اعلیٰ تعلیم کا گرتا معیار افسوسناک - صدر جمہوریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-06

اعلیٰ تعلیم کا گرتا معیار افسوسناک - صدر جمہوریہ

صدر پرنب مکھرجی نے آج ہندوستان میں اعلیٰ تعلیم کے گرتے ہوئے معیار پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے یونیورسٹیوں سے اس رجحان کو بدلنے پر توجہ دینے کوکہا۔ مرکزی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کو نہ صرف علم و ہنر فراہم کرنا چاہئے بلکہ انہیں انسانیت کی قدروں کو بھی فروغ دینا چاہئے کیونکہ تعلیم تک رسائی لوگوں کو با اختیار بنانے کیلئے ایک لازمی امر ہے ۔ انہوں نے اساتذہ کی ملازمت کے حالات کو بہتر بنانے پر بھی زوردیا تاکہ وہ ملک کے اندر خدمات انجام دیں اور بیرون ملک ہجرت کرنے کے بارے میں نہ سوچیں ۔ مسٹر مکھرجی نے سماجی مقاصد اور معیار کے معاملہ میں کسی قسم کا سمجھوتہ کئے بغیر پالیسیاں تیار کرنے کے معاملہ میں نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی پر بھی زوردیا۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج یہ کہا کہ ملک کے تعلیم کے شعبہ کیلئے یہ اہم چینلنجوں میں سے ایک ہے ۔ یہاں راشٹرا پتی بھون میں وائس چانسلروں کی ایک میٹنگ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں یہ بات تسلیم کرنی چاہئے کہ اعلیٰ تعلیم کے ہمارے بہت سارے ادارے معیاری نہیں ہیں ۔ان میں سے بہت سارے ادارے تیز رفتار تبدیلیوں کا ساتھ نہیں دے پائے ہیں ۔ وہ اب بھی ایسے موضوعات میں گریجویٹ پیدا کر رہے ہیں جن کی بازار میں ضرورت نہیں ہے ۔ یہ ایک غورطلب امر ہے کہ ہندوستان کی کوئی بھی یونیورسٹی آج دنیا کی صف اول کی 200یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے ۔ اعلیٰ تعلیم کے اداروں کا معیار بلند کرنا اور ان میں عمدگی لانا ایک ایسا اہم چیلنج ہے جس کا سامنا ہم سبھوں کوکرنا چاہئے ۔ معیار کے علاوہ وزیراعظم نے تعلیم تک رسائی میں مساوات کو یقینی پر بھی زوردیا۔

President and PM's Remarks in the Conference of Vice Chancellors

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں