میری حکومت اقلیت میں نہیں - وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-17

میری حکومت اقلیت میں نہیں - وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش

چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج اس تجویز کو مسترد کر دیا جس میں یہ بتایا گیا تھا کہ کل اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ قرارداد عدم اعتماد میں 142 ارکان نے حکومت کی مخالفت میں و وٹ دئیے تھے جس کے نتیجہ میں ان کی حکومت اقلیت میں تبدیل ہو گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی پیش کردہ عدم اعتمادقرارداد کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ ہم نے گذشتہ رات ایوان میں اپنی اکثریت کو ثابت کر دکھایا ہے ۔ 142ارکان نے تحریک عدم اعتماد کی مخالفت میں و وٹ دئیے جب کہ صرف 58ارکان نے اس کی تائید کی۔ اصل اپوزیشن تلگودیشم کے 64 ارکان رائے دہی کے وقت ایوان میں موجود تھے تاہم انہوں نے غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کیا جس کے نتیجہ میں حکومت کو تحفظ حاصل رہا۔ آج دوپہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اس بات پر زوردیا کہ اگرچہ کہ 294 رکنی اسمبلی میں کانگریس کی تعداد گھٹ کر 146 ہو گئی ہے تاہم ان کی حکومت اقلیتی موقف میں نہیں ہے جبکہ سادہ اکثریت کیلئے صرف 2و وٹ درکار ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ بعض وزراء مختلف وجوہات کی بناء پر تحریک عدم اعتماد میں حصہ نہیں لے سکے جن میں وی وسنت کمار، موپی دیوی وینکٹ رمنا، کے بھاری اور ماری ششی دھر ریڈی شامل ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ان ارکان کے ساتھ پارٹی کے ارکان کی تعداد 147 تک پہنچ جائے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے بتایاکہ قرارداد کی تائید کرنے والے 9 کانگریس ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دیتے اندرون 15 دن اسپیکر این منوہر کو درخواست پیش کی جائے گی۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس 20مارچ کو منعقد ہورہا ہے ۔ جبکہ دیگر کے علاوہ اس مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ انہوں نے بتایاکہ کانگریس باغی ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دئیے جانے کی صورت میں ضمنی انتخابات کا سامنا کرنے سے گریز نہیں کر ے گی۔

AP: CM rejects suggestions that his government in minority

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں