تہ خانہ - افسانے از واجدہ تبسم - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-06-08

تہ خانہ - افسانے از واجدہ تبسم - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

tahkhana-wajida-tabassum

واجدہ تبسم (پیدائش: 16/مارچ 1935، امراوتی، مہارشٹرا - وفات: 7/دسمبر 2011 ، ممبئی)
ہندوستان کی ایک ایسی مقبول اردو ادیب اور شاعرہ رہی ہیں جن کے زیادہ تر افسانے مشرقی سماج میں عورت کے جنسی، نفسیاتی اور سماجی مسائل کو پیش کرنے کے لیے معروف سمجھے جاتے ہیں۔
واجدہ تبسم کے خود کے طباعتی ادارہ سے شائع ہونے والی پہلی کتاب گو کہ "شہرِ ممنوع" (سن اشاعت: 1978ء) تھی، مگر اس کتاب سے قبل ان کے 8 افسانوں کا ایک مجموعہ "تہ خانہ" کے عنوان سے الہ آباد کے "مکتبہ فسانہ" نے 1968ء میں شائع کیا تھا۔ اسی پہلی تصنیف میں ان کی مختصر خودنوشت (24 صفحات) بعنوان "میری کہانی" بھی شامل رہی ہے۔ (جس کے چند اقتباسات نیچے ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں)۔
کتاب "تہ خانہ" تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 7 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس کتاب کی پہلی تحریر "میری کہانی" میں واجدہ تبسم لکھتی ہیں ۔۔۔

"میری کہانی" لکھنے سے قبل میری آنکھوں کے سامنے داغ کا یہ مصرعہ تھا:
شرکتِ غم بھی نہیں چاہتی غیرت میری!
میں نے بہت سوچا۔ بہت سوچا کہ مجھے اپنے حالاتِ زندگی لکھنے چاہئیں یا نہیں؟ کیا اس طرح کچھ کھو دینے کا امکان پیدا ہوتا ہے؟ یا کچھ ملتا بھی ہے؟ کچھ بھی ہو، میں نے سوچا:
"کچھ نہ کچھ تو لکھنا ہی ہے اب"
اور جہاں تک "شرکتِ غم" کا سوال ہے، میں نے اپنے دکھڑے اس لیے نہیں روئے ہیں کہ کسی کو اپنے غم میں شریک کروں کیونکہ اب تو غم صرف ماضی بن گیا ہے۔ اور مجھے تو اس غم کی روداد بس یوں سنانی تھی کہ آپ نے میری افسانہ نگاری کے بارے میں پوچھا تھا۔ اسی لیے میں اپنے یہ مختصر سے حالاتِ زندگی سنا کر ذرا بھی شرمندہ نہیں ہوں۔
کئی کئی بار مجھ سے میرے حالاتِ زندگی جاننے کی فرمائش کی گئی۔ اس جذبے کی تلاش اور جستجو کی گئی جو میری افسانہ نگاری کا محرک بنا۔ ہمیشہ تو ٹالتی گئی، سوچتی ہوں آج موقع آیا ہے تو کہتی ہی چلوں۔ پھر آپ میں سے جو مجھے بزدل کہہ رہے ہیں خود ہی فیصلہ کریں گے کہ حق پر کون تھا؟

یہ بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے ۔۔۔
زخمِ دل اور مہک اور مہک (واجدہ تبسم کے افسانے)
پھول کھلنے دو - افسانے از واجدہ تبسم
بند دروازے - بچوں کی کہانیاں از واجدہ تبسم - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

اپنی چھاچھ کو کوئی گوالن کھٹا نہیں کہتی۔ مگر میں وہ بےرحم نقاد ہوں جو کبھی جانبداری سے کام نہیں لیتا۔ پھر میں آپ کے سامنے یہ کیوں کہوں کہ میرا ماحول میرے لیے بڑا سازگار تھا؟ اگر میں یہ جھوٹ کہہ بھی دوں تو میری کہانیاں چغلی کھا دیں گی۔ پھر میں سچائی سے کام کیوں نہ لوں؟
میرا گھرانا سیدوں کا وہ گھرانا تھا (جی ہاں، صیغۂ ماضی، کیونکہ اب تو ہم نے بقول کسے "فارورڈ" ہو کر بزرگوں کی ناک کٹا ڈالی ہے) جہاں پردے کی سخت قید و بند تھی اور لڑکیوں کی کسی قسم کی آزادی کا تصور ہی ناممکن تھا۔ حد یہ ہے کہ میرے پپا نے ہم بہنوں کو اسی لیے اسکول میں داخل نہ کروایا کہ "لڑکیاں اسکولوں میں پڑھ لکھ کر آوارہ ہو جاتی ہیں"۔
تین سال کی عمر میں جب ہمارے سروں سے ماں اور باپ دونوں کا سایہ اٹھ گیا تو پھر چچا نے نانی اماں سے بڑی منتیں کیں اور یوں ہمیں اسکول میں داخلہ مل گیا۔
بات یہیں پر ختم نہیں ہو جاتی کیونکہ اس طرح تو ہماری نگرانی کی اور زیادہ ضرورت تھی (کیا پتا ہم کب پڑھ لکھ کر آوارہ ہو جاتے) اور وہ حسبِ ضرورت کی بھی جاتی تھی۔ ۔۔۔ ان دنوں ہمارے ہاں بہت سارے رسالے آیا کرتے تھے۔ 'شمع' سے لے کر جمالستان، آریہ ورت اور کامیاب تک۔ اور اسی قسم کے اور کئی دوسرے پرچے۔ میں ہر پرچہ الف سے لے کر یے تک چاٹ جایا کرتی۔ جنوں یہیں پر ختم نہیں تھا۔ گھر کا ماہانہ سودا سلف جن کاغذوں میں، رسالوں کے پھٹے ہوئے صفحوں میں بند ہو کر آتا تھا وہ میرے لیے سب سے بڑی دلچسپی تھے۔ میں وہ سارے کاغذ سمیت کر کونے میں جا بیٹھتی اور ہر ادھورا اور مکمل مضمون پڑھ ڈالتی۔ میرا دل چاہا کرتا ساری دنیا کا علم گھول کر پی جاؤں۔ ان دنوں میں چوتھی یا پانچویں میں پڑھتی تھی اور علم کا کوئی واضح تصور اپنے ذہن میں نہ رکھتی تھی۔ یوں کہیے ہر تحریر پڑھ جانے کی دل میں تمنا رکھتی تھی۔ چاہے وہ کیسی ہی گری پڑی کیوں نہ ہوتی۔
- واجدہ تبسم
(29/دسمبر 1959۔ حیدرآباد دکن)

یہ بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے ۔۔۔
اترن (حیدرآبادی ماحول پر لکھی گئیں واجدہ تبسم کی 15 کہانیاں)
نتھ کی عزت (حیدرآبادی معاشرے کی طوائف کی زندگی پر مبنی ناول)
ساتواں پھیرا (ناول)

***
نام کتاب: تہ خانہ (افسانے)
مصنف: واجدہ تبسم
طباعت: مکتبہ فسانہ، الہ آباد (سن اشاعت: 1968ء)
تعداد صفحات: 190
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 7 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Tahkhana by Wajida Tabassum.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست افسانے
نمبر شمارتخلیقصفحہ نمبر
الفمیری کہانی9
1تہ خانہ33
2ساتواں شہزادہ55
3فاختہ79
4سہاگن91
5عیدی115
6شہرِ ممنوع127
7کانچ کا دل153
8اے رودِ موسیٰ171


Tahkhana (short stories), by: Wajida Tabassum, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں