ممبئی - منشیات کی لعنت کے خلاف مہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-04

ممبئی - منشیات کی لعنت کے خلاف مہم

منشیات کی لعنت کے خلاف وقفے وقفے سے سماجی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے مہم چلائی جاتی ہے اور اس بابت حکومت سے سخت اقدام کا مطالبہ کیا جاتا ہے تاکہ سماج میں پھیل رہی اس لعنت کو ختم کیا جاسکے ۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طورپر اتوار کی صبح 11بجے دھاراوی میں 90فٹ روڈ پر محمد ا کرم خان سوشیل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ کی جانب سے "اینٹی ڈرگس ریلی" کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی لوگوں کے علاوہ دینی مدارس کے طلبہ نے بھی حصہ لیا۔ ریلی میں شامل لوگ اور طلبہ اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ہوئے تھے جن پر "سگریٹ تمباکو کا دھواں موت کا کنواں ، شراب نوشی حرام ہے اس سے خود بچو اور دوسروں کو بھی بچاؤ، نشہ کی لت تمہیں دھیرے دھیرے قبر تک پہنچادے گی، سگریٹ کی عادت کینسر کی دعوت، نشہ کرنے سے ہوتا ہے نقصان چھین لے گی یہ مسکان" وغیرہ درج تھا۔ اینٹی ڈرگس ریالی و اصلاح معاشرہ کے عنوان پر منعقدہ پروگرام کے منتظم محمد ا کرم خان نے اس کے مقاصد بتاتے ہوئے کہاکہ "یہ وقت کا تقاضہ ہے کیونکہ 15,16 سال کے بچے بھی منشیات کی لت کا شکار ہورہے ہیں ۔ پولیس کی جانب سے برائے نام کار روائی کی جاتی ہے ۔ اسی لئے منشیات مخالف ریالی نکال کر عوام میں اس تعلق سے بیداری لانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا"۔ مولانا سید معین الدین اشرف معین میاں نے کہاکہ "ڈرگس کا کاروبار پولیس کے تعاون سے پھل پھول رہا ہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ نشہ آور اشیاء مسلم علاقوں میں بکثرت فروخت کی جا رہی ہیں اور بآسانی دستیاب ہیں "۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ "اب تو عالم یہ ہے کہ کالجز اور اسکولس کے طلبہ کے تعلق سے سننے میں آ رہا ہے کہ وہ بھی اس کا شکارہورہے ہیں ۔ اس لئے ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس تعلق سے جو قانون ہے اس کا ٹھیک ڈھنگ سے نفاذ کیا جائے اور جو لوگ بھی اس کاروبار میں ملوث ہیں انہیں عبرتناک سزادی جائے "۔

A compaign against drugs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں