ادب اطفال کے تحت
معروف و مقبول ادیب سراج انور (مرحوم) کے تحریر کردہ چار (4) ناول ہیں:
- خوفناک جزیرہ (سن اشاعت: 1969 ، صفحات:248)
- کالی دنیا (سن اشاعت: 1972 ، صفحات:448)
- نیلی دنیا (سن اشاعت: نامعلوم ، صفحات:404)
- دوڑتا جنگل (سن اشاعت: 1986 ، صفحات:648)
اولین ناول "خوفناک جزیرہ" جملہ 24 اقساط میں تعمیرنیوز پر پیش کیا جا چکا ہے۔ تمام قسطیں یہاں اس لنک کے ذریعے ملاحظہ کی جا سکتی ہیں:
ناول خوفناک جزیرہ (از: سراج انور) - 24 قسطیں
اسی طرح سراج انور کا دوسرا مہماتی ناول "کالی دنیا" جملہ 20 اقساط میں تعمیرنیوز پر پیش کیا جا چکا ہے۔ تمام قسطیں یہاں اس لنک کے ذریعے ملاحظہ کی جا سکتی ہیں:
ناول کالی دنیا (از: سراج انور) - 20 قسطیں
جیسا کہ ناول 'کالی دنیا' کی آخری قسط میں وعدہ کیا گیا تھا کہ تیسرا ناول "نیلی دنیا" بھی جلد پیش کیا جائے گا۔
سو اس تیسرے ناول "نیلی دنیا" کا تعارف سب سے پہلے پیش خدمت ہے۔
واضح رہے کہ یہ ناول بھی تقریباً 20 اقساط میں مکمل کیا جائے گا۔
ناول : نیلی دنیا
نوابزادہ فیروز کے خوفناک، بھیانک اور مہماتی سفرناموں کے سلسلے کی پہلی طویل داستان "خوفناک جزیرہ" تھی جو ایک طویل سمندری سفر پر محیط تھی جس میں فیروز نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ قدم قدم پر ہزاروں مصیبتیں جھیلیں' طوفانوں سے لڑا اور لاتعداد خطروں کا مقابلہ کرتے ہوئے بالآخر اپنے منزل مقصود کو پہنچا۔
اسی طرح دوسری داستاں "کالی دنیا" دراصل زمین سے کئی ہزار فٹ نیچے پاتال کا خوفناک اور دل دہلا دینے والا طویل سفر تھا جس میں فیروز کی ٹیم کے ساتھ خود اس کی اپنی اولاد نجمہ اور اختر بھی شامل رہے۔ اس سفر میں وہ ایسے آدم خوروں کے چنگل میں پھنسے جو انسان کو کچا کھا جاتے تھے۔ پھر انہوں نے ایک فٹ کے بونوں کا زمین دوز شہر دیکھا، پھر ان کا مقابلہ خونی چمگادڑوں، زندہ درخت اور کئی سو فٹ لمبے گرگٹ سے ہوا اور جو ایک بار خود بھی محض ڈھائی انچ کے رہ گئے۔ بالآخر یہ سفر بھی کامیاب رہا اور وہ تمام مصیبتیں جھیلنے کے بعد سرخ رو ہو کر اپنی حسین اور پیاری زمین پر لوٹ آئے۔
فیروز اور اس کی مخصوص ٹیم کی یہ تیسری داستاں دراصل خلا کے سفر کی کہانی ہے۔
فیروز اور اس کے ساتھی جان، جیک، سوامی اور اختر زمین سے لاکھوں میل دور اوپر خلا میں جاتے ہیں اور وہاں خوفناک بلاؤں، عجیب قسم کے انسان نما جانداروں اور خونخوار درندوں سے مقابلہ کرنے کے بعد اچانک پلاسٹک کی بنی ہوئی ایک مربع سنٹی میٹر کی دنیا میں قید کر دئے جاتے ہیں۔
کیا وہ اس مختصر دنیا سے رہا ہو کر اپنی اصلی جسامت میں واپس لوٹ سکے؟ اور کیا وہ تمام لوگ بحفاظت خلا کی اس خوفناک مہم سے نبرد آزما ہونے کے بعد کامیابی کے ساتھ اپنی زمین پر لوٹ آئے؟
یہ سب جاننے کے لیے اس دلچسپ ناول کا مطالعہ ضروری ہے۔
Novel "Neeli Dunya" by: Siraj Anwar - episode:0
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں