جنگل میں پہاڑوں پر کیمپنگ - ایک دلچسپ تجربہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-07-03

جنگل میں پہاڑوں پر کیمپنگ - ایک دلچسپ تجربہ

jungle-hills-camping

جنگل میں پہاڑوں پر کیمپنگ کا تجربہ بہت مختلف ، raw مگر پرلطف ہوتا ہے۔ اکثر لوگ اس سے گھبراتے ہیں کہ کون آرام دہ بستروں والے گھر ، موٹل یا کیبن چھوڑ کر بے آرام بستروں میں سوئے ۔ بچوں کے ساتھ یہ تجربہ نسبتاً اور مشکل لگتا ہے۔ عموماً لوگ حسین مگر وحشی فطرت کی گود میں رات گزارنے کے مقابلے میں دن کی پکنک ، کسی امیوزمنٹ پارک میں جدید رائڈز کا مزہ اٹھانے یا ہوٹلنگ وغیرہ کو ترجیح دیتے ہیں مگر ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہمیشہ اسی حسن بے پرواہ کی raw سنگت میں کچھ وقت گزارا جائے۔ کیمپنگ ہوٹل یا کیبن کی نسبت بہت سستی پڑتی ہے۔ موٹل کا ایک کمرہ ڈیڑھ سو سے تین سو ڈالر بلکہ زیادہ کا بھی مل سکتا ہے۔ اس کے برعکس کیمپ کی جگہ صرف پچیس سے چالیس ڈالر میں مل جاتی ہے۔ امریکہ میں ہم نے ایک جگہ صرف چودہ ڈالر بھی ادا کیے۔
اکثر کیمپ لگانے کی جگہیں پہلے سے بک کروانی پڑتی ہیں۔ ورنہ پہلے آئیے ، پہلے پائیے کی بنیاد پر جگہ حاصل کی جاتی ہے اور مشہور مقامات پر تاخیر سے پہنچنے کی صورت میں خواری اٹھانی پڑتی ہے۔

جگہ حاصل کرنے کا طریقہ بھی بہت دلچسپ ہے۔ زیادہ تر کیمپ گراؤنڈز سیلف سروڈ [self-served] ہیں۔ کوئی عملہ رجسٹریشن کے لئے موجود نہ ہوگا۔ وہیں ایک جگہ سے لفافہ اٹھائیے، مطلوبہ معلومات لکھیے ، چیک یا کیش اس لفافے میں رکھ کر ایک بکسے میں ڈال دیجیے۔ پرچی پر اپنا نام لکھیے اور اپنی جگہ پر گڑے کھونٹے پر اسے پرچی کو لٹکا دیجیے ۔ آپ رات گئے بھی واپس آئے تو آپ کی جگہ کوئی نہیں لے گا۔
پارکس کی حفاظت کرنے والا عملہ چکر لگاتا رہتا ہے کہ کوئی قواعد کی خلاف ورزی تو نہیں کررہا۔
یہاں باتھ روم عموما فلش والے نہیں ہوتے۔ ہماری بچے انہیں بکٹ باتھ روم [‏ Bucket bathrooms] کہتے ہیں۔ یعنی کافی گہرا گڑھا کھود کر اوپر سے ایک بالٹی نما کموڈ الٹا رکھ کر جما دیا جاتا ہے۔مگر یہ ہوتے بالکل صاف ستھرے ہیں۔ ہم ایسے وہم زدہ بھی اب عادی ہو چکے۔ پانی یخ ملے گا۔ یہاں ٹھنڈے یخ پانی سے دانت برش کر کے منہ دھونے کے بعد صاحب تولیہ کاندھے پر رکھے بڑی شان سے واپس آتے ہیں اور یخ پانی کے تصور سے جھرجھری لیتے بچوں کے سامنے تولیہ سے سر پونچھنے کی اداکاری کرتے بہت اترا کر کہتے ہیں:
"ارے تم لوگ اب تک گھبرا رہے ہو، دیکھو ! ہم تو نہا دھو کر آ رہے ہیں۔ "

آسمان پر بے شمار روشن ستارے دیکھ کر انسان دنگ رہ جاتا ہے۔ Starry night کیا ہوتی ہے ، یقین مانیے لوڈ شیڈنگ کی راتوں کا آسمان بھی اس کو بیان نہیں کر سکتا۔
رات کو زمین بھی بھیگ کر اس قدر ٹھنڈی ہو جائے گی کہ ہمیں تو اکثر تین بجے بھاگ کر گرم گاڑی میں بستر بچھا کر پناہ لینی پڑی ہے۔ صبح درختوں کے جھنڈ میں انڈے تلیے، پراٹھے گرم کیجیے اور چائے بنائیے۔
انٹرنیٹ اور بجلی نہ ہونے کے سبب گیجٹس کے استعمال سے سب ہی معذور ہیں، اس لیے بچے بڑی خوشی سے شاخوں، پتھروں، اور پھولوں سے کھیلتے ہیں۔ پھولوں اور درختوں کے نام پوچھتے ہیں۔
قریب کوئی نہ کوئی دریا، ندی یا جھیل موجود ہوگی۔ ہائیکنگ، چہل قدمی یا بوٹنگ کیجیے یا مچھلی پکڑیے۔ جنگلی حیات کو نقصان نہ پہنچائیں، کچرا نہ پھیلائیں۔ تمام جگہیں بالکل صاف ستھری اور ہری بھری ہیں۔ کھانا باہر کھلا نہ چھوڑیں کہ کہیں جانور خصوصاً بھالو متوجہ ہوکر قریب آ جائیں۔
انگریز قوم جفاکش ہے ، فطرت سے محبت بھی کرتی ہے اور اس کا انتظام بھی بخوبی سنبھالے ہوئے ہے۔

The adventure camping at jungle Hills. - Article: Jawaria Saeed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں