حیدرآباد میں "عالمی اردو کانفرنس" کیلئے چیف منسٹر کا اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-03

حیدرآباد میں "عالمی اردو کانفرنس" کیلئے چیف منسٹر کا اتفاق

حیدرآباد میں "عالمی اردو کانفرنس" کیلئے چیف منسٹر کا اتفاق
محمد علی شبیر کی نمائندگی پر صدر پی سی سی کی تائید، عنقریب تواریخ کا اعلان
حیدرآباد۔
2/جنوری(ایجنسیاں)
سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے چیف منسٹر این کرن کمارریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد کیلئے تحریری یادداشت پیش کی۔ جب کہ صدرپردیش کانگریس بوتسا ستیہ نارائنا نے اس کی تائید کی جس پر چیف منسٹر نے کانفرنس کے انعقاد سے اتفاق کیا۔ آج گاندھی بھون میں منعقدہ اجلاس میںچیف منسٹر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صدرنشین پردیش کانگریس میڈیا کمیٹی محمد علی شبیر نے اقلیتوں کے مسائل، اردو زبان کے فروغ اور دیگرمسائل کی تفیصل پیش کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت پیش کی۔ عالمی تلگو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر انہوں نے چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی اوراسی طرزپر عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 15اضلاع میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ مگر اس پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔ جس کی وجوہات پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ضلعی سطح پر اردو زبان کی ترقی کو یکسر نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اردو میڈیم مدارس میں ٹیچرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ علاوہ ازیں مترجم اور ٹائپسٹ کی جائیدادوںپر برسوں سے تقررات نہیں ہوئے اردو سے ناواقف عملہ ہونے کی وجہہ یس ضلع انتظامیہ اردو میں لکھی گئی درخواستیں قبول نہیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی اداروں میں بھی اردو داں عملہ کی کمی کے سبب اردو زبان کو فروغ نہیں مل رہا ہے۔ اس نا انصافی کی وجہہ سے اردو داں طبقہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مسٹر محمد علی شبیر نے اردو زبان کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل اور کمیٹی کی سفارشات پر مؤثر عمل آوری کا حکومت سے مطالبہ کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں