مجتبیٰ حسین ، حیدرآباد (دکن) سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی سطح کے معروف و مقبول طنز و مزاح نگار ہیں۔ انہوں نے 1962 سے طنز و مزاح کی صنف سے اپنا رشتہ قائم کیا تھا اور انشائیہ، خاکہ، کالم نگاری کے علاوہ سفرنامہ جیسے منفرد اصناف میں اپنی فکر و فن کا لوہا منوایا ہے۔ "جاپان چلو، جاپان چلو" مجتبیٰ حسین کا وہ یادگار سفرنامہ ہے جو مزاحیہ سفرناموں کی تاریخ کا ایک روشن حصہ بھی ہے۔ یہ سفرنامہ تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔
تقریباً دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 8 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
کتابی شکل میں یہ سفرنامہ (قیمت: 80 روپے) کتاب دار ویب سائٹ سے آن لائن خریدا جا سکتا ہے:
جاپان چلو جاپان چلو - مجتبیٰ حسین - ₹80.00
اس کتاب کے دوسرے ایڈیشن میں مجتبیٰ حسین لکھتے ہیں ۔۔۔جاپان پہلا بیرونی ملک تھا جہاں مجھے سن 1980 کے اواخر میں جانے کا موقع ملا اس کے بعد بیرونی سیاحتوں کا ایک سلسلہ سا شروع ہو گیا۔ برطانیہ، فرانس، امریکہ، کناڈا، مرحوم سوویت یونین، سعودی عرب اور پاکستان بھی جانے کا موقع ملا مگر جو بات جاپان میں دیکھی وہ کہیں دکھائی نہ دی۔
جاپان سے واپس آ کر میں نے اس سفرنامہ کی کچھ قسطیں لکھیں جو قارئین میں بےحد مقبول ہوئیں۔ سفرنامہ جاپان کا پہلا اردو ایڈیشن سن 1983 میں شائع ہوا تھا۔ ہندی کے مشہور رسالہ "ساریکا" نے اس سفرنامہ کو قسط وار شائع کیا تھا جس کے بعد یہ کئی مقامی زبانوں میں بھی چھپا۔ ہندی میں یہ سفرنامہ 1986 میں کتابی شکل میں شائع ہوا۔
میرے لیے خوشی کی بات یہ رہی کہ خود جاپانی زبان میں اس کا ترجمہ کتابی شکل میں 1987 میں شائع ہوا ، اس کا ترجمہ جاپان کی مشہور اسکالر شاشورے نے کیا تھا، جس کا ذکر اس کتاب میں موجود ہے۔ ادبی حلقوں میں اس سفرنامہ کو جس طرح پسند کیا گیا اس کے لیے میں مختلف زبانوں کے قارئین کا شکرگزار ہوں۔
- مجتبیٰ حسین
دہلی ، 30/جنوری 1994
ڈاکٹر روبی شبانہ (وارانسی) مجتبیٰ حسین کے اس سفرنامے کا تجزیہ کرتے ہوئے لکھتی ہیں ۔۔۔"جاپان چلو جاپان چلو" بہت دلچسپ اور مزاحیہ سفرنامہ ہے۔ اس میں مجتبیٰ حسین نے جاپان کی قومی و ملکی اہم خصوصیات کا اپنے مخصوص اسلوب میں ذکر کیا ہے۔ چھوٹے چھوٹے فقروں میں بلیغ باتیں کہنے کے فن سے وہ بہ خوبی واقف ہیں۔ اگرچہ صنف کے لحاظ سے یہ ایک سفرنامہ ہے مگر مصنّف بنیادی طور پر انشائیہ نگار ہے، اس لیے ان کا یہ اسلوب واقعات کی ترتیب پر حاوی ہے۔
جاپانیوں کی کم آمیزی ، محنت و مشقّت، کردار پرستی، مشکلات سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ ۔۔۔ غرض ان ساری خصوصیات کو دل کھول کر سراہا ہے اور وہاں کا موازنہ اپنے ملک کی خصوصیات سے کرنے میں انہیں کوئی شرمندگی و ہچکچاہٹ نہیں ہوئی ہے۔ ہندوستان کے سفر میں پیش آنے والی دشواریوں کی حقیقی و دلچسپ مرقع کشی کی ہے۔ جاپان میں پڑھنے پڑھانے کا کتنا رواج ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ ساڑھے گیارہ کروڑ کی آبادی ہر سال اسّی کروڑ کتابیں خریدتی اور پڑھتی ہے۔ اس کا موازنہ اپنے ملک سے کرتے ہوئے خود کے متعلّق لکھتے ہیں کہ پڑھنے لکھنے میں اتنی شہرت رکھنے کے باوجود تین برسوں میں ہم نے کوئی کتاب نہیں خریدی ۔ ادیب دوستوں کی کتابوں کے اعزازی نسخے ضرور قبول کرتے ہیں اور ان کو پڑھے بغیر ہی ردّی میں بیچ دیتے ہیں ۔
اس سفر کے دوران مجتبیٰ حسین نے اس بات میں زیادہ دلچسپی لی ہے کہ جاپان میں اردو اور اسلام کس حد تک موجود ہے؟ اردو کے متعلّق ان کا یہ انکشاف بے حد دلچسپ ہے کہ وہاں اردو اتنی موجود ہے کہ وہاں اردو نے خود ہمیں تلاش کر لیا۔ اسی طرح جاپانیوں کے کردار کے متعلّق ان کا یہ جملہ ضرب المثل کی حیثیت رکھتا ہے کہ "جاپانیوں کی ہر چیز چھوٹی ہوتی ہے سوائے کردار کے"۔ اس سفرنامے میں بہت سے خاکے بھی ابھر کر سامنے آئے ہیں جو ہمارے ذہن پر دیر پا اثر قائم رکھنے میں کامیاب رہتے ہیں۔
***
نام کتاب: جاپان چلو ، جاپان چلو (سفر نامہ)
مصنف: مجتبیٰ حسین
تعداد صفحات: 180
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Japan Chalo Mujtaba Hussain.pdf
جاپان چلو، جاپان چلو - از: مجتبیٰ حسین :: فہرست مضامین | ||
---|---|---|
نمبر شمار | عنوان | صفحہ نمبر |
1 | جاپان چلو ، جاپان چلو | 6 |
2 | خوش رہو اہل وطن | 15 |
3 | ٹوکیو میں ہمارا ورود مسعود | 25 |
4 | ٹوکیو میں یاد ابن انشا کی | 34 |
5 | پروفیسر سوزوکی ، اردو اور مسز سوزوکی | 44 |
6 | جاپان میں اردو | 56 |
7 | جاپان میں مزید اردو | 65 |
8 | جاپان میں ہم لکھ پتی بن گئے | 74 |
9 | مہذب پانی اور غیرمہذب پانی | 82 |
10 | یونیسکو کی چھتری | 93 |
11 | بلٹ ٹرین میں کبھی نہ بیٹھو | 106 |
12 | خموشی گفتگو ہے | 115 |
13 | جاپان میں اسلام | 126 |
14 | ٹوکیو کے بازاروں میں | 136 |
15 | حرف آخر | 145 |
Japan chalo, Japan chalo. A travelogue by: Mujtaba Hussain, pdf download.
مجتبی حسین اردو طنزو مزاح کی تاریخ میں اہم نام رکھتے ہیں وہ طنز و مزاح کہ ایک روشن مینار ہیں
جواب دیںحذف کریں