اکبر اویسی اور شنکر راؤ مسئلہ - غلام نبی آزاد کی وزیر اعلیٰ سے ناراضگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-05

اکبر اویسی اور شنکر راؤ مسئلہ - غلام نبی آزاد کی وزیر اعلیٰ سے ناراضگی

آندھراپردیش کانگریس امور کے انچارج و مرکزی وزیر صحت جناب غلام نبی آزاد نے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کی کارکر دگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ دنوں میں ریاست میں پیش آئے واقعات پر ان سے ناراضگی ظاہر کی۔ ذرائع کے مطابق مسئلہ تلنگانہ پر تبادلہ خیال کیلئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو دہلی طلب کیا گیا تھا۔ آج صبح دہلی ایرپورٹ سے ہی کرن کمار ریڈی، غلام نبی آزاد کی قیام گاہ روانہ ہوئے اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال، امداد باہمی انجمنوں کے انتخابات اور دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آزاد نے قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی جناب اکبر الدین اویسی اور کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی و سابق وزیر ڈاکٹر پی شنکر راؤ کے معاملہ میں حکومت کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا اور چیف منسٹر سے دونوں قائدین کے معاملہ کی تفصیلات دریافت کیں ۔ بعض علاقائی ٹی وی چیانلس کے بموجب اس موقع پر چیف منسٹر نے وضاحت کی کہ اکبر الدین اویسی کی گرفتاری کے معاملہ میں حکومت کا کوئی رول نہیں ہے ۔ عدالت کے احکام پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی اور جہاں تک شنکر راؤ کے ساتھ ہوئی پولیس زیادتی کا سوال ہے اس سلسلہ میں حکومت نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ چیف منسٹر کی وضاحت پر ناراض آزاد نے ریڈی سے سوال کیا کہ آیا آپ کی انتظامیہ پر گرفت ہے یا نہیں ؟ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوتے ہوئے ریاست میں کیا ہورہا ہے اور پولیس کیا کر رہی ہے ،ان بنیادی باتوں سے بھی واقفیت نہیں رکھتے ؟ آزاد نے کہاکہ کسی چیف منسٹر کیلئے پولیس کی سرگرمیوں واقفیت نہ رکھنا یہ واضح کرتا ہے کہ اس حکومت کا انتظامیہ پر کس حد تک کنٹرول رہ گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ریاستی کانگریس امور کے انچارج نے صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی کو عدالتی تحویل میں دئیے جانے کے معاملہ سے بھی چیف منسٹر سے وضاحت طلب کی۔

Ghulam Nabi Azad Unhappy With Kiran Kumar Reddy Government over cases of Akbarudin Owaisi and Dr P Shankar Rao

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں