ماہنامہ شمع دہلی - جنوری 1986 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-03-31

ماہنامہ شمع دہلی - جنوری 1986 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

shama-jan-1986
اپنے دور کے ملک گیر شہرت یافتہ فلمی و ادبی رسالہ "شمع" کا ایک شمارہ (جنوری-1989) پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں تعمیرنیوز پر پیش کیا گیا تھا۔
اس دفعہ جنوری-1986 کے شمارے کی پی۔ڈی۔ایف فائل پیش خدمت ہے۔ اس شمارے کی خصوصیت مشہور و مقبول بالی ووڈ اداکار "سنجیو کمار" کی ناگہانی موت پر خصوصی گوشہ کی اشاعت ہے۔
ہری ہر جیٹھ لال زری والا (فلمی نام: سنجیو کمار) 9/جولائی 1938 کو بمبئی پریسیڈنسی کے علاقے سورت میں پیدا ہوئے تھے اور 6/نومبر 1985 کو شدید قسم کے دل کا دورہ پڑنے پر وہ ممبئی میں بعمر 47 سال وفات پا گئے۔
سنجیو کمار اپنی بہترین اور منفرد و متنوع قسم کی اداکارانہ صلاحیتوں کی بنا پر بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں مقبول تھے۔ انہیں فلم دستک (1971) اور کوشش (1973) میں بہترین اداکار کا قومی ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔ انہوں نے روایتی رومانی کرداروں سے لے کر سنجیدہ، مزاحیہ اور پرتجسس کرداروں پر مبنی بےشمار فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ انہیں اپنی بہترین اداکاری پر 14 فلم فئر ایوارڈ بھی حاصل ہوئے جس میں فلم "شعلے" کا یادگار کردار "ٹھاکر بلدیو سنگھ" بھی شامل ہے۔
سنجیو کمار کی فلموں کی مکمل فہرست ویکیپیڈیا پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
سنجیو کمار کی وفات پر ان کی یاد میں مرکزی حکومت نے پوسٹل اسٹامپ جاری کیا، ان کے آبائی وطن سورت میں ایک سڑک ان کے نام سے موسوم (سنجیو کمار مارگ) کی گئی، ایک اسکول بھی ان کے نام پر سورت میں کھولا گیا۔ اس کے علاوہ حکومت گجرات نے 108 کروڑ کی لاگت سے "سنجیو کمار آڈیٹوریم" کا فروری 2014 میں اجرا کیا جس کا افتتاح اس وقت کے وزیراعلیٰ گجرات نریندر مودی نے کیا تھا۔

شمع ، جنوری-1986 کے اس شمارے میں سنجیو کمار کی وفات پر کئی معروف و مقبول فلمی اداکاروں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے جن میں:
گلزار، راجیش کھنہ، بی آر اشارہ، بی آر چوپڑا ، نوشاد ، کیفی اعظمی، سلکھشنا پنڈت، جے شری ٹی، موسمی چٹرجی، زینت امان، منوج کمار، نمی، اشوک کمار، پریم چوپڑہ، سریندر موہن، رمیش تلوار اور میک موہن ۔۔۔
جہاں شامل ہیں وہیں سنجیو کمار کے میک اپ مین سروش مودی اور سنجیو کمار کے سکریٹری جمناداس نے بھی اپنے دلی تاثرات اجاگر کیے ہیں۔

مشہور شاعر اور فلم پروڈیوسر گلزار کی سنجیو کمار کے ساتھ طویل عرصے کی رفاقت رہی ہے۔ گلزار کہتے ہیں:
میں نے اپنی فلموں کے جو اسکرپٹ لکھے وہ سنجیو کو ذہن میں رکھ کر ہی لکھے اور اس کی وجہ یہ تھی کہ میں نے جو فلمیں بنائیں ان میں بڑے میچیور قسم کے کردار تھے اور ہری بڑے میچیور آرٹسٹ تھے۔ پھر میری اکثر فلموں میں کیرکٹر کی دو عمریں ہوتی ہیں۔ ایک جوان اور دوسرا بوڑھا۔ اور ہری کے سوا مجھے کوئی دوسرا ایسا اداکار نظر نہیں آتا تھا جو یہ دونوں رنگ ایک ساتھ خوبی کے ساتھ پیش کر سکے۔ یعنی اگر اسے جوان دکھانا ہے تو جوان نظر آئے اور اگر اسے بوڑھے کا گیٹ اپ دے دیا جائے تو بوڑھا ہی معلوم ہو۔ بہت سے دوسرے ہیرو تو بوڑھے کا رول کرنا ہی نہیں چاہتے تھے۔ یہ خوبی صرف ہری میں تھی کہ ان کو جیسا بھی کیرکٹر دیا جائے، اس میں آسانی کے ساتھ اپنے آپ کو سمو لیتے تھے۔ سب سے بڑی بات تو یہ تھی کہ ہم دونوں میں بہت زیادہ ربط ضبط اور تال میل تھا، دونوں ایک دوسرے کو اچھی طرح پہچانتے تھے۔
۔۔۔۔ میرے خیال میں سب سے خوبصورت اور مشکل کردار فلم "کوشش" کا تھا۔ گونگے اور بہرے کی اداکاری کرنا آسان نہ تھا۔ ہر بات اشاروں سے سمجھانا تھی۔ ایک طرح سے پوری فلم ہری کے گرد تھی۔ اگر ہری اپنی اداکاری میں فلاپ ہوتے تو فلم بری طرح فلاب پوتی۔ ہری نے خود گونگے بہروں کے ساتھ اٹھ بیٹھ کر ان کی تمام جزئیات کا مشاہدہ کیا۔ ہماری فلموں میں اپنے رول کے تئیں اتنے ایماندار اداکار کہاں ہوتے ہیں؟!

***
نام رسالہ: شمع - جنوری 1986
مدیر: یونس دہلوی (بانی: یوسف دہلوی مرحوم)
تعداد صفحات: 46
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 3.5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Shama_Jan-1986.pdf

Direct Download link:

ماہنامہ 'شمع' - جنوری 1986 :: فہرست
نمبر شمارتخلیقتخلیق کارصفحہ نمبر
1بازگشتخطوط کا کالم3
2ستاروں کی دنیامسافر5
3سنجیوکمار کی وفات پر تاثراتگلزار، راجیش کھنہ، بی آر اشارہ، بی آر چوپڑا ، نوشاد ، کیفی اعظمی، سلکھشنا پنڈت، جے شری ٹی، موسمی چٹرجی، زینت امان، منوج کمار، نمی، اشوک کمار، پریم چوپڑہ، سریندر موہن، رمیش تلوار، میک موہن، سروش مودی (سنجیو کمار کا میک اپ مین)، جمناداس (سکریٹری سنجیو کمار)۔11
4اچھوتا نغمہ (نظم)راہی شہابی22
5لنگی کرتا (افسانہ)واجدہ تبسم23
6غزلیںمعتصم عباسی آزاد، یوسف نرمل، کیلاش چندر ناز، اقبال شیدائی28
7بلاعنوان (افسانہ)سہیل اعجاز صدیقی29
8نظمیںشہباز ندیم، عزیر شیخ، سیدہ نسیم چشتی، رئیس رام پوری33
9الو (افسانہ)سبطین اخگر34
10بزم شمعادارہ شمع37
11فلمی خبریںادارہ شمع40
12ٹی وی کی دنیاادارہ شمع42

Shama magazine Delhi, issue: January 1986, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں