری کرتے ہوئے جسٹس کاٹجو نے کہا کہ دستور کی دفعہ 161 کے تحت سنجے دت ممبئی بم دھماکے 1993 میں سرگرم رول ادا کرنے کے خاطی نہیں ہیں۔ وہ پہلے ہی سخت سزا بھگت چکے ہیں۔
تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے جسٹس کاٹجو نے کہاکہ دستور کی دفعہ 161 کے تحت گورنر اور صدر کو خاطیوں کی سزا معاف کرنے کے اختیارات حاصل ہیں۔ اس کیس میں گورنر سنجے دت کی سزا معاف کرسکتے ہیں یا کم ازکم ان کی سزا کی معیاد میں تخفیت کراسکتے ہیں۔ کاٹجو نے ایک نظیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کمانڈر نانا وتی کو قتل کیس میں سزا دی گئی تھی اور عمر قید کی سزا مقرر کی گئی تھی لیکن گورنر نے ان کی سزا معاف کردی تھی۔ سپریم کورٹ نے سنجے دت کو بم دھماکوں کا ملزم قرار نہیں دیا صرف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا خاطی قرارد دیا ہے۔ یہ جرم قتل سے زیادہ سنگین نہیں ہے۔ جب مہاراشٹرا کے گورنر ناناوتی کی سزا معاف کرسکتے ہیں تو پھر سنجے کی سزا معاف کیوں نہیں کرسکتے؟ جسٹس کاٹجو نے کہاکہ 20سال سے مسلسل سنجے دت کو مختلف اذیتوں سے گذرنا پڑا ہے، وہ عدالتوں کے چکر کاٹ چکے ہیں۔ حال ہی میں ان کی دوسری شادی ہوئی ہے اور ان کے دو بچے ہیں۔ انہیں دہشت گرد قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ان کے والد سنیل دت اور والدہ نرگس قوم اورمعاشرہ کے لئے ناقابل فراموش خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس پس منظر کو ملحوظ رکھتے ہوئے سنجے دت کی سزا معاف کی جانی چاہئے۔ جسٹس کاٹجو نے اس سلسلہ میں ایک مکتوب مہاراشٹرا کے گورنر کے نام روانہ کردیا ہے۔

Justice Katju bats for Sanjay Dutt, says he is not a terrorist

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں