ھدی اسلامی ڈائجسٹ - عظیم اولیا اللہ نمبر اگست-2007 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-08-21

ھدی اسلامی ڈائجسٹ - عظیم اولیا اللہ نمبر اگست-2007 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ


مولانا احمد مصطفی صدیقی راہی (پیدائش: 1930 ، وفات: 6/دسمبر 2015)
اردو صحافت کے ایک ایسے ستون تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملک و ملت ، اسلام اور اردو صحافت کی خدمت کے لیے وقت کر دی تھی۔ وہ مولانا عبدالوحید صدیقی کے سب سے بڑے فرزند اور معروف صحافی شاہد صدیقی کے بڑے بھائی تھے۔ راہی صاحب روزنامہ "نئی دنیا" کے بانی پرنٹر پبلشر تھے۔ اس کے علاوہ ہما اردو ڈائجسٹ، ھدیٰ اسلامی ڈائجسٹ اور ہدف تاریخی ڈائجسٹ کے بانی مدیران میں ان کا شمار ہوتا تھا۔
ھدی اسلامی ڈائجسٹ کے انہوں نے لاتعداد خصوصی نمبر شائع کیے جن میں "عظیم اولیا اللہ نمبر" کے متعدد حصے بھی شامل ہیں۔ ھدیٰ ڈائجسٹ کی اسی سیریز کے چودھویں حصے کا شمارہ (اگست 2007)، دینی مواد اور معلومات کے حصول میں دلچسپی رکھنے والے قارئین کے لیے تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً 400 صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم 25 میگابائٹس ہے۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس خاص نمبر کے اداریہ بعنوان "اپنی باتیں" کے تحت مدیر اعلیٰ احمد مصطفی صدیقی راہی لکھتے ہیں ۔۔۔
اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ھدیٰ کے "عظیم اولیا اللہ نمبر" کا چودہواں حصہ زیورِ طباعت سے آراستہ و پیراستہ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ اس کے لیے ہم اللہ رب العزت کے حضور ایک بار پھر سر بسجود ہیں کہ اس نے ان ضعیف اور ناتواں ہاتھوں سے اس عظیم کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچوایا۔
قارئین کرام! جیسا کہ اولیا اللہ نمبر کے پہلے حصے میں ہم نے عرض کیا تھا کہ صاحب کرامات، باعمل، بلند کردار اور برگزیدہ عظیم خدا دوستوں کی تعداد جنہوں نے دینِ اسلام کی آبیاری کر کے کروڑوں انسانوں کو کفر و ضلالت کے اندھیروں سے نکال کر روشنی دکھائی تھی، ان کی تعداد ان گنت ہے۔ ان حق پرستوں کے تذکرہ کے لیے درجنوں خصوصی شمارے بھی ناکافی ہیں۔ چنانچہ "ھدیٰ" کے تیرہ (13) "عظیم اولیا اللہ نمبر" کے بعد اب چودہواں حصہ بھی اسی کی ایک کڑی ہے اور انشاءاللہ آئیندہ بھی جہاں تک ممکن اور حسب ضرورت مواد فراہم ہوتا رہے گا، تحقیق و جستجو کا یہ سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ چنانچہ اس اولیا اللہ نمبر کے بعد پندرہویں حصہ کی تیاری پر کام شروع ہو چکا ہے اور جلد ہی اس کی اشاعت بھی ممکن ہو جائے گی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں ہماری مدد فرمائے۔
ہمیں اور قارئین کرام کو ان پراسرار خدا رسیدہ مردانِ حق کی پاکیزہ زندگی کے پوشیدہ پہلوؤں کو زیادہ سے زیادہ جاننے اور تحقیق و جستجو جاری رکھنے اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے دائرہ میں رہتے ہوئے، اولیا اللہ کی زندگی سے عمل صالح اور سچا مسلمان بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین
طالبِ دعا ! خاک پائے اولیا اللہ
احمد مصطفیٰ صدیقی راہی

***
نام رسالہ: ھدیٰ اسلامی ڈائجسٹ دہلی - (عظیم اولیا اللہ نمبر، چودھواں حصہ) اگست 2007
مدیر: احمد مصطفی صدیقی راہی
تعداد صفحات: 401
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 25 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Huda_Aug-2007.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:


Huda, Islamic Digest, Aulia-e-Allah special issue: Aug. 2007, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں