کشمیری آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل سرکاری ملازمت سے مستعفی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-01-10

کشمیری آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل سرکاری ملازمت سے مستعفی

shah-faesal-kashmir
کشمیر میں شہریوں کی ہلاکتوں سے دلبرداشتہ
نیشنل کانفرنس میں شمولیت کا قوی امکان

سن 2010 بیچ کے آئی اے ایس ٹاپر اور جموں و کشمیر کے آئی اے ایس افسر شاہ فیصل نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ مبینہ طور پر عنقریب جموں و کشمیر کی سب سے قدیم سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ امکان ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بارہ مولہ [Baramulla] پارلیمانی حلقہ انتخاب سے انہیں نیشنل کانفرنس کا ٹکٹ دیا جائے گا۔
شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ [Kupwara] کی وادی لولاب [Lolab valley] سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ شاہ فیصل تعلیمی رخصت پر امریکہ میں مقیم تھے۔ سرکاری ملازمت سے رضاکارانہ طور پر مستعفی ہونے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے اس حوالے سے گذشتہ روز انہوں نے تحریری درخواست بھی ارسال کر دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شاہ فیصل اس وقت وادی میں ہیں اور سرکاری ملازمت سے استعفیٰ منظور ہونے کے ساتھ ہی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔
شاہ فیصل نے سرکاری ملازمت سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی زندگیاں معنی رکھتی ہیں۔ وہ کشمیر میں ہلاکتوں کے نہ تھمنے والے سلسلے اور مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی قابل اعتماد سیاسی پہل شروع نہ کئے جانے کے احتجاج میں مستعفی ہو رہے ہیں۔

شاہ فیصل جمعہ 11/جنوری کو پریس کانفرنس سے خطاب کے ذریعے اپنے مستقبل کے منصوبے کا اعلان کریں گے۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہ فیصل کا سیاست کی دنیا میں خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا:
"بیوروکریسی کا نقصان ، سیاست کا فائدہ ہوا ہے۔ شاہ فیصل کا سیاست کی دنیا میں خیرمقدم کرتا ہوں"۔




IAS Topper Shah Faesal Resigns from services

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں