المیہ - افسانچہ از مکرم نیاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-10-11

المیہ - افسانچہ از مکرم نیاز

almia-microfiction-mukarram-niyaz

منی کہانی یا افسانچہ یا مائکروفکشن ۔ سوشل میڈیا پر رواں دواں اردو دنیا کا موجودہ ٹرینڈ ۔۔۔ ایک افسانچہ مکرم نیاز کی جانب سے بھی پیش خدمت ہے۔

دنیا بدل گئی تھی۔ مگر قلمکار نہیں بدلا۔ جذبات، رویے، موضوعات، ترجیحات حتیٰ کہ اسلوب تک تبدیل ہوتے جا رہے تھے۔ نگارخانے نے چونکہ رجحان کو بھانپ لیا تھا لہذا پردۂ سیمیں پر اب وہی کچھ کاکٹیل دکھایا جا رہا تھا جو وقت کی کمی کے شکار شائق کی طلب تھی۔ دو گھنٹے میں دو صدی کی کہانی۔
جن رسائل و جرائد نے زمانے کی ترقی و تیزرفتاری کا ساتھ نہیں دیا وہ سب ایک ایک کر کے دم توڑنے لگے۔ حروف و الفاظ کے گدلے سمندر میں ہاتھ پاؤں مارنے والے اہلکاروں نے مجبور ہو کر نئے اصول و ضوابط تراشے، لکھنے والوں سے کہا:
"آج جو ٹرینڈ ہے بس وہی زندگی ہے، کل کا بھول جاؤ!"
قلمکار کے بیشتر ہم عصروں نے نئے اصولوں کی اسیری کو قبول کر لیا۔ ان کے لکھے الفاظ موبائل، لیپ ٹاپ، ٹیب کی نیلی پیلی سرخ اسکرینوں پر جگمگانے لگے۔ شئر فارورڈ کی ایک ہلکی سی کلک پر شہرت کے پرندے دنیا کے ہر علاقے کی فضا میں اڑانیں بھرنے لگے۔
قلمکار کا قلم لڑکھڑانے لگا۔ اس کے قلم کی شہرت کے دائرے محدود ہوتے ہوتے ان چند اوراق تک سمٹ گئے جو خوبصورت جلدوں میں آثار قدیمہ کے چند مخصوص کمروں کی الماریوں میں مقید تھیں۔
آخر ایک دن ڈپریشن کے شکار قلمکار پر اس وقت آگہی کے در روشن ہوئے جب اس کی شریک حیات نے سودا سلف کی تھیلی تھماتے کہا:
"قلم دنیا ہے، لیکن دنیا صرف قلم نہیں!!"
وہ بازار میں نکلا تو جگہ جگہ کہانیاں بکھری پڑیں نظر آئیں۔۔۔ جھوٹ، بددیانتی، افراتفری، مہنگائی، لوٹ کھسوٹ، دھوکہ دہی، سرکاری جبر، غیرسرکاری بدعنوانی، ہجومی تشدد، عوامی دہشت گردی ۔۔۔ دیکھتے دیکھتے اس کی آنکھوں سے لہو ٹپکنے لگا، اس نے کان میں اٹکا قلم نکالا اور سگریٹ کی ڈبیا کا کاغذ پھاڑ کر تیزی سے سطریں رقم کرنے لگا۔
پھر اس نے افسانچہ نما کہانی کا عنوان لکھا اور قلم توڑ دیا:
"پیاز" !!

***
نوٹ:
فیس بک ٹائم لائن پر پیش کیے گئے اس افسانچہ پر قارئین کے کچھ دلچسپ تبصرے بھی ذیل میں ملاحظہ فرمائیں ۔۔۔

Murtaza Sahil
عرصہ درازکے بعد کوئ کہانی پڑھی۔۔۔۔بہت عمدہ ھے۔

Shamim Jahangiri
متاثر ہوا 👌قلم بھی قلم کار بھی

Masood Baig
قلم دنیا ہے لیکن دنیا صرف قلم نہیں، اس لئے اس نے عنوان 'پیاز' لکھ دیا ٠
افسانچہ بڑی چابکدستی سے لکھا گیا ہے اور ایک ہی افسانچے میں کئی عصری مسائل کو سمیٹ لیا ہے ٠ بہت بہت مبارک باد

Syed Zeeshan
سر آپ لکھتے رہا کریں، ♥️

شیخ فیصل حفظہ اللہ
واہ، ایک لفظ بھی گراں نہیں گزرا، نپے تلے الفاظ میں بہترین افسانچہ! داد و تحسین 💕

Khursheed Ajmal
وہ پرانے دن یاد آگئے واہ۔۔۔۔بہت خوبصورت

Khurshid Eqbal
بہت خوب
پسند آیا

Shams Ur Rehman Alavi
بہت اچھا ہے، اب لکھتے رہئے مستقل

Yahiya Khan
بہت خوب اُستادِ مکرم
💐🌹💐🌹
بہترین ۔۔۔۔۔❤

Riyaz Mubarak
بہت اچھا !
زبردست !
مکرم بھائی آپ کا جواب نہیں!

Majeed Arif Nizamabadi
ماشاء اللہ
سماج کی نا ہموار یوں پر
طنز کی دلکشی اور مزاح کی چاشنی خوب ہے۔
حضرت!!!
مبارکباد قبول فرمائیں
💐💐💐💐💐

Aslam Faroqui
صرف پیاز کہہ بھی دیتے تو کہانی کی ترسیل ہوجاتی اب ہمارے سماج میں تبریز اخلاق چنمیا نند سب کہانیاں ہیں

Inayatullah Khan
بہترین افسانچہ
اس دور میں افسانچہ کی ضرورت ہے۔۔۔۔۔نپے تلے الفاظ، مختصر تحریر، پڑھنے میں اکتاہٹ بھی نہ ہو۔ شکریہ محترم۔
لکھتے رہیں

Saleem AR
ماشاءاللہ بہت خوب

Sajjadul Hasnain
Achchi koshish hai.

Mohammed Saifuddin
ماشاء اللہ مکرم نیاز صاحب بہت ہی زبردست افسانہ ، عصر حاضر کے ادبی منظر نامہ کی بہترین عکاسی۔ بہت بہت مبارک۔ہو

Noorulameen Syed
بہتر
بہترین اور بہت عمدہ جناب من مبارک باد قبول فرمائیں اللہ آپ کو آپ کے متعلقین کو مزید بہتری عطا فرمائے آمین ثمہ آمین 🌹 🌿 🌹 🌿

Mohammed Quaiser
اچھا ہے یہ سلسلہ اس لئے کہ آج کتاب کے قارئین کم کم ہی ہوگئے ہیں۔۔

***
سید مکرم نیاز
مدیر اعزازی ، "تعمیر نیوز" ، حیدرآباد۔
16-8-544, New Malakpet, Hyderabad-500024.
taemeer[@]gmail.com
syed mukarram niyaz
Syed Mukarram Niyaz
سید مکرم نیاز

Urdu Microfiction 'Almia'. By: Syed Mukarram Niyaz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں