تانڈور میں کانگریس اور بی۔جے۔پی کے انتخابی جلسے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-12-04

تانڈور میں کانگریس اور بی۔جے۔پی کے انتخابی جلسے

congress-bjp-election-rallies-tandur
عوام کے درمیان نفرت پھیلانے والے نریندر مودی اور بی جے پی ملک کیلئے خطرہ
تلنگانہ سے ٹی آر ایس کو اور2019کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کیا جائے گا
تانڈورمیں صدر کل ہند کانگریس کمیٹی راہول گاندھی کاانتخابی جلسہ سے خطاب ، اتم کمارریڈی، کودنڈا رام ، غدر اور دیگر کی شرکت

تانڈور، (3/دسمبر)
صدر کل ہند کانگریس کمیٹی راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کیخلاف یہ سخت ریمارک کیا ہیکہ عوام کے درمیان نفرت پھیلانے والے مودی اور بی جے پی ملک کیلئے خطرہ ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ 2019ء میں ہونے والے پارلیمنٹ کے انتخابات میں مودی اور بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کردیا جائے گا وہیں علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد یہاں کے عوام کے خوابوں اور خواہشات کی تکمیل نہ کرنے والے کارگزار وزیر اعلیٰ و ٹی آرایس سربراہ کے سی آر کو جاریہ اسمبلی انتخابات میں شکست دیتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا راہول گاندھی آج ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ تانڈور کے ولیم مون اسکول گراؤنڈ پر منعقدہ عظیم اتحاد کے کانگریسی امیدوار پائلٹ روہت ریڈی کے پرجا چیتنیا سبھا سے خطاب کررہے تھے جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی عوامی جلسوں میں میرا مذاق اڑاتے ہیں اور میرے خاندان کو گالیاں دیتے ہیں لیکن کے سی آر کے متعلق ایک لفظ نہیں کہتے کیونکہ ٹی آرایس پارٹی مرکز میں نریندر مودی حکومت کی مکمل مدد کرتی ہے راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ جب نوٹ بندی سے سارا ملک پریشان تھا اورسب نے اس کو ملک اور عوام کیلئے نقصاندہ قرار دیا تو وہیں ٹی آر ایس پارٹی نے نوٹ بندی کی تائید کی راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ جب مرکز کی مودی حکومت کیجانب سے جی ایس ٹی نافذ کیا گیا تو سارے ملک نے اسکی مخالفت کی اور جی ایس ٹی کے باعث ملک میں کروڑ وں لوگ بیروزگار ہوگئے ،کئی کاروبار تباہ ہوگئے لیکن کے سی آر نے جی ایس ٹی کی تائید کی راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ ہند کے انتخابات میں بھی ٹی آرایس پارٹی نے بی جے پی کی تائید کی راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں جب بھی ضرورت پڑی ٹی آر ایس نے مودی حکومت کی تائید کی یہی وجہ ہیکہ بی جے پی اور ٹی آرایس میں یہ مفاہمت ہوئی ہیکہ مرکز میں رہ کر نریندرمودی ملک چلائیں اور تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کریں
راہول گاندھی نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ ساڑھے چار سال کے دؤران نریندر مودی خاموش رہے اور کے سی آر مودی کی تعریف کرتے رہے راہول گاندھی نے کہا کہ کے سی آر مجلس کے ساتھ ہیں ٹی آرایس ہمیشہ بی جے پی کی مدد کرتی ہے ان کی پارٹنر شپ توڑنی ضروری ہے اور یہ کام کانگریس کرے گی انہوں نے کہا کہ پہلے بی اور سی کو شکست دینا ہے اس کے بعد اے کو شکست دی جائے گی اور عظیم اتحاد کا مقصد تلنگانہ میں ٹی آرایس کوشکست دینا ہے ۔راہول گاندھی نے اس جلسہ سے اپنے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد عوام نے بہت سے خواب دیکھے تھے لیکن کے سی آر نے سنہرہ تلنگانہ کا خواب دکھاکرعوام کو دھوکہ دیا اور صرف اپنے ہی خاندان کو فائدہ پہنچایا راہول گاندھی نے کہا جس وقت تلنگانہ ریاست وجود میں آئی تھی اس پرکوئی قرض نہیں تھابلکہ 17؍ ہزار کروڑ کی فاضل رقم والی ریاست تھی اور آج تلنگانہ کے ہر خاندان پر ڈھائی لاکھ کا قرضہ ہے مگر کے سی آر کے فرزند کی آمدنی چارسو فیصد بڑھ گئی ہے راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ میں عظیم اتحاد کی کامیابی کے بعد تمام انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گاراہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ کسانوں کو تلنگانہ میں ان کی فصلوں کیلئے امدادی قیمت نہیں دی جاتی ، کسانوں کو قرض نہیں دیا جاتا اورنہ ان کا قرض معاف کیاجاتا ہے انہوں نے اعلان تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار پر آنے کے بعد آبادی کے تناسب سے گریجنوں اور آدیواسیوں کو تحفظات فراہم کئے جائیں گے اور ان کی اراضیات ، جنگل اور پانی کا تحفظ کیا جائے گا ،ریاستی بجٹ کا 20؍فیصد حصہ تعلیم کے لئے مختص کیا جائے گا ، کسانوں کو دولاکھ کا قرض یکمشت معاف کیا جائے گا
لینڈ بل کو تلنگانہ میں رائج کریں گے،کسانوں کو دھان کیلئے 2000؍روپئے، کپاس کیلئے 7000؍روپئے ، ہلدی اور مرچ کیلئے 10,000؍روپئے کی امدادی قیمت طئے کی جائے گی جس سے کسانوں کی محنت کا پورا پیسہ ملے گااور بے گھر افراد کو گھر بنانے کیلئے پانچ لاکھ روپئے دئیے جائیں گے انہوں نے الزام عائد کیا کہ خواتین نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا تھا لیکن کے سی آرنے انہیں بھی نظر انداز کردیا اور اعلان کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار پر آنے کے بعد خواتین کے ہر گروپ کو ایک لاکھ روپئے کی گرانٹ ، سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کو گھریلو صنعتوں کے قیام کیلئے500؍کروڑروپئے کا فنڈ مختص کیا جائے گااور خواتین گروپس کو دس لاکھ تک کا قرض دیا جائے گا راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں ریمارک کیا کہ کے سی آر نے عوام کا پیسہ اپنے خاندان کو دیا اور ہم وہی پیسہ تلنگانہ میں اسکولس ، اسپتالس پر لگائیں گے ، ہر منڈل میں 30؍ بستر وں کے حامل اسپتال قائم کئے جائیں گے، پنچایت راج نظام کو دوبارہ بحال کیا جائے گا اور جن نوجوانوں نے تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا تھا ان تمام کو روزگار دیا جائے گا جبکہ بیروزگارنوجوانوں کو ملازمت کے حصول تک ماہانہ تین ہزار روپئے کا الاؤنس دیا جائے گا،ریاست میں اسکولس ،کالج ، یونیورسٹیز قائم کئے جائیں گے صدر کل ہند کانگریس کمیٹی راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ کانگریس کے اقتدار پر آنے کے بعدعظیم اتحاد کے انتخابی منشور پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ اس جلسہ سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ، انچارج تلنگانہ کانگریس آرسی کنتیا ، صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام ، انقلابی گلوکار غدر ، ، رکن پارلیمان چیوڑلہ کونڈہ وشویشورریڈی ،انچارج کانگریس تانڈور ایم ۔ رمیش ،کانگریسی امیدوار پائلٹ روہت ریڈی اور دیگر نے خطاب کرتے ہو ئے تانڈور کی ترقی ، ملک میں دوسرا مقام رکھنے والی تانڈور کی فضائی آلودگی کے خاتمہ ، پتھر کی صنعت کی ترقی کیلئے اقدامات ، تور بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور دیگر مسائل کے حل کے لئے حلقہ اسمبلی تانڈور سے کانگریسی امیدوارپائلٹ روہت ریڈی کوکامیاب بنانے کی اپیل کی۔یاد رہیکہ اندرون ایک ہفتہ راہول گاندھی نے ضلع وقارآباد کے تین اسمبلی حلقہ جات کوڑنگل ، پرگی اور آج تانڈور کا دؤرہ کیا آج کے اس جلسہ کے بعد یہاں کانگریسیوں میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے جبکہ مقامی کانگریسی قائدین کا کہنا ہیکہ آج کے اس جلسہ میں میڈیا اور اپوزیشن قائدین کی جانب سے کانگریس پارٹی سے ناراض قراردئیے جانے والے انچارج کانگریس حلقہ اسمبلی تانڈور ایم۔ رمیش ، سابق صدر ڈی سی سی بی پی۔ لکشما ریڈی اور سابق صدر نشین بلدیہ وشواناتھ گوڑ کی شرکت سے عوام میں ایک بہترین پیغام گیا ہے اور کانگریس پارٹی یہاں مزید مضبوط ہوئی ہے ۔!!

پاکستان سے ملک میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کو گولی کا جواب گولی سے ہی دیاجارہا ہے
مودی حکومت میں سب کا ساتھ سب کا وکاس ، ٹی آرایس ،کانگریس ،مجلس اور تلگودیشم پر مذہب کے نام پر سیاست کرنے کا الزام
تانڈور میں وزیراعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا انتخابی جلسہ سے خطاب

تانڈور،(2/دسمبر)
وزیر اعلیٰ اتر پردیش یو گی آدتیہ ناتھ نے کہا ہیکہ پاکستان سے ملک میں داخل ہونے والے دہشت گرد گولی کی زبان گولی سے ہی سمجھتے ہیں اور اس کا جواب گولی سے ہی دیاجارہا ہے ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرکز کی نریندرمودی حکومت میں بناء ذات پات اور مذہب کی تفریق کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس کے نعرے پر عمل کرتے ہوئے ہر ایک کو اس کا حق دیا جارہا ہے وہ آج یہاں کے گورنمنٹ جونیئرکالج گراونڈ پر بی جے امیدوارحلقہ اسمبلی تانڈور پٹیل روی شنکر کے انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سونیا گاندھی اپنے فرزند راہول گاندھی کو وزیراعظم ،ٹی آرایس سربراہ و کارگزار وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر اور وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش چندرابابو نائیڈو اپنے اپنے فرزندان کو وزیراعلیٰ بنانے کی کوشش می ہیں اور جمہوریت کی بقاء کیلئے اس کو روکنا ضروری ہے اور دعویٰ کیا کہ بی جے پی عوام کی پارٹی ہے اور جس طرح نریندرمودی وزیراعظم اور وینکیا نائیڈو نائب صدر جمہوریہ بن سکتے ہیں اسی طرح جمہوریت میں ہر شہری کوئی نہ کوئی اعلیٰ عہدہ پر فائز ہوسکتا ہے انہوں نے جمہوریت کے تحفظ اور ریاست کی ترقی کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی وزیر اعلیٰ اتر پردیش یو گی آدتیہ ناتھ نے اس انتخابی جلسہ سے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس ،کانگریس اور تلگودیشم ذات پات اور مذہب پر مشتمل اورمجلس اتحادالمسلمین مذہبی سیاست کررہی ہے اور مجلس پر یہ رکیک حملہ بھی کیا کہ جب تلنگانہ میں بی جے پی اقتدار پرآئے گی تو مجلس کو بھی نظام کی طرح بھاگنا پڑے گا !! یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ مرکز میں بی جے پی دؤر حکومت میں غریبوں کو 1200؍کروڑ ایل پی جی کنکشن دئیے گئے اورکہا کہ اویش بھارت اسکیم کے تحت کے 60؍ کروڑافراد کو طبی فائدہ پہنچایا گیاساتھ ہی وزیر اعلیٰ اتر پردیش یو گی آدتیہ ناتھ یہ دعویٰ بھی کرگئے کہ مرکز میں زیراقتداربی جے پی دؤرحکومت میں ملک کو ترقی دی گئی ،عوام کا استحصال نہیں کیاگیا اور بی جے پی کے دؤر حکومت میں تمام شہری محفوظ ہیں!یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ ملک کی پانچ ریاستوں تلنگانہ ، راجستھان ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور میزورم میں ہورہے اسمبلی کے انتخابات میں بی جے پی کامیابی حاصل کرے گی یو گی آدتیہ ناتھ نے ٹی آرایس حکومت پر الزام عائد کیا ریاست میں عوام کے جذبات سے کھیلتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا گیا اور وزیر علیٰ کے سی آر سے استفسار کیا کہ انہوں نے کیوں دلت طبقہ کے فرد کو وزیراعلیٰ کا عہدہ نہیں دیا اور کیوں دلت طبقہ کوتین ایکڑ اراضی ، گھر گھر پانی ،ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کا وعدہ پورا نہیں کیا انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس کو اب ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ مرکز اور بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں ، غریب طبقات کی فلاح کیلئے، کسانوں کیلئے ، نوجوانوں کیلئے کئی ایک اسکیمات متعارف کی گئیں انہوں نے معمار دستورڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے خوابوں کو پورا کئے جانے کا بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہا گجرات میں سردار پٹیل کی سب سے بڑی مورتی ایستادہ کرنے کا اعزازبھی بی جے پی کو حاصل ہوا ہے۔

Congress & BJP's election rallies in poll-bound Telangana's Tandur.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں