سعودی عرب میں مقیم تارکین تلنگانہ کو ایوارڈ - اردو اکیڈمی کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-05-16

سعودی عرب میں مقیم تارکین تلنگانہ کو ایوارڈ - اردو اکیڈمی کا منصوبہ

riyadh-indian-expats-telangana-urdu-academy
صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈمی محمد رحیم الدین انصاری نے سعودی عرب میں اردو زبان و ادب کے فروغ میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والے تارکین تلنگانہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی ان کی خدمات سے واقف ہے اور اس بات کا تیقن دیا کہ تلنگانہ اردو اکیڈمی ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی پزیرائی کرے گی۔ انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اکیڈمی انہیں ایوارڈز سے نوازنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ آل انڈیا یونائیٹیڈ سوسائٹی کی جانب سے ریاض میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرنشین تلنگانہ اردواکیڈمی ، ناظم دارالعلوم حیدرآباد و بانی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ جناب رحیم انصاری نے سعودی عرب میں سرگرم تمام تنظیموں کی ستائش کرتے ہوئے ان تنظیموں کے ذمہ داروں سے خواہش کی کہ وہ تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دیں اور خاص طور پر اردو میڈیم مدارس کی ترقی میں اہم رول ادا کریں۔ اس ضمن میں انہوں نے اردو اکیڈمی کی جانب سے مکنہ تعاون کا تیقن دیا۔
خاک طیب ٹرسٹ جدہ کی جانب سے مصری گنج میں چلائے جا رہے "محدث دکن ہائی اسکول" کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے خاک طیبہ ٹرسٹ کی ستائش کی اور دیگر تنظیموں کو بھی اسی طرح کی خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا۔
اس موقع پر رحیم الدین انصاری نے اعلان کیا کہ اردو اکیڈمی کی جانب سے عنقریب بچوں اور خواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ رسالے شائع کئے جائیں گے۔ اس ضمن میں اردو اکیڈمی کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہ اکیڈمی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے دس اضلاع میں مشاعروں کے انعقاد اور شعرائے کرام کی ستائش و پذیرائی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس سلسلہ کا پہلا مشاعر ضلع نظام آباد میں منعقد کیا گیا جو نہایت ہی کامیاب رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اردو اکیڈمی کی جانب سے سوشل میڈیا پر بہت جلد "آؤ اردو سیکھیں" پروگرام شروع کیا جائے گا۔ جناب انصاری نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ اردو اکیڈمی کی جانب سے "مرقع اقبال" کی اشاعت کا کام مکمل ہو چکا ہے اور عنقریب اس کی اجرائی عمل میں آئے گی۔

صدر تلنگانہ این آر آئی جرنلسٹس اسوسی ایشن سعودی عرب کے۔این۔واصف نے سعودی عرب میں اردو صحافت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ پیش کیا اور سعودی عرب و ہندوستان کے مختلف اخبارات کیلئے ان کی خدمات کا تذکرہ کیا۔ رکن تلنگانہ این آر آئی جرنلسٹس اسوسی ایشن سعودی عرب غوث ارسلان نے اسوسی ایشن کی سرگرمیوں سے محفل کو واقف کروایا۔ صحافی محمد سیف الدین نے اردو کے مستقبل کے بارے میں کہا کہ حکومتی سطح پر اردو کو ختم کرنے کی کتنی بھی کوششیں کی جائیں لیکن دینی مدارس میں اردو زندہ و تابندہ رہے گی۔
صدر آل انڈیا یونائٹیڈ سوسائٹی ڈاکٹر محمد اشرف علی نے کہا کہ سوسائٹی کی روایت رہی کہ وطن سے ریاض آنے والی تمام اہم شخصیات کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی پذیرائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے آل انڈیا یونائٹیڈ سوسائٹی کی سرگرمیوں سے حاضرین کو واقف کروایا۔ اس موقع پر رحیم الدین انصاری کو سعودی عرب کی روایتی بشت بطور تحفہ پیش کی گئی۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا یونائٹیڈ سوسائیٹی سید خالد کریم نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔ اس موقع پر آل انڈیا یونائٹیڈ سوسائٹی کے اراکین شعیب محی الدین، رؤف تلوار سید فرحان حسين، محمد عبدالنعیم، جنید عبدالملک اور دیگر سرکردہ این آر آئیز موجود تھے۔

***
محمد سیف الدین (ریاض ، سعودی عرب)۔
mohdsaifuddin[@]gmail.com

Urdu Academy Telangana plans to give awards to Saudi Arabia's NRI's of Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں