ماہنامہ شمع دہلی - دسمبر 1987 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-12-05

ماہنامہ شمع دہلی - دسمبر 1987 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

shama-dec-1987

اپنے دور کے ملک گیر شہرت یافتہ فلمی و ادبی رسالہ "شمع" کے کچھ شمارے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں تعمیرنیوز پر پیش کئے جا چکے ہیں۔
اس دفعہ دسمبر-1987 کے شمارے کی پی۔ڈی۔ایف فائل پیش خدمت ہے۔ اس شمارے کی خصوصیت سنجے دت کی رچا شرما سے نیویارک میں شادی کا تفصیلی ذکر ہے جو 12/اکتوبر 1987 کو بیشمار بالی ووڈ فلمی ستاروں کے جھرمٹ میں انجام پائی تھی۔ (بدقسمتی سے شادی کے دو سال بعد ہی رچا شرما برین ٹیومر کا شکار ہو کر شادی کے نویں سال 1996 میں امریکہ میں ہی انتقال کر گئیں۔ جس کے بعد سنجے دت نے 1998 میں معروف ہندوستانی ماڈل رہا پلائے سے دوسری شادی رچائی جو 2008 میں طلاق پر منتج ہوئی۔ سنجے دت کی تیسری شادی مانیتا عرف دلنواز شیخ سے 2008 میں انجام پائی تھی جو اب ان کی موجودہ شریک حیات ہیں)
48 صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم تقریباً 8 میگابائٹس ہے۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

فلمی کالم "ستاروں کی دنیا" میں مسافر لکھتے ہیں:
لیجیے صاحب، ستاروں کا ملن ہو ہی گیا۔ بمبئی میں پیار کی ڈور سے بندھے یہ دو فلمی ستارے سنجے دت اور رچا شرما امریکہ کے متوالے شہر نیویارک میں 12/اکتوبر کو شادی کی ڈور میں بھی بندھ گئے۔ شادی کی تقریبات دوپہر بارہ بجے کے لگ بھگ نیویارک میں کوئینز کے علاقے فلشنگ کے مندر میں پورے ہندو رسم و رواج کے ساتھ ادا کی گئیں۔
ریتی رواج کے مطابق سنجے دت کی سہرا بندی ہوئی۔ بمبئی سے تین درجن پگڑیاں آئی تھیں جو قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کے سر پر باندھی گئیں۔ ایک بڑا سا مکٹ سنجے دت کے سر پر رکھا گیا جو بمبئی سے ہی آیا تھا۔
12/اکتوبر کو سنجے اور رچا کی شادی کے دن سارے امریکہ میں خوشی کا ماحول تھا، اس روز پورے امریکہ میں کولمبس ڈے کی عام چھٹی ہوتی ہے اس لیے بلائے گئے مہمانوں کے ساتھ ساتھ کچھ بن بلائے ہندوستانی مہمان بھی شریک ہو گئے۔ ان سب کی تعداد لگ بھگ پانچ سو تھی، موسم نے بھی ساتھ دیا جو بےحد خوشگوار تھا۔ یعنی ساتھی ہے خوب صورت یہ موسم کو بھی خبر ہے۔
برات کے آگے آگے امریکن پولیس کی چار گاڑیاں چل رہی تھیں۔ ایسا لگتا تھا جیسے سفید گھوڑی پر کوئی ہندوستانی شہزادہ چلا جا رہا ہے۔ پہلے تو اس علاقے کے امریکی یہ سمجھے کہ شاید کسی ہندوستانی فلم کی شوٹنگ ہو رہی ہے مگر جب انہیں پتا چلا کہ یہ فلم کی شوٹنگ نہیں بلکہ شادی کا اصلی منظر ہے تو سب نے خوب فوٹوگرافی کی، یہ ان کے لیے ایک ایسا نظارہ تھا جسے وہ شاید زندگی بھر نہیں بھول سکیں گے۔

دوپہر کے وقت برات لڑکی والوں کے مندر کے دروازے پر پہنچی تو لڑکی والوں نے آگے بڑھ کر قدیم ریتی رواج کے مطابق استقبال کیا۔ یہاں ملن کی رسم ہوئی۔ پہلی ملنی دولہا کے والد سنیل دت اور دلہن کے والد کیلاش شرما کی ہوئی جس کے بعد پورا مندر مبارکباد سے گونج اٹھا۔ دوسری ملنی دلہن کے بہنوئی اشوک شرما اور دلہا کے بہنوئی کمار گورو کی ہوئی۔ تیسری ملنی دولہا کے ماموں سرور حسین کی اور دلہن کے ماموں پرمود شرما کے درمیان ہوئی۔

نیویارک کے لحاظ سے یہ اچھا خاصا بڑا مندر تھا مگر وہاں اتنے براتی تھی کہ مندر چھوٹا پڑ گیا تھا۔ ہندو، مسلمان، سکھ، ہندوستانی، پاکستانی، انگریز، امریکن اور دوسری قوموں کے لوگ بلاتفریق مذہب و ملت اور قومیت وہاں موجود تھے۔
مندر کے پچھلے صحن میں خوبصورت شامیانے لگائے گئے تھے جہاں کھانے کا انتظام تھا۔ تمام کھانے خالص ویجیٹرین یعنی سبزی بھاجی والے تھے، مرغی، مچھلی گوشت کی کوئی ڈش نہیں۔ منہ میٹھا کرنے کے لیے ایک نہ دو پوری پندرہ قسم کی مٹھائیاں میزوں پر سجی تھیں۔ کھانے کا انتظام نیویارک کے ایک ہندوستانی ریستوراں جیکسن ڈائیز نے کیا تھا، اس کے مالک شکارا صاحب خود بھی مہمانوں کی تواضع کر رہے تھے۔
اس تقریب میں نیویارک میں رہنے والے کئی مشہور تاجر، ڈاکٹر انجینئر، سماجی سیاسی رہنما بھی نظر آئے اور قونصل خانے اور سفارت خانے کے نمائندگان بھی۔ رچا کے کئی رشتہ دار امریکہ کی کئی دور دراز کی ریاستوں اور کینیڈا سے آئے تھے۔ نرگس مرحومہ کے بھائی اختر حسین کے صاحبزادے عشرت حسین بھی اپنی بیگم اور صاحبزادے کے ساتھ امریکی ریاست آرکنسا سے آئے تھے۔ مہمانوں میں ہندوستان کی سیاسی دنیا کے کئی لوگ بھی نظر آئے۔ فلمی دنیا سے جیکی شراف اور پرکاش مہرہ آئے تھے۔

***
نام رسالہ: شمع - دسمبر 1987
مدیر: یونس دہلوی (بانی: یوسف دہلوی مرحوم)
تعداد صفحات: 48
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Shama_Dec-1987.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

ماہنامہ 'شمع' - دسمبر 1987 :: فہرست
نمبر شمارتخلیقتخلیق کارصفحہ نمبر
1محسن خان - کرکٹ کے میدان سے اداکاری کے میدان میںنریندر اپادھیائے3
2ستاروں کی دنیامسافر6
3باتیں پڑوس کیعلی سفیان آفاقی14
4میں سیکس بم نہیں، اداکارہ بننا چاہتی ہوںکمی کاٹکر16
5میں سیاست میں کیوں آؤں؟شتروگھن سنہا19
6بےوفا شام کے نام ایک چٹھیصلاح الدین پرویز23
7انٹرنیشنل ٹھگ (کہانی)چرن جیت دھون24
8دو نظمیںف۔س۔اعجاز / سید ہمایوں اختر30
9بلاعنوانرضاء الجبار31
10شہابِ ثاقبقدسیہ انصاری34
11تین غزلیںانور حسین انور / نازاں جمشیدپوری / راشد فضلی38
12ایک کہانیڈاکٹر اظہار الحسن41
13بزم شمعادارہ43
14ٹی وی کی دنیاادارہ45
15خبریں ہی خبریںادارہ47

Shama magazine Delhi, issue: December 1987, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں