حیدرآباد ٹیچر - جوبلی نمبر 1937 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-09-05

حیدرآباد ٹیچر - جوبلی نمبر 1937 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

hyderabad-teacher-jubilee-number-1937

یومِ اساتذہ کے موقع پر سابق ریاست حیدرآباد (دکن) سے، اساتذہ کے لیے جاری ایک ذولسانی (اردو / انگریزی) رسالہ کا خصوصی شمارہ (جوبلی نمبر) پیش خدمت ہے۔ یہ رسالہ 1926ء میں انجمن اساتذہ بلدہ حیدرآباد کی جانب سے جاری ہوا تھا جس کا نام "حیدرآباد ٹیچر" تھا اور جس میں صرف تعلیم سے متعلق مضامین ہی شائع ہوا کرتے تھے۔ اس کے مقاصد میں درج ذیل امور شامل رہے تھے:
1) طبقہ اساتذہ کے احساس معلمی کو بیدار کرنا
2) طبقہ اساتذہ کے مخصوص انفرادی تجربات تعلیمی کو شائع کرنا
3) فنِ تعلیم پر نفسیاتی حیثیت سے نقد و نظر
4) انجمن اساتذہ کے مفید مقاصد و اغراض کو ملک کے طول و عرض میں مکمل طور پر پھیلانا۔


"حیدرآباد ٹیچر" کے متذکرہ "سلور جوبلی نمبر" (فروری 1937ء) کے اداریہ بعنوان "افتتاحیہ" میں مدیر رسالہ سید علی اکبر لکھتے ہیں ۔۔۔

حضرت ظل سبحانی سلطان العلوم نواب میر عثمان علی خاں بہادر آصفِ سابع شہر یار دکن 1911ء میں سریر آرائے اورنگِ حکومت ہوئے اور اس موقع پر ایک سپاس نامے کا جواب دیتے ہوئے ظل اللہ نے ارشاد فرمایا تھا کہ:
"ہر طرح میں اپنی عزیز رعایا کی فلاح و بہبود کے لیے ممکنہ کوشش کروں گا"


آج جبکہ ان کی مسند نشینی کے 25 سال گذر چکے ہیں اور ہم نمک خواراں و خیر طلبان کے دل خوشی سے معمور ہیں۔ ان آنکھوں نے نطق ہمایونی کو حرف بحرف پورا ہوتے دیکھ لیا۔ اس دورِ مبارک کی ترقی نہ صرف عہدِ آفریں بلکہ محیر العقول ہے۔ سلطان العلوم نے نے اپنی عزیز رعایا کی ہر جہتی سود و بہبود کے لیے جو کچھ کیا اس کا حصر اس رسالہ میں ممکن نہیں بلکہ ایک دفتر کا محتاج ہے۔ ویسے تو اس ابرِ کرم سے ہر چھوٹا بڑا سر رشتہ سیراب ہوا مگر اس نے سررشتہ تعلیمات میں ابر نیساں کا کام کیا۔ معارف پرور شاہ ذی جاہ کی ادنیٰ توجہات سے جو ترقی اس سررشتہ میں ہوئی اسے نشاۃ ثانیہ کہا جائے تو بجا ہے جس پر ابنائے ملک جس قدر بھی فخر و ناز کریں کم ہے۔
ممالک محروسہ سرکار عالی میں 1910ء میں جملہ مدارس (1036) تھے جن سے صرف (66,484) طلبا استفادہ کر رہے تھے۔ بخلاف اس کے 1935ء میں مدارس کی تعداد (4746) تک پہنچ گئی جن میں (3,53,582) طلبا زیر تعلیم ہیں۔ مسند نشینی کے وقت تعلیمی اخراجات صرف 14 لاکھ تھے مگر اب ایک کروڑ سے زائد ہیں۔ اس وقت اگر مدرسہ جانے والی آبادی کا تناسب 5 فیصد تھا تو اب 18 فیصد یعنی تقریباً چوگنا ہے۔
صرف ذکور کی آبادی کے اعداد دیکھے جائیں تو وہ اور بھی حیرت انگیز ہیں۔ 1910ء میں اس کا تناسب 5.9 تھا تو اب چھ گنا یعنی 30 فیصد ہے۔ ان سب ہمہ جہتی ترقیوں کے علاوہ وہ عظیم الشان کارنامہ جو رہتی دنیا تک یادگار رہے گا اور جس نے تنِ بےجان میں روح پھونک دی اور جسم نامی بخشا وہ 'جامعہ عثمانیہ' کا قیام ہے۔ مبصرین اور ماہرین جو لارڈ میکالے کے فرسودہ ڈگر پر چل رہے تھے اور ہمارے اقدام کو شبہ کی نظر سے دیکھنے اور مذاق اڑانے میں بھی کمی نہیں کرتے تھے، جامعہ کے حوصلہ افزا نتائج، غیر معمولی ترقی اور ذخیرۂ ادب کی فراوانی دیکھ کر انگشت بدنداں ہیں۔ اب تو تمام اقطاع ہند میں یہی چرچا ہے کہ مادری زبان کے ذریعہ تعلیم ہو۔


اس مبارک دور کے آخری نصف حصہ میں متعدد علمی، ادبی، زراعتی اور تاریخی رسالے وغیرہ معرض وجود میں آئے لیکن زمانے کی ستم ظریفی اور بدمذاقی کے باعث ختم ہو گئے۔ اسی زمانے میں "حیدرآباد ٹیچر" نے بھی جنم لیا۔ اور بحمدللہ اپنی زندگی کے گیارہ (11) سال پورے کر لیے۔ اس مدت میں خالص فنی اور نفسیاتی مضامین نیز اساتذہ کے تجربات معلمی کو شائع کر کے رسالہ نے ملک کی جو خدمت انجام دی ہے وہ ناظرین سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انجمن اساتذہ مستقر بلدہ کے مقاصد کی نشر و اشاعت اور اساتذہ کے احساس معلمی کو بیدار کرنے میں جو کچھ کامیابی اسے نصیب ہوئی اس کا اندازہ ہر شخص بخوبی کر سکتا ہے۔ غرض کہ جس قدر بھی چہل پہل اور گرم بازاری ہم دیکھ رہے ہیں وہ حضرت سلطان العلوم کے علمی تبحر اور کمال ادبی ذوق کے برکات کا نتیجہ ہے۔


رسالہ "حیدرآباد ٹیچر" کا شمارہ فروری-1937 جو کہ بطور "جوبلی نمبر" شائع کیا گیا تھا، قارئین کی خدمت میں بشکل پی۔ڈی۔ایف فائل پیش ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 7 میگابائٹس ہے۔ سو صفحات اردو مضامین پر اور باقی صفحات انگریزی مضامین پر مشتمل ہیں۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔



***
نام رسالہ: حیدرآباد ٹیچر، جوبلی نمبر (حیدرآباد دکن) - فروری 1937ء
مدیر : سید علی اکبر
تعداد صفحات: 164
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 7 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Hyderabad Teacher Jubilee Number 1937.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

حیدرآباد ٹیچر - جوبلی نمبر 1937 :: فہرست
نمبر شمارتحریرقلمکار
1نظم بتقریب سلور جوبلی مبارکاظہر، اجلال، فاضل، تدبیر و طلعت
2افتتاحیہ.
3عہد عثمانی اور اردو کا قران السعدینمولوی سعید الدین خاں
4تعلیمات سلطنت آصفیہ کی ابتدائی تاریخمولوی نصیر الدین ہاشمی
5عہد عثمانی میں صنعتی اور سائنس سے متعلق ترقیاںمولوی عبدالحکیم صاحب
6دور عثمانیمولوی عبدالمجید صدیقی
7عہد عثمانی میں اردو ادب کی ترقیمولوی عبدالقادر سروری
8انجمن اساتذہ مستقر بلدہ کی تاریخ پر طائرانہ نظرمولوی ضیاء الدین بیگ
9قطعہ تاریخ حیدرآباد ٹیچر جوبلی نمبرمولوی دلدار حسین صاحب اظہر
انگریزی سیکشن
10Our Benign RulerK. M. Yusufuddin
11Presidential AddressH.H Princess Durru Shevar of Berar
12Educational progress under Asaf Jah VIISyed Ali Akbar
13Dominion Scout RallySyed Mohammed Hadi
14Silver Jubilee Educational Exhibition.
15Hyderabad Teachers Association, a retrospectG. A. Chandawarkar
16Editorial Notes.
17Reviews.

Hyderabad Teacher Jubilee Number, Feb. 1937, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں