خدا کی بستی - ناول از شوکت صدیقی - ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-12-30

خدا کی بستی - ناول از شوکت صدیقی - ڈاؤن لوڈ

khuda-ki-basti-shaukat-siddiqi
"خدا کی بستی" شوکت صدیقی کا اردو ناول ہے۔ اس ناول کے اب تک تقریباً 50 ایڈیشن مختلف ناشرین کے زیراہتمام شایع ہو چکے ہیں۔
یہ اردو کا واحد ناول ہے جس کا انگریزی کے علاوہ 41 دیگر زبانوں میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے۔ اس ناول کو 1960ء میں پاکستان کا باوقار "آدم جی ادبی انعام" بھی مل چکا ہے۔

اس ناول کو ڈرامائی تشکیل بھی دی گئی اور پاکستان ٹیلی وژن سے پانچ مرتبہ نشر ہوا۔
پاکستان کے مشہور ڈراما نویس و افسانہ نگار اشفاق احمد ڈراما سیریل خدا کی بستی کے بارے میں کہتے ہیں:
” جب (پاکستان ٹیلی وژن) کراچی اسٹیشن سے خدا کی بستی کا سلسلہ شروع ہوا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ دنیا کے مشہور سلسلہ وار پروگراموں کی طرح پاکستان کا یہ سیریل شہرتِ عام حاصل کر کے فنا کے چکروں سے نکل کر لازوال ہوجائے گا، لوگوں کو اس کے مکالمے حفظ ہوجائیں گے اور جس روز اس کی قسط چلا کرے گی بڑے شہروں کی سڑکیں سنسان اور چھوٹے قصبوں کی زندگی سکوت میں تبدیل ہوجایا کرے گی۔ سینما گھروں کی روشنیاں ماند اور ٹی وی سیٹس کے گرد چہروں کی ضیائیں روشن تر ہوجایا کریں گی۔ محض اس سیریل کے زور پر (پی ٹی وی مرکز) کراچی اپنے پورے زور سے اُبھرا اور مختصر وقفے میں لمبی جست لگا کر بامِ عروج پر پہنچ گیا۔ اس سیریل نے (پی ٹی وی مرکز) کراچی کو بہت پیچھے سے بہت آگے کھڑا کیا۔

شوکت صدیقی 20 مارچ، 1923ء کو برطانوی ہندوستان کے علاقے لکھنؤ میں پیدا ہوئے تھے۔ 1946ء میں سیاسیات میں ایم اے کرنے کے بعد 1950ء میں کراچی (پاکستان) منتقل ہو گئے۔ کراچی میں علالت کے بعد 16 دسمبر، 2006ء کو ان کا انتقال ہوا اور کراچی ہی میں دفن ہوئے۔

انگریزی روزنامہ "انڈین ایکسپریس" (دہلی) میں معروف ادیب خشونت سنگھ اس ناول پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
مصنف نے بڑے کینوس پر ناکارہ ریاستی نظم و نسق ، حکمراں طبقے کی مکروہ بدعنوانی اور دیانت دار اور محبت وطن عناصر پر نااہل اور بداطوار لوگوں کی بالادستی کی نہایت اعلیٰ تصویر کشی کی ہے، جہاں امیر، امیر ترین اور غریب ، غربت اور تنگدستی کی مزید گہرائی میں گرتے جا رہے ہیں۔ "خدا کی بستی" بدعنوان پاکستانی معاشرے پر بڑا بھرپور طنز ہے۔

ڈاکٹر حنیف فوق اپنے تنقیدی تجزیہ "خدا کی بستی اور ناول نگاری" میں لکھتے ہیں:
'خدا کی بستی' میں اپنے دور کی زندگی بڑی صداقت کے ساتھ پیش کی گئی ہے۔ شہری تمدن کے نقوش ، جن میں سماجی مرتبے کی خواہش ، دولت کے حصول کی اندھی طلب، مستقبل کا خوف، بیروزگاری ، بھوک ، بےراہ روی، جنس، ہنگامہ اور تصنع نمایاں عناصر کی حیثیت رکھتے ہیں، اس ناول میں فنکارانہ طنز کے ساتھ ابھارے گئے ہیں۔

خدا کی بستی - اردو ناول۔ تجزیہ از: اکرام الحق

***
مذکورہ ناول پ۔ڈ۔ف فائل شکل میں آرکائیو ڈاٹ آرگ پر موجود ہے

ناول: خدا کی بستی
مصنف: شوکت صدیقی
سن اشاعت: 1958
ناول کے صفحات: 530
پی۔ڈی۔ایف فائل کے صفحات: 266
فائل حجم: 13 میگابائٹس
لنک:
https://archive.org/details/KhudaKiBastiUrduNovelByShoukatSiddiquiZemtime.com

ناول کا براہ راست ڈاؤن لوڈ لنک:
Khuda Ki Basti Urdu Novel by Shoukat Siddiqui - Zemtime.com.pdf

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں