دلسکھ نگر بم دھماکے - مجلس اتحاد المسلمین کی مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-22

دلسکھ نگر بم دھماکے - مجلس اتحاد المسلمین کی مذمت

صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے دلسکھ نگر میں بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے مصیبت کے اس وقت میں حکومت کو مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ کرن کمار ریڈی حکومت سے مجلس اختلافات ہیں لیکن مصیبت کی اس گھڑی میں مجلس اتحاد المسلمین سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امن کی برقراری اور متاثرین کے راحت اقدامات میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔ انہوں نے دھماکوں کو ملک و قوم پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ تمام ہندوستانیوں کو سیاسی و مذہبی ، وابستگیوں سے بالا تو ہوکر ان کی مذمت کرنا چاہیے ۔ انہوں نے جمعہ کے دن عوام سے امن کی برقراری کی اپیل کی اور شہر میں امن کے لیے دعاؤں کی خواہش کی ۔
دھماکوں کو بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے انہیں ایک غیر انسانی عمل سے تعبیر کیا ۔ عوام سے امن کو بنائے رکھنے اور تحقیقاتی ایجنسیوں و پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ان کوششوں کے پیچھے جو عناصر ملوث ہیں ۔ ان کو کیفر کردار تک پہونچانے کی ضرورت ہے ۔
شرپسند عناصر نے اپنے جرم کے ارتکاب کے لیے ایسے علاقہ کا انتخاب کیا جہاں کافی ہجوم رہتا ہے ۔ انھوں نے مہلوکین کے ورثاء سے تعزیت کی اور زخمیوں سے ہمدردی ظاہر کی ۔ انھوں نے کہا کے اس طرح کے بزدلانہ واقعات امن پسند حیدرآبادیوں کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکیں گے ۔

جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی نے آج رات حسب ذیل بیان جاری کیا ہے ۔ "دلسکھ نگر میں آج شام خوفناک بم دھماکے ملک دشمن عناصر کی کارستانی ہے ۔ ان دھماکوں میں 13 بے قصور افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہی جن پر مجھے دکھ ہے میری ساری ہمدردیاں ان غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں جو افراد زخمی ہوئے ہیں کہ اللہ تعالیٰ سے میری دعا ہے کہ وہ جلد انہیں صحت یاب کرے ۔۔ ان دھماکوں سے ہمیں خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے ۔ ہمیں متحدہ اور مشترکہ طور پر اس صورت حال کا سامنا کرنے لیے تیار رہنا چاہیے ۔ اس کا سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ ہم اپنے شہر میں امن و سکون کو برقرار رکھیں اور باہمی اتحاد کا مظاہرہ کریں ۔ میں اس موقع پر میرے مسلم بھائیوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ کل جمعہ کے موقع پر پرامن اور پرسکون رہیں اور نفاذ قانون کی ایجنسیوں سے مکمل تعاون کریں ۔ مجھے امید ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیاں ان بم دھماکوں کے پس پردہ حقیقی خاطیوں کا پتہ چلائیں گی اور حقائق کو سامنے لائیں گی "۔

MIM condemns dilsukhnagar blasts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں