مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ضلع کلکٹر وقارآباد عمر جلیل خدمات سے معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-02-10

مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ضلع کلکٹر وقارآباد عمر جلیل خدمات سے معطل

collector-vikarabad-umar-jaleel
مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ضلع کلکٹر وقارآباد سید عمر جلیل خدمات سے معطل
ضلع میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں استعمال کی گئیں ووٹنگ مشینوں کو کھلوانے اوران کی صفائی کا شاخسانہ
کانگریس کی شکایت پر مرکزی الیکشن کمیشن کا سخت اقدام !


مرکزی الیکشن کمیشن نے آج انتہائی سخت تیوراپناتے ہوئے ریاستی چیف سیکریٹری کو ایک مکتوب نمبر 51/8/16/2019-EMPS روانہ کیا ہے اور ہدایت دی ہیکہ حالیہ ریاستی انتخابات کے بعد وقارآباد کے اسٹرانگ روم میں محفوظ رکھی گئیں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پیاٹس کی مہریں توڑنے اور غیر مجاز طریقہ سے ان میں مؤجود انتخابی عمل کے مکمل ڈاٹا کی صفائی کے کاموں کے آغازکیخلاف ضلع کلکٹر و ضلعی انتخابی عہدیدار ضلع وقارآباد سید عمر جلیل کو معطل کیا جائے اور ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے ۔آج بعد دوپہر مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی اس سخت ہدایت کے بعد ساری ریاست اور ضلع بھر میں یہ معاملہ میڈیا ،سیاسی اور عوامی سطح پر مؤضوع بحث بن گیا ہے ۔یاد رہیکہ 7؍ ڈسمبر2018ء کو منعقدہ اسمبلی انتخابات میں ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ جات تانڈور ، وقارآباد، پرگی اور کوڑنگل میں استعمال کی گئیں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پیاٹس مشینوں کو وقارآباد کے زرعی مارکیٹ گودام میں محفوظ رکھا گیا تھا اور یکم ؍ فروری کو ضلع کلکٹر وقارآبادسید عمر جلیل نے ان ووٹنگ مشینوں کی جانچ اور اسمبلی انتخابات کے ڈاٹا کی صفائی کاخود سامنے رہ کر آغاز کروایا تھا اس وقت ضلع کلکٹر نے کہا تھا کہ آنیوالے پارلیمانی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ اسمبلی تانڈور اور وقارآباد میں استعمال کی گئیں ووٹنگ مشینوں کی صفائی بی۔ای۔ایل کمپنی کے انجینیئرس اور ماہرین کی 9؍رکنی ٹیم صفائی کا کام انجام دے گی اورضلع کے دیگر دو اسمبلی حلقہ جات پرگی اور کوڑنگل کے انتخابی عمل اورنتائج کے متعلق شکایات درج کرائی گئی ہیں اسی لئے ان دونوں اسمبلی حلقہ جات میں استعمال کی گئیں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو جوں کا توں رکھتے ہوئے مزید 680؍الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی اجرائی کیلئے الیکشن کمیشن سے سفارش کی گئی ہے( اس سے متعلق تفصیلی خبر کی2؍فروری کے روزنامہ راشٹریہ سہارامیں بمعہ تصویر اشاعت عمل میں لائی گئی ہے) ۔ ضلع کلکٹر سید عمر جلیل کے اس اقدام کے دوسرے ہی دن یعنی 2؍فروری کو کانگریس پارٹی نے ضلع کلکٹر کے اس عمل پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے گاندھی بھون میں سی ایل پی کانگریس ملو بھٹی وکرامارکا ،ایم ششی دھر ریڈی نے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی ، وقارآباد اسمبلی حلقہ سے شکست خوردہ کانگریسی امیدوار و سابق ریاستی وزیر جی۔ پرساد کمار اور دیگر کیساتھ ایک پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے ضلع کلکٹر وقارآباد کی جانب سے ووٹنگ مشینوں کو کھولے جانے کے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہارکیا تھااور ضلع کلکٹر وقارآباد سید عمر جلیل کی فی الفور معطلی اوراس واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ان کانگریسی قائدین کا سوال تھا کہ ایسے ووٹنگ مشینوں کو کیوں کھولا گیا جن سے متعلق معاملات عدالت میں زیر دؤراں ہیں ؟ اطلاع ہیکہ وقارآباد اسمبلی حلقہ سے شکست خوردہ کانگریسی امیدوار جی۔ پرساد کمار اپنی شکست کے بعد مختلف الزامات کے تحت عدالت سے رجوع ہوئے ہیں!بعد ازاں ان کانگریسی قائدین نے ایسی ہی شکایت چیف الکٹورل آفیسرتلنگانہ مسٹر رجت کمار سے ملاقات کرتے ہوئے تحریری طورپر حوالے کی تھی ۔مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاستی چیف سیکریٹری کو ایک آج روانہ کردہ مکتوب میں بھی انہی نکات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہیکہ چیف الکٹورل آفیسرتلنگانہ مسٹر رجت کمارنے بھی مورخہ 4؍فروری کو مرکزی الیکشن کو روانہ کردہ اپنے مکتوب نمبر 586/Elec.A/2019-5 میں ضلع کلکٹر وقارآباد سید عمر جلیل کی جانب سے غیر مجاز طریقہ سے اسٹرانگ روم اورووٹنگ مشینوں کو کھولے جانے کی رپورٹ روانہ کی ہے مرکزی الیکشن کمیشن نے اپنے مکتوب میں لکھا ہیکہ انڈر رول۔94(aa)؍ الیکشن قواعد 1991ء کے تحت لازمی ہیکہ جب تک ہائیکورٹ میں داخل کردہ شکایت کا فیصلہ نہیں ہوجاتا اس وقت تک ان اسمبلی حلقہ جات کی ووٹنگ مشینوں کو ضلعی الیکشن آفیسر کی نگرانی میں خصوصی دستوں کیساتھ سخت تحفظ فراہم کرتے ہوئے محفوظ رکھا جائے۔شام دیر گئے موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ریاستی حکومت نے ضلع کلکٹر وقارآباد سید عمر جلیل کی معطلی کے احکام جاری کردئیے ، سید عمر جلیل
جن کا 1998ء کے آئی اے ایس بیاچ سے تعلق ہے نے 5؍جنوری کو بحیثیت ضلع کلکٹر وقارآباد اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا تھا اور اس سے قبل وہ تین سال تک اسپیشل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبودکے عہدہ پر فائز تھے۔

Vikarabad collector Syed Omar Jaleel suspended by state government for violating EC rules

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں