فضائل صحابہ و اہل بیت - از شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-09-20

فضائل صحابہ و اہل بیت - از شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Fazail-Sahaba-wo-Ahle-Bait_Shah-AbdulAziz

شاہ عبدالعزیز بن شاہ ولی اللہ دہلوی (پ: 30/ستمبر/1746 ، م: 5/جون/1824)، غیرمنقسم ہندوستان کے ایسے نامور مدرس، مصنف، خطیب، واعظ، مفتی، محدث اور مفسر تھے جنہوں نے علوم دینیہ اور ملت اسلامیہ کی بڑی گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔
زیر نظر کتاب "فضائل صحابہ و اہل بیت" دراصل شاہ عبدالعزیز کے مندرجہ ذیل چار رسالوں کا مجموعہ ہے:
  • سر الجلیل فی مسئلۃ التفضیل (اردو ترجمہ: مفتی محمد شفیع)
  • عزیز الاقتباس فی فضائل اخیار الناس (اردو ترجمہ: مولوی نظام الدین کیرانوی)
  • وسیلۃ النجات (نظرثانی و تہذیب: مولوی حکیم عبدالغفور)
  • مکتوبات شاہ عبدالعزیز و شاہ رفیع الدین دہلوی (اردو ترجمہ: مولوی محمد سلیمان بدایونی)

تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں یہ اہم کتاب پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈھائی سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 10 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

شاہ عبدالعزیز نے اپنے پہلے رسالے "سر الجلیل فی مسئلۃ التفضیل" میں اول تو اصولی طور پر یہ واضح فرمایا کہ کسی چیز کو کسی چیز پر یا کسی انسان کو کسی انسان پر فضیلت و تفوق کن کن وجوہ سے ہو سکتا ہے؟ اس کے بعد ان اصول ترجیح و تفضیل کے معیار پر صحابہ کرام کے حالات کا موازنہ فرما کر اس بات کو نصف النہار کے آفتاب کی طرح واضح فرما دیا کہ تمام صحابہ کرام میں افضل ابوبکر صدیق (رضی اللہ عنہ) ہی ہو سکتے ہیں اور خلافت کی جو ترتیب عمل میں آئی، اصول قرآن و سنت کی رو سے وہی ہونا چاہیے تھی۔

شاہ عبدالعزیز نے اپنے دوسرے رسالے "عزیز الاقتباس فی فضائل اخیار الناس" میں وہ احادیث جمع فرمائی ہیں جو خلفائے اربعہ کے فضائل میں مروی ہیں۔ اس رسالے کا آخری حصہ ان احادیث پر مشتمل ہے جو اہل بیت کے فضائل میں ہیں۔

شاہ عبدالعزیز نے اپنے تیسرے رسالے "وسیلۃ النجات" ایک شخص کے سوال کے جواب میں دلائل و براہین سے ثابت کیا ہے کہ فرقہ ناجیہ "اہل سنت و جماعت" ہے۔ اس رسالہ میں شاہ صاحب نے بڑی حد تک نصوص قرآنی ہی کو بنیاد بنایا ہے اور صحابہ کرام کے مرتبہ کو بڑے موثر کن انداز میں بیان کیا ہے۔

اس کتاب کا چوتھا باب مکتوبات پر مشتمل ہے۔ شاہ عبدالعزیز نے اپنے بھائی شاہ رفیع الدین سے اس دور کے ذاتی و معاشرتی حالات کے تحت جو خط و کتابت کی تھی، اس کی ایک جھلک ان خطوط سے واضح ہوتی ہے۔

اس کتاب کے مقدمہ میں محمد ایوب قادری لکھتے ہیں:
شاہ عبدالعزیز کی سب سے معرکۃ الآرا تصنیف "تحفہ اثناء عشریہ" ہے جو اپنے موضوع پر نہایت مدلل، مفصل، متوازن اور واضح کتاب ہے۔ کتاب کا انداز بیان نہایت حکیمانہ اور متاثر کن ہے، رشتۂ اعتدال کو کہیں بھی ہاتھ سے نہیں چھوڑا گیا ہے اور حوالے نہایت ذمہ داری اور احتیاط سے نقل کیے گئے ہیں۔
یہ کتاب شیعہ سنی مسائل کا ایک ایسا انسائیکلوپیڈیا ہے جس کی روایات اور بیانات میں فقط مستند و معتبر شیعہ کتب پر انحصار کیا گیا ہے اور تواریخ و تفسیر میں سے فقط ان ہی چیزوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن پر شیعہ و سنی دونوں فریق متفق ہیں۔ کتاب کی زبان اور طرز بیان بھی متین اور مہذبانہ ہے۔
"تحفہ اثناء عشریہ" فی الحقیقت ایک عہد آفریں کتاب ہے۔ جنگ آزادی سے دس بارہ سال قبل شیعہ مسلک کا زور اس قدر تھا کہ سرسید احمد خاں جیسے معتدل مصلح نے بھی اس موضوع پر کتاب لکھنا ضروری سمجھا۔ سرسید احمد خاں نے 1844ء میں "تحفہ اثناء عشریہ" کے دسویں اور بارہویں ابواب کا اردو ترجمہ "تحفہ حسن" کے نام سے شائع کیا۔ یہ دونوں باب خلفائے ثلاثہ، ام المومنین اور صحابہ رضوان اللہ عنہم اجمعین کے خلاف مطاعن کے جواب اور تولا و تبرا کے بیان میں ہیں۔ سرسید نے یہ ترجمہ اپنے استاد مولوی نورالحسن کاندھلوی صاحب کی مدد سے کیا تھا۔
اسی کتاب کا آخری باب "سر الجلیل فی مسئلۃ التفضیل" ہے جس میں مصنف نے عقلی و نقلی دلائل کے سہارے فضیلتِ شیخین (رضی اللہ عنہم) کو نصف النہار سورج کی طرح واضح کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

***
نام کتاب: فضائل صحابہ و اہل بیت (رضی اللہ عنہم)
مصنف: شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی
تعداد صفحات: 238
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 10 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Fazail Sahaba Wo Ahle Bait - By Shah Abdul Aziz.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

The virtues of Prophet family and his companions, by: Shah Abdul Aziz Mohaddis Dehlvi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں