ہندوستانی حج کوٹہ میں اضافہ - دو لاکھ عازمین حج کی اجازت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-02-21

ہندوستانی حج کوٹہ میں اضافہ - دو لاکھ عازمین حج کی اجازت

india-hajj-quota-2lakh
ہندوستانی عازمین کا سالانہ کوٹہ اس سال سے بڑھا کر دو لاکھ کر دیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ذرائع نے دی ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے ساتھ وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر حج مختار عباس نقوی کی ملاقات کے بعد یہ اضافہ عمل میں آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مختار عباس نقوی نے سعودی ولی عہد کی توجہ ہندستان میں مسلم آبادی کے تناسب کی طرف مبذول کراتے ہوئے اس اضافے کی تجویز پیش کی گئی جس سے محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اتفاق کیا۔ اس طرح اب ہندوستانی عازمین کا کوٹہ پاکستان کے حج کوٹہ (ایک لاکھ 84 ہزار 210) سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے عہد میں حج کوٹے میں یہ تیسرا اضافہ ہے۔ 2014 میں جہاں یہ کوٹہ ایک لاکھ 36 ہزار کیا گیا تھا وہیں 2018 میں اسے بڑھا کر ایک لاکھ 75 ہزار کر دیا گیا۔ اب اس سال دو لاکھ ہندوستانی عازمین سعادت حج ادا کر سکیں گے۔
اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان سے آزادی کے بعد پہلی مرتبہ اتنی بھاری تعداد میں عازمین سفر حج کریں گے۔

مسٹر نقوی کے مطابق ان دو لاکھ ہندوستانی عازمین حج میں 2340 ایسی مسلم خواتین بھی ہوں گی جو محرم کے بغیر حج کریں گی۔ وزیر حج نے ہندوستانی عازمین کا کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ کر دینے پر وزیراعظم نریندر مودی ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزيز السعود اور وزیر خارجہ سشما سوراج کا شکریہ ادا کیا۔

Saudi Arabia increases India's Hajj quota to 2 lakh after Modi-MBS talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں