بلوچستان میں مزید حملے - لشکر جھنگوی کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-21

بلوچستان میں مزید حملے - لشکر جھنگوی کا انتباہ

کوئٹہ میں دودہشت گرد حملوں کے لیے ذمہ دار ممنوعہ لشکر جھنگوی نے انتباہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے باوجود اقلیتی شیعہ طبقہ کو نشانہ بنانا جاری رکھیں گے ۔ لشکر جھنگوی کے ترجمان ابو بکر صدیق نے کہا "حکومت کو کسی غلط فہمی میں نہ رہنا چاہیے کہ بلوچستان میں گورنر راج کا نفاذ ہمیں اپنے دشمنوں شیعہ ہزاروہ کو نشانہ بنانے سے باز رکھے گا ۔ ہم شیعہ ہزارہ پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انہیں خود کو محفوظ اور سلامت تصور نہیں کرنا چاہیے تاوقتیکہ پاکستان میں اسلامی نظام خلافت قائم ہوجائے ۔" صدیق نے کئی صحافیوں کو ٹیلی فون کرتے ہوئے یہ انتباہ دیا اور انہوں نے 16 فروری کو شیعہ اکثریتی کوئٹہ میں بم حملہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے ۔
لشکر جھنگوی کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان کے گروپ کے پاس مزید 20 دھماکو مادہ سے لدی ہوئی گاڑیاں ہیں جو دشمن سے ٹکرانے کے لیے تیار ہیں ۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر عبدالخالق ہزارہ نے کہاکہ جولائی 2011ء میں سپریم کورٹ کی جانب سے لشکر جھنگوی کے کلیدی قائد ملک اسحاق کی ضمانت پر رہائی کے بعد کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ کے خلاف سلسلہ وار حملوں میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ اسحاق زائد از 100 قتل کی وارداتوں میں مبینہ رول کے لیے جیل میں 14 برس گزار چکے ہیں لیکن شواہد کے فقدان کیوجہ سے انہیں رہا کردیا گیا ہے ۔

Lashkar-e-Jhangvi warns more attacks on Shias in Balochistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں