مودی کو وزیراعظم بننے نہیں دیں گے - اسد اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-19

مودی کو وزیراعظم بننے نہیں دیں گے - اسد اویسی

صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کو بننے نہ دینے اور نریندر مودی کو کسی بھی صورت میں وزیراعظم کی کرسی تک پہنچنے نہ دینے سیکولر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ معروف ٹیلی ویژن علاقائی چیانل اے بی این۔ آندھرا جیوتی کے سربراہ رادھا کرشنا کے پروگرام "اوپن ہارٹ" میں حصہ لیتے ہوئے صدر مجلس نے ریاست و ملک کے موجودہ حالات، آنے والے عام انتخابات، دلت۔ مسلم اتحاد کیلئے کوششیں ، ان کے اور ان کی پارٹی کے قائد لیجسلیچر پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کے خلاف ریاستی حکومت کی قانونی کار روائیوں سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات دئیے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہاکہ 2014ء کے انتخابات میں ہندوتوا طاقتوں اور اس کے نمائندے نریندر مودی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے وہ کسی بھی سیاسی سیکولر جماعت کے ساتھ کام کرنے تیار ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اگر اس مقصد کیلئے تلگودیشم یا تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے بھی تعاون لینا پڑے تو وہ پس و پیش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس یاوائی ایس آر کانگریس کی بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔ سیکولر جماعتیں بھی نہیں چاہیں گی کہ ہندتوا کو اقتدار حاصل ہو۔ کانگریس کے بارے میں انہوں نے کہاکہ وہ اسے ایک سیکولر جماعت ماننے سے انکار تو نہیں کریں گے لیکن بابری مسجد کی شہادت، کانگریس کے اس وقت کے وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کے رول کو مسترد بھی نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ مسجد شہید نہ ہوتی تو ملک میں جو پرتشدد واقعات بشمول ممبئی بم دھماکے وغیرہ نہیں ہوتے ۔

MIM - Asaduddin Owaisi at Open Heart With RK ABN Andhrajyothy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں