نئی دہلی میں نظام الدین اولیا کا 709 واں جشن عرس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-02

نئی دہلی میں نظام الدین اولیا کا 709 واں جشن عرس

حضرت سلطان المشائخ خواجہ سیدنظام الدین اولیاء ؒ کے 709 ویں عرس مبارک کے موقع پر حسب معمول ایک تقریب عرس محل میں منعقد کی گئی۔ جس میں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری، اقلیتی امور کے وزیر کے رحمن خان، گلزار دہلوی، آل انڈیا کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کے قومی سکریٹری انیس درانی سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے اس موقع پر ایک پیغام بھیجا جس میں انہوں نے حضرت خواجہ نظام الدین اولیائؒ کے 709 ویں عرس کی مبارکباد دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ دہلی ایک قدیم ہے سینکڑوں لوگ آئے اور چلے گئے مگر ایک حقیقت یہ ہے جو ہر دور میں سب کے سامنے تھی کہ جو بھی یہاں اس در پر حاضر ہوا اس نے برکتیں حاصل کیں اور مستفیض ہوا۔ مجھے بھی یہ شرف حاصل رہا ہے اور ہمیشہ دلوں میں یہ جذبہ رہتا ہے کہ پیاس نہیں بجھی دوبارہ حاضری دی جائے ۔ اسی غرض سے پوری دنیا سے عقیدت مند عرس کے موقع پر حاضر ہوتے ہیں ۔ نائب صدر جمہوریہ نے مزید کہاکہ محبوب الہیؒ نے اس شہر کو دعائیں دی ہیں اور ان کی دعاؤں کی برکت ہے کہ زمانہ کے طوفان کے باوجود یہ شہر اور یہ ملک اپنی جگہ قائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔ خواجہ کی دعائیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی۔ کے رحمن خان نے بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم اپنے ان بزرگوں کو یاد کریں جنہوں نے اپنی زندگی خدا اور رسولؐ کی فرمانبرادری میں گزاری، دنیا میں خدا کے ایسے بندے آئے جنہیں رب نے اپنا نائب بنایا، انہی میں سے محبوب الہیؒ بھی ہیں ۔ دنیا کے گوشہ گوشہ میں آپ کے عقیدت مند محبت کا پرچم بلند کئے ہوئے ہیں ۔ آپ نے محبت اور اخوت کا جو درس دیا ہے اس نے قومی یکجہتی کو ایسا فروغ دیا جس کی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہاکہ خواجہ کے پیغام نے آج دنیا کے مذاہب کو ایسی ڈور سے باندھ دیا ہے جس میں ذات پات کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

709th urs festival of Nizamuddin aulia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں