ھما کا شمار ہندوستان کے ان چند قدیم اور مقبول عام اردو ڈائجسٹوں میں ہوتا ہے جس نے ہر مزاج کے قارئین کے درمیان اپنی شناخت قائم کی ہے۔ 1964 میں اپنی اشاعت کا آغاز کرنے والا یہ ڈائجسٹ آج بھی جاری ہے۔ ماضی میں اس ڈائجسٹ نے متعدد منفرد و مفید موضوعات پر خاص نمبر شائع کیے تھے جن میں سے ایک خصوصی شمارہ فروری 1979ء میں "آپ بیتی نمبر" کے بطور شائع کیا گیا۔
برصغیر ہند و پاک کے علاوہ بعض دوسرے ممالک کی اہم شخصیات کی آپ بیتیاں اس نمبر میں شامل ہیں۔ یہ آپ بیتیاں زیادہ تر متعلقہ شخصیت کی خود نوشت سوانح حیات اور تقریروں سے ماخوذ ہیں اور بعض مستند ریکارڈوں کو سامنے رکھ کر ترتیب دی گئی ہیں۔ ان شخصیات میں جہاں بہادر شاہ ظفر، مہاتما گاندھی، محمد علی جناح، ابوالکلام آزاد، سرسید احمد خاں، جواہر لال نہرو، مولانا محمد علی جوہر، ذوالفقار علی بھٹو، مرارجی دیسائی، خان عبدالغفار خان شامل ہیں وہیں محمد علی کلے، کرنل قذافی، موشے دایان، انور سادات، یاسرعرفات، لیلی خالد، شاہ فیصل اور کرنل ناصر بھی موجود ہیں۔
آپ بیتی، سوانح حیات یا خودنوشت میں دلچسپی رکھنے والے قارئین کے لیے تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں "ھما" کا یہ خاص شمارہ پیش خدمت ہے۔ تقریباً تین سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم 19 میگابائٹس ہے۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
اس خصوصی شمارے کے اداریے (بعنوان: 151 ویں منزل) میں مدیر رسالہ لکھتے ہیں ۔۔۔
اردو ڈائجسٹ "ھما" کا سالنامہ 1979ء "آپ بیتی نمبر" کی شکل میں آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ اپنی بساط اور وسائل کے مطابق بھرپور کوشش کی گئی ہے کہ برصغیر ہند و پاک کے علاوہ بعض دوسرے ممالک کی اہم شخصیتوں کی آپ بیتیاں بھی اس نمبر میں شامل ہوں۔ چنانچہ یہ آپ بیتیاں جو ہزاروں صفحات پر بکھری ہوئی تھیں ان میں سے خاص، اہم اور دلچسپ واقعات کا انتخاب اور تلخیص کر کے ہم نے اپنے ان محدود صفحات میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ جن شخصیتوں کی آپ بیتیان اس نمبر میں شامل ہیں وہ کسی نہ کسی اعتبار سے عالمی شہرت کی مالک ہیں۔ ان کے مطالعہ سے آپ کو مختلف قوم اور ملک سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں، فنکاروں اور اہم شخصیتوں کے خیالات، نظریات، مشاغل اور دلچسپیوں کا پتا چل سکے گا۔ کچھ ایسے تاریخی حقائق بھی آپ کے سامنے آئیں گے جن پر اسرار کے پردے پڑے ہوئے تھے۔ اور بعض حیرت انگیز اور دلچسپ انکشافات سے آپ یقیناً چونک بھی اٹھیں گے۔
یہ آپ بیتیاں زیادہ تر متعلقہ شخصیت کی خودنوشت سوانح حیات اور تقریروں سے ماخوذ ہیں اور بعض مستند ریکارڈس کو سامنے رکھ کر ترتیب دی گئی ہیں۔ جس میں ہم نے اپنی طرف سے کسی قسم کی ترمیم یا اضافہ نہیں کیا ہے۔
ایک بات اور عرض کر دیں کہ ان آپ بیتیوں میں جن لوگوں نے اپنے خیالات اور نظریات پیش کیے ہیں، ان سے ہمیں کوئی بحث نہیں۔ یہ ان کے اپنے نظریات ہیں۔ ہم ان سے اتفاق یا اختلاف کیے بغیر جوں کی توں آپ کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ آپ خود اندازہ کریں گے کہ کس قدر جستجو اور چھان بین کے بعد ہم اس لائق ہو سکے ہیں کہ یہ ضخیم نمبر آپ کی خدمت میں پیش کریں۔ اردو میں اس سے پہلے کبھی ایک ساتھ ایسی آپ بیتیاں نہیں پیش کی گئی تھیں۔
- عبدالوحید صدیقی
***
نام رسالہ: ھما ڈائجسٹ دہلی - (آپ بیتی نمبر) فروری 1979
جلد: 15 ، شمارہ: 151 - مدیر: عبدالوحید صدیقی
تعداد صفحات: 325
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 19 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Huma Aap-Beeti Number_Feb-1979.pdf
فہرست | |||
---|---|---|---|
نمبر شمار | عنوان | تخلیق کار | صفحہ نمبر |
الف | ھما کے بال و پر | فہرست | 3 |
ب | اداریہ | عبدالوحید صدیقی (مدیر) | 7 |
1 | میرے شب و روز | ذوالفقار علی بھٹو | 8 |
2 | جب میں اسرائیلی جہاز کو ہائی جیک کرتے ہوئے گرفتار ہوئی | لیلی خالد | 13 |
3 | میں نے غلاموں کو آزاد کرنے کا فرمان جاری کیا | شاہ فیصل | 17 |
4 | میں وزارت کا کبھی بھوکا نہیں تھا | لیاقت علی خاں | 22 |
5 | میں نے سردار پٹیل کی غلامی قبول نہیں کی | مرارجی دیسائی | 24 |
6 | فلسطین کی بازیابی کیونکر ہو | یاسرعرفات | 37 |
7 | ہم انقلاب کیوں اور کیسے لائے؟ | معمر قذافی | 42 |
8 | قاعد اعظم محمد علی جناح | محمد علی جناح | 48 |
9 | مولانا محمد علی جوہر کی کہانی خود ان کی زبانی | مولانا محمد علی جوہر | 54 |
10 | اور فلسطین جل رہا تھا | جارج حبش | 59 |
11 | جب میں موت کے منہ میں تھا | محمد علی کلے | 64 |
12 | میں نے فوجی پیراہن جوتوں سے مسل کر رکھ دیا | جمال عبدالناصر | 73 |
13 | مصدق جیسے باغی کو میں نے سولی پر نہیں چڑھایا | محمد رضا پہلوی | 78 |
14 | عرب کیسے ہارے - اسرائیل کیونکر جیتا | موشے دایان | 85 |
15 | پانچ پیر کی گائے | مہاتما گاندھی | 118 |
16 | میں نے انگریزوں سے صلح کرنے سے انکار کر دیا | خان عبدالغفار خان | 141 |
17 | اسٹالن پچیس لاکھ پارٹی ممبروں کا قاتل تھا | خروشچیف | 146 |
18 | سر سید احمد خاں | سر سید احمد خاں | 153 |
19 | پھر ایسی باتیں نہ سنیے گا | غوث علی شاہ قلندر | 175 |
20 | وہ لمحے : جب میرے پیارے بیٹے کا کٹا ہوا سر مجھے پیش کیا گیا | بہادر شاہ ظفر | 195 |
21 | پوچھتے ہیں وہ کہ غالب کون ہے؟ | مرزا غالب | 207 |
22 | غدر کا زمانہ | ڈپٹی نذیر احمد | 209 |
23 | قصہ ایک جن کا | نواب سرورالملک آغا مرزا دہلوی | 213 |
24 | فسانۂ عجائب | رجب علی بیگ سرور | 220 |
25 | سلطنت آصفیہ کے دلچسپ واقعات | عبدالمجید قریشی | 221 |
26 | اردو زبان کی کہانی - بزرگوں کی زبانی | میرامن دہلوی | 226 |
27 | کوئے یار سے سوئے دار تک | مولانا حسین احمد مدنی | 229 |
28 | مشرقی اور مغربی پاکستان کا اتحاد نظر فریب ہے | مولانا ابوالکلام آزاد | 235 |
29 | میں بلندی سے گرتے گرتے بچا | پنڈت جواہر لال نہرو | 245 |
30 | میں پاکستان کیوں گیا؟ | جوش ملیح آبادی | 253 |
31 | دیسی ریاستوں میں اندھیر نگری | دیوان سنگھ مفتون | 265 |
32 | دربار قیصری | ریاض خیر آبادی | 274 |
33 | میری سرگزشت | میر تقی میر | 278 |
34 | نوابوں کے دربار | ہوش بلگرامی | 284 |
35 | بیس برس کی خفیہ ڈائری | البرٹ | 292 |
36 | مشہور شکاری ڈیوت کی آپ بیتی | ڈیوت | 300 |
37 | ہم اسرائیل سے لڑے | انور سادات | 303 |
38 | دھماکہ (سیاسی فکشن : 13 ویں قسط) | پال آر ڈی مین (تلخیص: کبیر کوثر) | 318 |
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں