نیٹ-2013 - سی۔بی۔ایس۔ای کا اردو سوالنامہ کی فراہمی سے انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-03

نیٹ-2013 - سی۔بی۔ایس۔ای کا اردو سوالنامہ کی فراہمی سے انکار

سرکاری ادارہ سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن( سی بی ایس ای) کے ایک تازہ فیصلے سے اردو پڑھنے والے ہزاروں طلبہ مصیبت میں پھنس گئے ہیں اور اگر حکومت نے فوری مداخلت نہیں کی تو ان طالب علموں کا کیرئیر تباہ اور مستقبل تاریک ہو سکتا ہے ۔ سی بی ایس ای نے ملک بھر کے مختلف میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسز میں داخلہ کیلئے آئندہ 5مئی کو منعقد ہونے والے داخلہ جاتی امتحان نیٹ 2013 (نیشنل ایلی جبیلٹی کم انٹرنس ٹسٹ) میں اردو زبان میں سوالنامہ فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ سی بی ایس سی کے اس فیصلے سے مہاراشٹرا، آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں میں اردو میڈیم کالجوں میں پڑھنے والے 6000 سے زائد طلبہ مذکورہ نیٹ 2013ء میں شامل ہونے سے محروم رہ جائیں گے ۔ خیال رہے کہ گذشتہ برسوں تک میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے امتحانات مختلف ریاستی بورڈ، ادارے یا متعلقہ کالج اپنے طورپر کراتے تھے لیکن حکومت ہند نے طلبہ کی سہولت کیلئے انہیں ایک ساتھ کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی ذمہ داری سی بی ایس ای کو سونپی تھی۔ سی بی ایس ای نے اس داخلہ جاتی امتحان کے سوالات انگریزی اور ہندی کے علاوہ گجراتی، بنگلہ، تلگو، تمل، آسامی اور مراٹھی زبانوں میں فراہم کرنے کا تو اعلان کیا ہے لیکن اردو میں اس نے سوالات فراہم کرنے سے منع کر دیا ہے ۔ حالاکہ اردو کو ملک کی کم ازکم 9 ریاستوں میں دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے ۔ سابق مرکزی وزیر اور کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما پروفیسر سیف الدین سوز نے مرکزی حکومت کو ایک خط لکھ کر اس جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے ۔

NEET-UG, 2013 by CBSE will not provide question paper in urdu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں