قومی مرکز برائے انسداد دہشت گردی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-23

قومی مرکز برائے انسداد دہشت گردی کا مطالبہ

مجوزہ قومی مرکز برائے انسداد دہشت گردی کی تائید کامطالبہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ مسٹر سلمان خورشید نے آج کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں اور ریاستی حکومتوں کو چاہئے کہ دہشتگردی کے چیلنج کے خلاف مقابلہ کرنے کیلئے اجتماعی ردعمل کا اظہار کریں ۔ پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سلمان خورشید نے کہاکہ یہ کسی پر ذمہ داری عائد کرنے کا سوال نہیں ہے ۔ یہ ہم سب کو بشمول تمام سیاسی جماعتوں اور ریاستی حکومتوں کے علاوہ تمام عوام کیلئے ایک اجتماعی فکر و تشویش کا مسئلہ ہے ۔ جو لوگ حکمرانی میں مرکزی سطح پر بھی شامل ہیں ان کیلئے بھی یہ ذمہ داری کا مسئلہ ہے کہ وہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اجتماعی ذمہ داری کو سمجھیں ۔ مسٹر خورشید سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا حکومت مجوزہ انسداددہشت گردی مرکز کے قیام کیلئے زور دے گی کیونکہ اب حیدرآباد میں جڑواں بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں کم ازکم 16افراد ہلاک اور 120افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔ ملک میں اپوزیشن کے اقتدار والی ریاستیں اس مرکز کے قیام کی مخالفت کر رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے ریاستوں کے حقوق سلب ہو سکتے ہیں ۔ مسٹر خورشید نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے خلاف اپنے موقف کو واضح کرنے سے گریز کرنا چاہئے اور تنگ نظر سیاسی مفادات کے حصول سے بچنا چاہئے ۔ ہمیں قومی مفاد کو ذہن میں رکھتے ہوئے وسیع تر منظر نامہ کو دیکھنا چاہئے ۔

Hyderabad twin blasts: Salman Khurshid seeks support for NCTC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں