کیلیفورنیا میں محفل ادب - ابن صفی کی جاسوسی دنیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-02-21

کیلیفورنیا میں محفل ادب - ابن صفی کی جاسوسی دنیا

Mahfil-e-Adab - Ibne Safi ki Jasusi Dunya, Sibley Auditorium, Berkeley, California
انسٹیٹیوٹ برائے ساؤتھ ایشیا اسٹڈیز اور برکلے اردو ترویج نے اردو کے جاسوسی ادب پر مختص ایک شام کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ 23/فروری بروز ہفتہ کو بیکٹل انجینئرنگ سنٹر، سبلے آڈیٹوریم، برکلے (کیلیفورنیا) میں یہ تقریب مقامی وقت کے مطابق شام تین تا پانچ منعقد ہوگی۔
اس تقریب کے منتظم یونیورسٹی آف کیلیفورنیا (برکلے) کے شعبہ 'جنوب اور جنوب مشرق ایشین اسٹڈیز' کے اردو لکچرار گریگوری میکس ویل بروس ہیں۔ تقریب کو انسٹیٹیوٹ برائے ساؤتھ ایشیا اسٹڈیز [Institute for South Asia Studies] ، برکلے اردو ترویج [The Berkeley Urdu Initiative] اور کیلیفورنیا پاکستانی طلبا اسوسی ایشن [Cal Pakistani Students Association] نے اسپانسر کیا ہے۔
اس ادبی محفل کی بنیادی توجہ ابن صفی (1928-1980) کے تخلیق کردہ جاسوسی ادب پر مرکوز رہے گی۔
ہندی/اردو فکشن کے کسی مصنف نے ہندی/اردو ادب کے مقامی کرداروں کو اگر بین الاقوامی مقبولیت اور وسیع المشربیت عطا کی ہے تو وہ بلاشبہ ابن صفی ہی ہیں۔ جاسوسی دنیا اور عمران سیریز کے لیے 1950 کی ابتدا میں تحریر کردہ ابن صفی کے ناولوں نے ہند و پاک کے اردو داں قارئین کے درمیان بےپایاں مقبولیت حاصل کی۔
ان ناولوں کی تیکھی اور انوکھی نثر، تجسس آمیز پلاٹ، دلچسپ بیانیہ اور ناقابل فراموش کرداروں نے بیسویں اور اکیسویں صدی کے بےشمار مقبول ہندی/اردو قلمکاروں کو متاثر کیا ہے جن میں جاوید اختر (پ: 1945) بھی شامل ہیں جنہوں نے بالی ووڈ کی چند مقبول فلمیں تحریر کی ہیں۔
ابن صفی کے یہ ناول متنوع صنفی مذاکرات کے علاوہ ادبی، ثقافتی و سیاسی حلقوں، میدانِ تراجم اور مختلف ادبی و قومی تحریکات و نوآبادیات کے دوران زیر بحث رہے ہیں۔

پروگرام کے آخر میں ابن صفی کے فرزند احمد صفی سے بھی گفتگو پیش کی جائے گی۔ کیلی فورنیا کے اردو طلبا ابن صفی کے ناولوں سے دلچسپ چنندہ اقتباسات پڑھ کر سنائیں گے۔
اس تقریب میں داخلہ مفت ہوگا۔

واضح رہے کہ برکلے اردو ترویج [The Berkeley Urdu Initiative] کا آغاز ستمبر 2011 میں ہوا تھا تاکہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا (برکلے) میں اردو تعلیمی پروگرام کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی ترویج و توسیع کی جائے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا (برکلے) مطالعاتِ جنوبی ایشیا کے حوالے سے بین الاقوامی سطح کا مشہور تعلیمی ادارہ ہے اور ان چند امریکی تعلیم گاہوں میں اس کا شمار ہوتا ہے جو گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے تعلیمی کورس کے ذریعے جنوب ایشیا خطے کے متعدد پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ جنوبی ایشیا نصاب کے ایک لازمی حصے کے طور اردو مطالعہ میں دلچسپی کا رجحان ترقی پذیر ہے۔ "برکلے اردو ترویج" اس رجحان کو مزید چند برسوں میں قوی تر کرنے کے لیے پرعزم و پرامید ہے۔ اس منصوبے میں مالی اعانت کی خاطر مندرجہ ذیل ترجیحات شامل ہیں:
  • اردو تعلیم کے لیے وقف ایک جرنل کا قیام
  • فنڈ کے حصول کے لیے اردو تقریبات
  • فنکار/اسکالر کے تعارف پر مبنی تقریب
  • کسی کتاب پر انعام

Mahfil-e-Adab - Ibne Safi ki Jasusi Dunya: A Celebration of Urdu Spy Fiction
Special Event at Bechtel Engineering Center, Sibley Auditorium, Berkeley, California on 23rd Feb. 2019

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں