بابری مسجد کی ظالمانہ شہادت کے 28 سال - تجزیہ از معصوم مرادآبادی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-12-06

بابری مسجد کی ظالمانہ شہادت کے 28 سال - تجزیہ از معصوم مرادآبادی

babri-masjid-cruel-martyrdom-28-years
جی ہاں، آج 6 دسمبر ہے۔
آج ہی کے دن اب سے 28 سال پہلے اجودھیا میں بابری مسجد کی ظالمانہ شہادت کا سانحہ پیش آیا تھا۔ وہی بابری مسجد جسے 1528 میں ایک غیر متنازعہ اراضی پر تعمیر کیا گیا اور جسے 22 دسمبر 1949 تک مسلمانوں نے اپنے سجدوں سے منور کیا تھا۔
جی ہاں وہی بابری مسجد 6/دسمبر 1992 کو دن کے اجالے میں شہید کر دی گئی۔ جس وقت نام نہاد کارسیوکوں نے مسجد کو شہید کیا تو وہاں نظم و نسق کی پوری مشینری موجود تھی اور صوبے کے وزیراعلیٰ نے ملک کی سب سے بڑی عدالت میں حلف نامہ داخل کر کے مسجد کے تحفظ کی ذمہ داری بھی لی تھی۔ مگر تمام قانونی تحفظات کے باوجود مسجد کے گنبدوں پر چڑھنے والے کارسیوکوں کو روکا نہیں گیا اور انھوں نے پانچ سو سالہ قدیم تاریخی عبادت گاہ کو زمیں بوس کر دیا۔
جن لوگوں نے بابری مسجد کی شہادت کا پس منظر تیار کیا تھا اور جو نام نہاد کارسیوکوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے موقعہ واردات پر موجود تھے ، ان کے خلاف ملک کی سب سے بڑی تحقیقاتی ایجنسی نے مجرمانہ سازش کا مقدمہ قائم کیا اور ان کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ، مگر افسوس 28 سال کی طویل اور تھکادینے والی عدالتی کارروائی کے بعد ان تمام کلیدی ملزموں کو "باعزت" بری کر دیا گیا۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج نے ان تمام ثبوتوں کو ناکافی قرار دے دیا جو گزشتہ 28/سال سے چیخ چیخ کر ان ملزمان کے سیاہ کار ہونے کا اعلان کر رہے تھے۔
سی بی آئی نے اس معاملے میں اپنے سیاسی آقاؤں کی خوشنودی کے لئے ہر وہ کام کیا جو ان ملزمان کو بچانے کی راہ ہموار کرتا ہو۔ سی بی آئی کی بدنیتی کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ دو ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود اس نے ابھی تک رائے بریلی کی عدالت کے فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج نہیں کیا ہے اور وہ لوگ بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں جنھوں نے اس معاملے میں اعلیٰ عدالتوں کا دروزہ کھٹکھٹانے کے بلند بانگ دعوے کئے تھے۔

بابری مسجد کا معاملہ دراصل اس ملک میں ظلم اور نا انصافی کی ایک ایسی دلخراش داستان ہے جس کی نظیر آپ کو آزاد ہندوستان میں نہیں ملے گی۔ 1949 میں جس وقت بابری مسجد کے اندر زور زبردستی مورتیاں رکھی گئیں تو ملک کی تقسیم کا زخم تازہ تھا اور مسلمان بلاوجہ کے احساس جرم کا شکار تھے۔ ان کے حوصلے ٹوٹے ہوئے تھے اور وہ اپنے منتشر وجود کو سمیٹنے کی کوششیں کر رہے تھے۔ حالانکہ ملک کے سیکولر جمہوری دستور کی قسمیں کھانے والے قومی لیڈروں نے انھیں یقین دلایا تھا کہ اس ملک میں ان کے جمہوری اور دستوری حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا لہٰذا وہ ہر قسم کے احساس کمتری کو دل سے نکال دیں۔
لیکن جب آزادی کے محض دو سال بعد سیکولر جمہوری ہندوستان کو ایودھیا میں سیکولرازم کی پہلی آزمائش سے گزرنا پڑا تو یہی قائدین اپنے قول و قرار پر کھرے نہیں اترے۔ انھوں نے دستور اور قانون کی پاسداری کی بجائے عددی قوت کے آگے سر جھکایا۔ اگر ان کی نیت صاف ہوتی تو اسی وقت مسجد کا تقدس بحال کر دیا گیا ہوتا اور اس مسئلہ کو ناسور بننے کے لئے نہیں چھوڑا گیا ہوتا۔ جن لوگوں نے اس انتہائی خطرناک تنازعہ کو پنپنے کا موقع دیا تھا وہ بعد کے دنوں میں بھی اسے کھاد پانی فراہم کر کے اپنی سیکولر منافقت کا ثبوت دیتے رہے۔ یہ الگ بات ہے کہ دو کشتیوں کی سواری نے انھیں منجدھار میں ڈبو دیا اور آج وہ اپنے سیاسی وجود کو بچانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔

گزشتہ سال نومبر میں بابری مسجد کی اراضی رام مندر کی تعمیر کے لئے ہندو فریق کو سونپے جانے کا فیصلہ ہی کیا کم تھا کہ گزشتہ 30 ستمبر کو سی بی آئی عدالت کے خصوصی جج نے بابری مسجد انہدام سازش کیس کے تمام 32 ملزمان کو یہ کہتے ہوئے بری کردیا کہ ان کے خلاف کوئی حتمی ثبوت موجود نہیں ہے۔
حالانکہ یہ لوگ بابری مسجد کی شہادت کے جرم میں گردن تک ڈوبے ہوئے تھے اور ان کے خلاف ثبوتوں کا اتنا بڑا انبار تھا کہ شاید ہی کسی معاملے میں اتنے ثبوت کبھی اکٹھا ہو سکیں۔ سی بی آئی جج ایس کے یادو نے جانچ ایجنسی کی طرف سے پیش کئے گئے کسی بھی ثبوت کو ماننے سے انکا ر کیا۔ انھوں نے اپنے فیصلے میں یہاں تک کہا کہ وشو ہندو پریشد کے لیڈر اشوک سنگھل ، عمارت کو بچانا چاہتے تھے کیونکہ اس کے اندر رام کی مورتی موجود تھی۔
جن 32 ملزمان کو بابری مسجد شہادت کیس میں کلین چٹ دی گئی ان میں لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی ، کلیان سنگھ، اوما بھارتی ، ونے کٹیار، سادھوی رتھمبرا اور رام مندر ٹرسٹ کے موجودہ سیکریٹری چمپت رائے شامل تھے۔ ان تمام 32 ملزمان نے خود کو عدالت میں قطعی بے قصور بتایا اور کسی نے بھی اقبال جرم نہیں کیا۔ سبھی نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو ایک سیاسی سازش کا حصہ بتایا اور اس کے لئے اس وقت کی کانگریس سرکار کو مورد الزام ٹھہرایا۔

ملزمان کے دلائل کو بسر و چشم قبول کرتے ہوئے خصوصی عدالت کے جج نے کہا کہ سی بی آئی 32 ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عدالت میں جو ویڈیو ریکارڈنگ پیش کی گئی، اس سے چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے۔ جج نے نشاندہی کی کہ سرکاری وکیل ملزمان کے خلاف کافی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ سی بی آئی نے جو آڈیو، ویڈیو ثبوت دیا، اس کا مستند ہونا ثابت نہیں ہوا۔ ملزمان نے موقع پر جو تقاریر کی تھیں ان کا جو آڈیو عدالت کے سامنے لایا گیا، اس میں آواز واضح نہیں۔ تاہم عدالت نے مسجد کے گنبدوں پر چڑھنے والوں کو سماج دشمن عناصر سے ضرور تشبیہ دی۔
عدالت میں موجود 26 ملزمان نے کہا کہ ان کا ماننا رہا ہے کہ بابری مسجد ڈھانے کی سازش اس وقت کی کانگریس حکومت نے کی تھی۔ سی بی آئی عدالت کے خصوصی جج نے اپنے فیصلے کو مبنی بر انصاف قرار دینے کے باوجود اپنے تحفظ کے لئے سپریم کورٹ تک گہار کیوں لگائی؟
یہ سوال اب بھی جواب کا منتظر ہے۔

بابری مسجد انہدام سازش کیس کی تحقیقات کرنے والے جسٹس منموہن سنگھ لبراہن نے سی بی آئی عدالت کے فیصلے میں سازش کی تھیوری تسلیم نہ کرنے پر روزنامہ "انڈین ایکسپریس" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ :
" میں نے اپنی تحقیقات میں پایا تھا کہ یہ ایک سازش تھی اور مجھے اب بھی اس پر یقین ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرے سامنے پیش کئے گئے تمام شواہد سے یہ واضح تھا کہ بابری مسجد انہدام کا منصوبہ باریکی سے بنایا گیا تھا۔ مجھے یاد ہے کہ اوما بھارتی نے صاف طور پر اس کی ذمہ داری لی تھی۔ انھوں نے کہا کہ یہ کوئی ان دیکھی طاقت نہیں تھی، جس نے مسجد کو منہدم کر دیا۔ یہ کام انسانوں نے کیا تھا۔ لبراہن کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کارسیوکوں کا ہجوم اچانک یا رضاکارانہ نہیں بلکہ منصوبہ بند تھا۔ جسٹس لبراہن نے کہا کہ میرے نتائج صحیح تھے، ایماندارانہ تھے اور خوف یا کسی اور طرح کے تعصب سے پاک تھے۔ یہ ایک ایسی رپورٹ ہے جو آنے والی نسل کو ایمانداری سے بتائے گی کہ کیا ہوا اور کیسے ہوا۔ یہ تاریخ کا حصہ ہوگی۔"

لبراہن کمیشن [Liberhan Commission] نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ:
"اس کارروائی میں تمام قوانین کو سیاسی اختیار حاصل کرنے کے لئے ہدایت دی گئی تھی اور اس طرح سیاسی طور پر مطلوبہ نتائج حاصل کئے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت کی کلیان سنگھ سرکار نے جان بوجھ کر تحریک کے ہیرو اور کارسیوکوں کو ایڈمنسٹریشن چلانے اور ایودھیا و فیض آباد پر حکومت کرنے کی اجازت دی تھی۔
کلیان سنگھ نے انہدام مکمل ہونے تک بار بار فورسز کی خدمات حاصل کرنے سے انکار کیا۔ جب یہ سب کچھ ہو رہا تھا تو تب انھیں واقعات اور ان کے نتائج کا پورا علم تھا اور کسی بھی ٹھوس کارروائی کے لئے ان کی خواہش نہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔
کمیشن نے کہا کہ یہ ایک ایسا معاملہ نہیں تھا، جہاں سرکار ہجوم کے غصے کے خلاف بے بس تھی بلکہ اس کے برعکس یہ ایک قابل رحم اور شرمناک معاملہ تھا، جہاں وزیراعلیٰ اور ان کی سرکار، ان کی پارٹی اور پریوار کے اندر اور باہر بیٹھے ان کے معاونین نے سرگرم ہوکر اس تھوڑی بہت سمجھداری اور عقل و فہم کو ختم کر دیا ، جس سے متنازعہ عمارت کے انہدام یا مستقبل کے فسادات کو روکا جا سکتا تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متنازعہ عمارت کو گنبد کے اوپر سے منہدم کرنا ممکن نہیں تھا۔ کارسیوکوں سے گربھ گرہ میں نہ جانے اور گنبد کو اندر سے نقصان نہ پہنچانے کے لئے کوئی اپیل نہیں کی گئی تھی۔ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ چمپت رائے نے اعلان کیا تھا کہ 6 دسمبر 1992 کو گوریلا طریقہ اپنایا جائے گا۔

بابری مسجد انہدام سازش کیس کی تحقیقات کرنے والے جسٹس منموہن سنگھ لبراہن نے "لبراہن ایودھیا کمیشن" کی جو رپورٹ پیش کی تھی وہ 18 مختلف دستاویزات کی شکل میں حکومت ہند کے مرکزی وزارت داخلہ امور کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ ان دستاویزات کے جملہ صفحات کی تعداد 1040 ہے۔ (یہ تمام دستاویزات نیچے دئے گئے لنک سے پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہیں)۔
لبراہان ایودھیا کمیشن کی تمام دستاویزات (بشکریہ: وزارت داخلہ امور، حکومت ہند)
نمبر شمارعنوانTitleصفحاتحجم (میگابائٹس)ڈاؤن لوڈ فائل
1تعارفIntroduction232.23LAC-Chap-I_3.pdf
2ایودھیا اور اس کا جغرافیہAyodhya and its geography243.06LAC-Chap-II.pdf
3پولیس کا نظمThe police administration131.48LAC-Chap-III.pdf
4واقعات کا تسلسلSequence of events22827.39LAC-Chap-IV.pdf
5انتظامیہThe administration465.88LAC-Chap-V.pdf
6کارسیوکوں کی نقل و حرکتMobilisation of karsevaks496.37LAC-Chap-VI.pdf
7سیکوریٹی کا بندوبست اور ماحولSecurity setup and environment16221.02LAC-Chap-VII.pdf
8حالاتCircumstances9911.57LAC-Chap-VIII.pdf
9تنظیمیں اور ان کے باہمی روابطOrganizations and their inter se links8610.85LAC-Chap-IX.pdf
10عمومی مشترکہ منصوبہ بندیThe joint common enterprise9912.76LAC-Chap-X.pdf
11صدر راجPresident’s rule445.44LAC-Chap-XI.pdf
12سیکولرازمSecularism283.41LAC-Chap-XII.pdf
13میڈیا پر حملہThe assault on the media262.97LAC-Chap-XIII.pdf
14نتائجConclusions495.54LAC-Chap-XIV-B.pdf
15سفارشاتRecommendations202.06LAC-Chap-XV_2.pdf
16پسِ تحریرAfterword192.43LAC-Chap-XVI.pdf
17گواہوں کی فہرستList of witnesses100.9LAC-List-of-Witnesses.pdf
18نقشہ جاتMaps22.47LAC-Maps.pdf
19لبراہان کمیشن انکوائری رپورٹ پر اٹھائے گئے اقداماتAction taken on the report of the liberhan ayodhya commission of inquiry130.1ATR-LibComm2009_4.pdf

***
بشکریہ: معصوم مرادآبادی فیس بک ٹائم لائن
masoom.moradabadi[@]gmail.com
موبائل : 09810780563
معصوم مرادآبادی

28 years of cruel martyrdom of Babri Masjid. - Column: Masoom moradabadi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں