قطب شاہی دور میں تعمیرکردہ حیات نگر کی مسجد حیات بخشی بیگم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-01-08

قطب شاہی دور میں تعمیرکردہ حیات نگر کی مسجد حیات بخشی بیگم

مسجد حیات بخشی بیگم اور سرائے کے مرمتی کام آٹھ (8) سال بعد بھی نامکمل
فنڈس کی کمی کے باعث بار بار کام منقطع


حیات نگر میں واقع مسجد حیات بخشی بیگم جو جامع مسجد حیات نگر کے نام سے بھی مشہور ہے، قطب شاہی سلطنت کے ساتویں حکمراں سلطان عبداللہ قطب شاہ کے دور حکومت میں سن 1672 میں تعمیر کروائی گئی تھی۔ اس مسجد کو قطب شاہی سلطنت کے پانچویں سلطان محمد قلی قطب شاہ کی صاحبزادی، چھٹے سلطان محمد قطب شاہ کی بیگم اور ساتویں حکمران عبداللہ قطب شاہ کی والدہ محترمہ حیات بخشی بیگم (جو ماں صاحب کے نام سے بھی مشہور ہیں) نے تعمیر کروایا تھا۔
قطب شاہی طرز تعمیر کی یہ ایک بڑی مسجد، ہندوستان کی قدیم ترین مسجدوں میں سے ایک ہے۔ مسجد کی پانچ دوہری کمانیں اور دو شاندار مینار ہیں۔
saraaye-masjid-hayat-bakhshi-begum
چونکہ یہ مسجد اس زمانے میں سورت اور مسولی پٹنم (جو اب مچھلی پٹنم کے نام سے مشہور ہے) کو جانے والا اہم راستہ تھا۔ لہذا ان شہروں سے تجارت کے لیے گولکنڈہ آنے والے تاجرین کے قیام کی خاطر حیات بخشی بیگم نے مسجد کے احاطے میں ہی 134 کمروں پر مشتمل ایک سرائے بھی تعمیر کروائی تھی۔ مسجد کے احاطہ میں ایک اور خاص چیز "ہاتھی باؤلی" ہے جس میں ہاتھی بھی اتر سکتے تھے۔
آرکیالوجی اور میوزیمس کے ادارہ نے تزئین کاری کے کاموں کا آغاز کیا تھا اور اس کام کو دو مرحلوں میں بانٹا گیا تھا۔ اب تک دونوں مینار اور سرائے کے تقریباً 50 کمروں کی مرمت اور تزئین مکمل کی جا سکی ہے۔ مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ فنڈس کی قلت کے باعث مرمت اور تزئین کا کام کئی بار بند کیا جاتا رہا ہے، علاوہ ازیں جو کام بھی کیا جاتا ہے وہ نہایت سست رفتاری سے انجام پاتا ہے۔

The renovation of Masjid Hayat Bakhshi begum at Hayatnagar, Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں