پنڈت جواہر لال نہرو - حالات زندگی اور خیالات - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤنلوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-02-10

پنڈت جواہر لال نہرو - حالات زندگی اور خیالات - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤنلوڈ

pundit-jawaharlal-nehru
پنڈت جواہر لال نہرو کے حالات زندگی اور ان کے خیالات پر یہ مختصر کتابچہ لکشمن پرشاد بھردواج نے بچوں کے لیے تحریر کیا تھا جو سن 1947 میں لکھنؤ کے مشہور نول کشور پریس سے شائع ہوا۔
فاضل مصنف نے 57 صفحات کے اس کتابچے میں سہل اور آسان فہم زبان میں جواہر لال نہرو کے خاندان، ان کے بچپن و تعلیم، ان کی سیاسی تیاری اور جنگ آزادی میں پیش قدمی، والد موتی لال نہرو اور اہلیہ کملا نہرو کی وفات جیسے موضوعات کے علاوہ جواہر لال نہرو کی قلمی صلاحیتوں اور ان کے خیالات، افکار و نظریات کا دلچسپ جائزہ پیش کیا ہے۔

فاضل مصنف اس کتابچہ کے مقدمہ میں اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ :
جن دنوں (سن 1930 کے آس پاس) کانگریس کا سالانہ اجلاس دہلی میں ہونے والا تھا جو ہمارے شہر سے بہت دور نہ تھا تو اس کی خبر ہمارے اسکول میں پھیل گئی۔ ہم چند ہم جماعت مل کر دہلی جانے تیار ہو گئے اور اس سفر کا مقصد یہ تھا کہ ملک کے ان لیڈروں کے درشن کیے جائیں جو ہماری اور ہمارے ملک کی قسمت بنانے والے تھے۔
ہم طلبہ دہلی ریلوے اسٹیشن سے لیجسلیٹو اسمبلی کے صدر اور نائب وزیر ہند سردار ولبھ بھائی پٹیل کے بھائی وٹھل بھائی پٹیل کی رہائش گاہ پہنچ گئے، جہاں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا جلسہ ہو رہا تھا۔ شام چار بجے جلسہ ختم ہوا اور سب لیڈر ایک ایک کر کے باہر نکلے۔ تھوڑی دیر بعد جب پنڈت جواہر لال نہرو بھی باہر نکلے تو ہم سب نے ہاتھ جوڑ کر ان کو سلام کیا اور انہوں نے بھی ہاتھ جوڑ کر مسکراتے ہوئے ہمارا سلام قبول کیا۔
ہم نے ان سے عرض کیا: "پنڈت جی، ہم آپ سے کچھ باتیں کرنا چاہتے ہیں"۔
انہوں نے جواب دیا: "بڑی خوشی کے ساتھ"
اتنا کہہ کر وہ ہماری طرف بڑھے اور پاس آ کر کھڑے ہو گئے۔ ان کو اپنے درمیان دیکھ ہم سب اپنی قسمت پر ناز کرنے لگے۔ پھر انہوں نے پوچھا:
"اچھا کہیے، آپ لوگ کیا کہنا چاہتے ہیں؟"
کن کن باتوں پر گفتگو ہوئی یہ تو مجھے اب پورے طور پر یاد نہیں آتا، لیکن جس جس کے جی میں جو کچھ تھا سب ہی نے پوچھا اور کہا۔ پنڈت جی غیرمعمولی دلچسپی کے ساتھ ہماری باتوں کو سنتے اور جواب دیتے رہے۔ ان کے کچھ جواب بڑے دلچسپ تھے جنہیں سن کر ہم لوگوں کو ہنسی بھی آ جاتی تھی اور ہمارے ساتھ وہ بھی ہنس پڑتے تھے۔ جس طرح وہ ہم لوگوں کے ساتھ پیش آئے اس کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا تھا کہ مادرِ وطن کی خدمت کا حوصلہ رکھنے والے نوجوانوں سے بات چیت کرنے میں انہیں بڑا لطف آ رہا تھا۔ ان سے گفتگو کرتے وقت ہم لوگ اپنے آپ کو چھوٹے چھوٹے "دیش بھگت" سمجھ رہے تھے۔ نوجوانوں اور خاص کر طالب علموں کے حلقے میں ان دنوں اور آج بھی پنڈت جی کیوں اتنے ہردلعزیز ہیں ، اس سوال کا جواب اس دن ہمیں وہیں پر مل گیا تھا۔
جس محبت سے کھڑے کھڑے تقریباً ایک گھنٹے تک پنڈت جی نے ہم لوگوں سے بات چیت کی وہ کبھی بھلائی نہیں جا سکتی۔ سوال جواب ختم ہونے پر چلتے وقت میں نے کہا:
پنڈت جی! مہربانی کر کے ہمیں اپنا پتا لکھ دیجیے تاکہ اگر کبھی کوئی ضرورت پڑے تو ہم آپ کو خط لکھ سکیں"۔
فوراً جیب سے فاؤنٹین پین نکالا اور لکھا:
جواہر لال۔ آنند بھون۔ پریاگ۔

اس وقت سے آج تک مختلف موقعوں پر پنڈت جی کے درشن کرنے کی مجھے عزت حاصل ہوئی ہے۔ ریل میں، طالب علموں کے جلسوں اور پبلک سبھاؤں میں۔۔ لیکن اس دن کی پہلی ملاقات کچھ اور ہی تھی۔
پنڈت جی کے اُس پرچہ کو میں نے بڑی احتیاط سے آج تک اپنے پاس محفوظ رکھا ہے جو ایک بیش قیمت یادگار کے طور پر ہے۔ اس کو لکھا تھا بھارت ماتا کے سپوت ، ملک کی خاطر سختیاں برداشت کرنے والے ، بلند ہمت اور بلند خیال نوجوان لیڈر اور اب آزاد بھارت کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے اپنے ہاتھ اور اپنے قلم سے ، جن کی انتھک کوششوں اور قربانیوں سے ہمارے ملک کو آزادی نصیب ہوئی ہے۔ بچپن کے اس واقعہ کی یاد آج بھی میرے ذہن میں اسی طرح تازہ ہے جیسے اس وقت تھی۔
چنانچہ اپنی اسی وقت کی عقیدت مندی کے اثر سے، جو ہمیشہ بڑھتی ہی رہی، میں نے ملک کے اس بلند پایہ اور محبوب لیڈر کے حالات زندگی آسان زبان میں مختصر کر کے اس کتاب میں قلمبند کیا ہے تاکہ بچے ان سے اپنی سمجھ کے مطابق زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں۔

***
نام کتاب: پنڈت جواہر لال نہرو کے حالات زندگی اور ان کے خیالات
مصنف: لکشمن پرشاد بھردواج
تعداد صفحات: 57
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 4 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Jawaharlal Nehru by Laxman Prasad Bhardwaj.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:


پنڈت جواہر لال نہرو کے حالات زندگی اور ان کے خیالات (بچوں کے لیے) :: فہرست مضامین
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
1پہلا باب : بچپن کا ایک واقعہ5
2دوسرا باب : کشمیر سے الہ آباد8
3تیسرا باب : بچپن کا زمانہ10
4چوتھا باب : تعلیم13
5پانچواں باب : سیاسی تیاری18
6چھٹا باب : کسانوں کے درمیان23
7ساتواں باب : جنگ آزادی میں پیش قدمی26
8آٹھواں باب : پنڈت موتی لال نہرو کی وفات اور بہار کا زلزلہ31
9نواں باب : کملا نہرو کی موت33
10دسواں باب : گذشتہ دس سال35
11گیارہواں باب : کچھ اور باتیں39
12بارہواں باب : زبردست اہل قلم46
13تیرہواں باب : پنڈت جواہر لال کے خیالات52

Jawaharlal Nehru life history for children, pdf download. Compiled by: Laxman Prasad Bhardwaj.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں