شیشہ و تیشہ - شاہد صدیقی کے مزاحیہ کالم - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-09-22

شیشہ و تیشہ - شاہد صدیقی کے مزاحیہ کالم - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

sheesha-o-teesha-shahid-siddiqui

تمام عمر ترا انتظار کر لیں گے
مگر یہ رنج رہے گا کہ زندگی کم ہے


شاہد صدیقی (پیدائش: 1911ء، آگرہ - وفات: 31/جولائی 1962ء، حیدرآباد)
مذکورہ بالا مشہور شعر کے خالق ہیں جن کا اصل نام عبدالمتین صدیقی تھا۔ ان کی ابتدائی تعلیم قدیم مکتبی انداز میں عربی اور فارسی میں ہوئی تھی۔ والد کے انتقال کے بعد تعلیمی سلسلہ ختم کر کے 1932ء میں حیدرآباد آئے اور یہیں کے ہو رہے۔ شاعری ، نثر نگاری اور صحافت کا شوق ابتدا سے ہی تھا۔ لہذا ہفت روزہ اخبار "الاعظم" اور قاضی عبدالغفار کے اخبار "پیام" میں کام کیا۔ بعد ازاں احمد عارف کے اخبار "صبح دکن" کے شریک مدیر بن کر اس کے بند ہونے تک اداریہ اور کالم بعنوان "تجلیات" لکھتے رہے۔ وہ ترقی پسند شاعر تھے مگر عام ترقی پسندوں کی طرح انھوں نے اپنی شاعری کو انقلابی اور جوشیلی شاعری تک ہی محدود نہیں رکھا۔ چونکہ وہ تہذیب و ثقافت اور روایتی اقدار کے شیدائی تھے یہی وجہ ہے کہ اخلاقی اقدار، ادبی روایات کی پاسداری اور ہندوستانی تہذیب و ثقافت کی جھلک ان کی شاعری میں نمایاں طورپر دیکھنے کو ملتی ہے۔
شاہد صدیقی نے شاعری کے ساتھ طنز و مزاح نگاری میں نمایاں شہرت حاصل کی تھی طنز و مزاح پر مشتمل ان کے مضامین روزنامہ سیاست (حیدرآباد) میں نہایت پابندی کے ساتھ شائع ہوتے تھے۔ 'کوہکن' کے فرضی نام سے وہ 'سیاست' کا طنز و مزاح کا کالم 'شیشہ و تیشہ' برسوں لکھتے رہے۔
شاہد صدیقی کے تحریر کردہ کالموں کو "شیشہ و تیشہ" کے عنوان سے پہلی بار ممتاز مزاح نگار مجتبیٰ حسین نے ترتیب دیا اور اس کی اشاعت ساہتیہ اکادمی آندھرا پردیش کے زیر اہتمام 1964 میں عمل میں آئی تھی۔
یہی کتاب طنز و مزاح کے شائق قارئین کی خدمت میں تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش ہے۔ 235 صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 8 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


شاہد صدیقی کا صرف ایک ہی شعری مجموعہ شائع ہو سکا ان کی غزلوں کا مجموعہ "چراغِ منزل" کے نام سے انجمن ترقی اردو حیدرآباد آندھرا پردیش کے زیر اہتمام فروری 1960 میں انتخاب پریس حیدرآباد سے شائع ہوکر منظر عام پر آیا ، جو 96 صفحات پر مشتمل ہے۔
اس مجموعے کے آغاز میں "ناشر کی طرف سے" کے زیر عنوان حبیب الرحمن معتمد انجمن ترقی اردو حیدرآباد کا ایک صفحہ پر مشتمل نوٹ شامل ہے ،جس میں اس مجموعے کی اشاعت پر انھوں نے مسرت کااظہار کیا ہے اور جگر مرادآبادی نے شاہد صدیقی کی شاعری پر نہایت عالمانہ مضمون سپرد قلم کیا ہے اور ان کی شاعری کی مختلف جہتوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔
شاہد صدیقی کو انھوں نے ریاکاری اور تصنع سے پاک انسان قرار دیا ہے نہایت شریف النفس ، مخلص ، خوددار اور وضعدار گردانا ہے لیکن ان کی شاعری کے حوالے سے جو باتیں لکھی ہیں ، اس کا ایک اقتباس ہے ۔۔۔
"شاہد صدیقی کا سب سے بڑا کمال شاعری ہے ، جس کے لئے انھوں نے اپنی زندگی اور دماغی صلاحیت وقف کررکھی تھی یوں تو ان کا خمیر اسی خاک پاک سے تیار ہوا ہے جسے جغرافیہ اور تاریخ میں اکبر آباد یا آگرہ کہا جاتا ہے اور جس نے میر ، غالب اور سیماب کو جنم دیا لیکن 25 سالہ مشق سخن نے ان کی صلاحیت شعری میں ایسی پختگی اور موزونیت پیدا کردی ہے ، جو بہت کم لوگوں کو حاصل ہوا کرتی ہے موزوں طبیعت ، تخلیقی دماغ اور زندہ دلی نے ان کی شاعری کو زندہ شاعری بنا رکھاہے یہ نہ مبالغہ ہے نہ رنگ آمیزی ایک حقیقت ہے جس کے گواہ ہزاروں لاکھوں دل و دماغ ہیں"۔


شاہد صدیقی کا ایک ضرب المثل شعر ایسا ہے جس میں نئی فکر ، نیا زاویۂ نگاہ اور نیا آفاق پیش کیا گیا ہے، جدید اردو شاعری میں اس کی مثال شاید ہی مل سکے
؎
ایک پل کے رُکنے سے دور ہوگئی منزل
صرف ہم نہیں چلتے راستے بھی چلتے ہیں


زیر نظر کتاب "شیشہ و تیشہ" کے حصۂ نظم میں ایک مزاحیہ نظم، شاہد صدیقی نے اس عرض کے ساتھ پیش کی ہے:
(آج کل ایک خاص قسم کی نظم چل پڑی ہے، نمونہ ملاحظہ ہو ۔۔۔)


رات ہوئی ہے / سو جانے دو
صبح کو اٹھ کر / گھر جائیں گے
مرغی انڈا / انڈا مرغی
شامِ بہاراں / دال روٹی
صبحِ قیامت / اللہ اللہ
ساون آیا / بھادوں لایا
نرم پھواریں / بلبل کوکی
کوئل بولی / ریچھ کا بچہ
اے غمِ جاناں / اے غمِ دوراں
دھوم مچاؤ / بیگن کھاؤ
عشق بلا ہے / حسن روا ہے
گڑبڑ جھالا / سوزِ تمنا
بھاگ یہاں سے / الّو کے پٹھے!!


***
نام کتاب: شیشہ و تیشہ (مزاحیہ کالم)
مصنف: شاہد صدیقی ، مرتب: مجتبیٰ حسین
ناشر: آندھرا پردیش ساہتیہ اکیڈیمی، حیدرآباد (سن اشاعت: مارچ 1964ء)
تعداد صفحات: 235
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Sheesha O Teesha by Shahid Siddiqui.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست مضامین
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر

Sheesha O Teesha, humorous Columns by Shahid Siddiqui, urdu pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں