ادب اطفال کے تحت پنچ تنتر کی کہانیاں جس طرح مقبول ہیں، اسی طرح بین الاقوامی سطح پر بچوں کے کچھ ناول بھی مشہور ہیں جن کا دنیا کی ہر زبان میں ترجمہ کیا جا چکا ہے۔
ٹام سائر کے کارنامے [The Adventures of Tom Sawyer] ، انگریزی کے مشہور مصنف مارک ٹوین کا بےپناہ مقبول ناول باور کیا جاتا ہے، جو آج سے تقریباً ڈیڑھ سو (150) سال قبل 1876 میں امریکہ میں شائع ہوا تھا۔
ہمدرد فاؤنڈیشن (کراچی) نے اس کا اردو ترجمہ 1995 میں پیش کیا تھا جس کی مترجم محترمہ توراکینہ قاضی ہیں۔
تعمیرنیوز کے ذریعے یہی اردو ترجمہ پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
یاد رہے کہ بچوں کے لیے نامور مصنف کرشن چندر کا سائنس فکشن اردو ناول "ستاروں کی سیر" کچھ عرصہ قبل پیش کیا جا چکا ہے۔
اس ناول کے ابتدائی باب کا ایک دلچسپ حصہ پڑھیے ۔۔۔
ٹام کی شرارتوں سے تنگ آ کر ، ہفتہ کی چھٹی کے دن ٹام کی خالہ پولی نے اسے گھر کی باڑ کے تختوں کو رنگنے کا کام دیا۔
ٹام کو یہ کام بہت مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ لیکن جب اس کے کچھ دوست اس سے ملنے آئے تو اسے ایک چال سوجھی۔ ٹام کے دوست بین نے سیب کھاتے ہوئے جب ٹام سے پوچھا:
"میں پیراکی کے لیے جا رہا ہوں۔ کیا تم میرے ساتھ نہیں چل سکتے؟ ہاں، تمہیں اتنا بہت سا کام جو کرنا ہے۔"
ٹام بدستور اپنا کام کرتا رہا۔ پھر بولا: "یہ کام واقعی ٹام سائر کے شایانِ شان ہے"
"یعنی تم سے پسند کرتے ہو؟ عجیب ہی بات ہے۔"
ٹام کا برش بدستور حرکت کرتا رہا۔
"ہاں کیوں؟ بھلا میں اس کام کو کیوں نہ پسند کروں؟ کسی لڑکے کو ایک باڑ پر رنگ کرنے کا موقع روز روز تو نہیں ملا کرتا"
بین سیب کھاتے کھاتے رک گیا۔ ٹام تختوں کو رنگتا رہا اور ادھر ادھر رنگ کی دوسری تیسری تہ جماتا رہا۔ بین اس کی ہر حرکت کو بغور دیکھتا رہا۔ اسے ٹام کا کام بہت دلچسپ معلوم ہونے لگا۔ پھر اس نے ٹام سے کہا:
"ٹام۔ مجھے بھی تھوڑا سا رنگ کر لینے دو"۔
"نہیں بین۔ خالہ پولی اسے ہرگز پسند نہ کریں گی۔ یہ باڑ گھر کے سامنے والی ہے، اگر عقبی باڑ ہوتی تو میں اس پر رنگ کرنے کی اجازت دے دیتا۔ اس باڑ کو نہایت احتیاط سے اور اچھی طرح سے رنگ کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ خالہ پولی مطمئن ہو سکیں۔ میرے خیال میں ہزار دو ہزار لڑکوں میں بھی کوئی لڑکا ایسا نہیں جو اس باڑھ پر ایسی عمدگی اور خوبصورتی کے ساتھ رنگ کر سکے"۔
"واقعی؟" بین حیرت سے بولا: "نہیں! میں یہ بات نہیں مانتا۔ لاؤ برش مجھے دو، میں تمہیں دکھا دیتا ہوں کہ میں کس عمدگی اور خوبصورتی کے ساتھ باڑ کو رنگ سکتا ہوں۔"
"تم واقعی ایسا کر سکتے ہو بین۔" ٹام بولا۔ "لیکن یاد رکھو اگر تم سے کوئی غلطی ہو گئی تو خالہ پولی سخت ناراض ہوں گی۔"
"میں بہت احتیاط کے ساتھ اپنا کام کروں گا۔ لاؤ تم برش مجھے دے دو۔ میں تمہیں سیب کا ایک ٹکڑا دیتا ہوں۔"
"لیکن خالہ پولی ۔۔۔۔۔"
"تم میرا پورا سیب لے لو۔"
ٹام نے اسے برش دے دیا۔ جب تک بین راجر تختوں پر رنگ کرتا اور دھوپ میں جلتا رہا ، ٹام ایک درخت کے سائے میں بیٹھا مزے لے لے کر اس کا دیا ہوا سیب کھاتا رہا۔ اس دوران کئی دوسرے لڑکے بھی آ کر باڑ کے قریب کھڑے ہو گئے۔ ٹام انہیں بیوقوف بنا کر اپنا کام نکلوانے کا منصوبہ بنانے لگا۔ چنانچہ جب بین راجر رنگ کرتے کرتے تھک گیا تو اس نے برش اس سے لے کر بلی فشر کو دے دیا اور اس سے اس کی پتنگ لے لی۔ پھر جب فشر کام کرتے کرتے تھک گیا تو اس سے اس سے برش لے کر ایک اور لڑکے جانی ملر کو دے دیا اور اس سے وہ مردہ چوہا لے لیا جس کی دم میں اس نے دھاگہ باندھ رکھا تھا۔
وقت گزرتا گیا۔ ٹام اس طرح لڑکوں کو بےوقوف بنا بنا کر ان سے باڑ کے تختوں پر رنگ کرواتا رہا اور اس کے بدلے ان سے مختلف چیزیں بٹورتا رہا۔ شام ہوتے ہوتے اس کے پاس ان چیزوں کا اچھا خاصا ڈھیر جمع ہو گیا۔ اس ڈھیر میں بارہ کنچے، نیلے رنگ کے شیشے کا ایک ٹکڑا، ایک چابی جس سے کوئی تالا نہ کھل سکتا تھا، چاک کا ایک ٹکڑا، ایک چھوٹی سی بوتل، ایک ٹین کا سپاہی، چند مچھلیاں، چھ دیا سلائیاں، ایک کانا بلی کا بچہ، ایک کتے کا پٹہ، ایک چاقو کا دستہ، مالٹے کے چھ چھلکے اور اس کا ایک ٹکڑا شامل تھے۔
وہ دن اس نے بڑی مصروفیت میں گزارا تھا۔ وہ سارے دن بہت سے لڑکوں سے باتیں کرتا رہا تھا اور انہیں باڑ کو رنگنے کے بارے میں ہدایات دیتا رہا تھا۔ اب ساری باڑ رنگی جا چکی تھی۔ اس پر تین مرتبہ رنگ پھیرا جا چکا تھا۔ اب وہ چاہتا تھا کہ اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلے کودے اور کچھ سیر و تفریح کرے۔ وہ گھر کے اندر گیا۔ خالہ پولی پچھلے کمرے میں بیٹھی سوئیٹر بن رہی تھیں۔
"خالہ، کیا میں اب کھیلنے کے لیے چلا جاؤں؟" اس نے ان سے پوچھا۔
"کیا؟ اتنی جلدی؟ تم نے کتنا کام کر لیا ہے؟"
"میں نے کام ختم کر لیا ہے خالہ۔"
"جھوٹ مت بولو ٹام۔ مجھے جھوٹ سے نفرت ہے۔"
"خالہ میں جھوٹ نہیں بول رہا۔ میں نے واقعی سارا کام کر لیا ہے۔"
خالہ پولی نے اس کی بات کا یقین نہ کیا اور باڑ دیکھنے کے لیے باہر نکل آئیں۔ جب انہوں نے ساری باڑ ایسی عمدگی سے رنگی ہوئی دیکھی تو وہ حیران رہ گئیں۔
"ہوں ، تو جب تمہارا موڈ ہو تم کام کر ہی لیا کرتے ہو؟" وہ بولیں۔ "ہاں، اب تم کھیلنے کے لیے باہر جا سکتے ہو۔"
وہ ٹام کے کام سے اتنی خوش ہوئی تھیں کہ انہوں نے ایک سیب الماری سے نکال کر اسے دیا۔ ٹام سیب لیے باہر بھاگ گیا۔
***
نام ناول: ٹام سائر کے کارنامے
مصنف: مارک ٹوین
اردو ترجمہ: توراکینہ قاضی
تعداد صفحات: 118
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Adventures Of Tom Sawyer Urdu.pdf
ٹائم سائر کے کارنامے - از: مارک ٹوین :: فہرست ابواب | |||
---|---|---|---|
نمبر شمار | عنوان | نمبر شمار | عنوان |
1 | برا لڑکا | 9 | واپسی |
2 | کام تفریح بن گیا | 10 | خزانے کی تلاش |
3 | ہکل بیری فن | 11 | نمبر دو کہاں ہے؟ |
4 | قبرستان میں | 12 | پکنک |
5 | خوف | 13 | اتوار کی صبح |
6 | جھوٹ سب جھوٹ | 14 | غار میں |
7 | ٹام بھاگ | 15 | بازیابی |
8 | گھر کی یاد | 16 | مسز ڈگلس کے گھر |
The Adventures of Tom Sawyer, a children novel by Mark Twain, Urdu translation, pdf download.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں