میں کتھا سناتا ہوں۔ عاتق شاہ - قسط:21 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-12-20

میں کتھا سناتا ہوں۔ عاتق شاہ - قسط:21



لندن سے امریکہ، امریکہ سے پیرس سے سارا یورپ گھومتی ہوئی آخر تم کہاں کہاں پہنچیں؟
پھر خلیجی ریاستیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سعودی عرب!
ریاض!!
مسقط!!
دوبئی!!
شارجہ!!
اور۔۔۔۔ اور ۔۔۔ ہپ ہپ ہرے!!
پٹرول ڈالر!
ناچو۔۔۔ کودو۔۔۔ شورمچاؤ!!
پیار کیا توڈرنا کیا۔۔۔۔۔۔ ہلو ہلو میں دبئی سے بول رہاہوں۔۔۔میں شارجہ سے بول رہا ہوں۔
میں ابو ظہبی سے بول رہا ہوں۔
ایر بکنگ۔۔۔اور نذرانہ بھی پیش کیاجائے گا۔ ایک مشاعرہ نہیں۔ کئی مشاعرے ہوں گے ۔ہلو ہلو۔فوراً چلے آئیے اور ہاں حضرت فتنہ کو بھی لے آئیے۔ چار سال پہلے یہ تشریف لائے تھے اور آج تک ان کی آواز ریگستانوں میں گونج رہی ہے ۔ شعلہ صاحب بھی آرہے ہیں۔ ان کا کنفرمیشن لیٹر مل گیا ہے ۔ اگرمحترمہ شبنم بھی آجائیں تو پوچھئے مت۔ ریت میں میٹھے پانی کے چشمنے ابل پڑیں ،معاف کرنا پانی کے نہیں، پٹرول کے۔ہاہاہا۔
پھر چاند ی ہی چاندی۔ رال ۔۔۔ ڈالر۔۔ہلوہلو!
ہلو ہلو! میں ورلڈ اردوکانفرنس کا کنوینربول رہا ہوں۔فیض اور اقبال پر سیمینار ہے ، معاف کرنا اقبال اور فیض پر سمینار ہے ۔ آپ کی شرکت بے حد ضروری ہے ۔ آپ کا ایک پیپر ہوجائے ۔ اہل سعودی آپ کے استقبال کے مشتاق ہیں اور حضور سنئے۔ انتظامات آپ کے شایان شان ہوں گے ۔ ہلو ہلو۔ اچھا سن لیا۔ یہی نہ کہ ابھی آپ کے یہاں کوئی مقالہ نہیں مگر یہ کون سی بڑی بات ہے ۔ یہاں پہنچنے کے بعد بھی لکھ سکتے ہیں۔ بس قلم اٹھائیے، اور تحریر کیجئے ۔ ورنہ تقریر ہی کردیجئے اور فرمادیجئے کہ اچانک مزاج کی ناسازی کی وجہ سے نہ لکھ سکا۔۔۔ اہا اہا۔۔۔ لوگ سمجھ جائیں گے کہ یہ آپ کی مجبوری تھی ۔ اہا اہا۔۔۔ بھئی آپ کی جو تقریر ہوگی کیا مقالے سے کم ہوگی۔ کئی سو مقالوں پر حاوی ہوگی ۔ اقبال اینڈ فیض، فیض اینڈاقبال ونڈر فل ٹاپک ہے ، مزہ آجائے گاتو طے ہوا نا۔ اب پروگرام میں آپ کا نام دے رہا ہوں ، اور آج ہی اخبارات کے لئے آپ کی تشریف آوری کی نیوز بھی ریلیز کررہا ہوں۔نوازش۔۔۔۔ کرم فرمائی۔۔ شکریہ۔ہلو ہلو ۔۔
اب تمہیں یقین ہوا کہ تم میں کتنی طاقت اور بل ہے ۔ صرف تمہارے نام پر ہزاروں ، لاکھوں اور کروڑوں روپے کے ہیر پھیر ہوجاتے ہیں فلم بنانے والے کیا نہیں کرتے۔اب یہ دوسری بات ہے کہ اردو غزل اور اردو مکالمے ہندی کے نام سے آتے ہیں۔ ہوں گی بے چاروں کی کوئی مجبوری، لیکن ایک بات اپنی جگہ پکی ہے کہ تم جس پر مہربان ہوگئیں وہ بس نہال ہوگیا ،تم لاکھوں پر دوں کے پیچھے سے بولو۔لوگ تمہیں پہچان لیں گے ۔
بھلالتا، منگیشکر کوکون دیکھتاہے ۔ہونٹ کسی اور کے حرکت کرتے ہیں لیکن سننے والے فوراً کہہ اٹھتے ہیں کہ یہ تولتا ہے ، لتا کی بات آئی ہے تو چلو اب تولتا ہی کو لے لو۔ اس نے اور اس کی طرح دوسرے موسیقاروں نے خلیجی ریاستوں میں تمہارے نام پر کتنا کچھ کمایا۔ جانتی ہو؟
میں کوئی محکمہ انکم ٹیکس میں تو نہیں ہوں جو ان کا حساب کتاب رکھوں لیکن ان تمام باتوں سے ایک بات سامنے آتی ہے کہ اردو عوام تمہیں کتنا چاہتے ہیں اور تمہاری ایک ایک ادا اور ایک ایک شعر پر اپنی جیبیں الٹ دیتے ہیں۔ یہاں تک کہ خواتین اپنے سونے کے ہار گلوں سے نکال کر اسٹیج پر پھینک دیتی ہیں اور مرد اپنی انگلیوں میں چمکتی ہوئی انگوٹھیوں کو ۔
یہ اعزاز دنیا کی کسی زبان کی شاعری کو حاصل نہیں ہے!
لیکن ایک بات آج تک سمجھ میں نہیں آئی کہ آخر تم وہاں کیا کررہی ہو!پہلے سنا تھا کہ تمہیں اقامہ مل گیا ہے اور اب معلوم ہوا کہ تم حالت سفرمیں ہو!
بھئی کمال ہے اتنے برسوں سے ہو اور آض تک تمہیں وہاں کی شہریت نہیں ملی۔جب کہ امریکہ ، لندن اور اکثر مغربی ممالک نے تمہیں گرین کارڈ سے دیا ہے ۔ اور وہاں کے اقلیتی طبقے کی تم ایک اہم زبان سمجھی جاتی ہو۔ یہی نہیں بلکہ وہاں کے اسکولوں میں بچے بہ حیثیت مضمون تمہیں پڑھتے ہیں اور اب لندن تو اردو کا ایک مرکز بنتا جارہا ہے ۔ لیکن وہاں خلیجی ریاستوں میں تم!
تمہاری خاموشی بڑی عجیب و غریب ہے یہ لفظ میں نے اس لئے استعمال کیا ہے کہ تمہاری خاموشی سے کئی شبہات پید اہوتے ہیں۔ اگر تم برا نہ مانو تو ایک بات پوچھوں اور وہ یہ کہ تم وطن سے باہر کیسے گئیں؟ کیا تمہیں ویزا اور پاسپورٹ ملا؟ کیا سرکار نے تمہیں باہر جانے کی اجازت دی ہے؟ اگر نہیں تو میں اتنا ہی کہوں گا کہ تم یہاں سے فرار ہوئی ہو۔ ایسی صورت میں ہم وطن تمہیں شبے کی نظر سے دیکھیں گے اور دیکھ رہے ہیں ۔ اپنے اس عمل میں وہ یقینا حق بہ جانب ہیں اور انہیں یہ کہتے ہوئے کبھی تامل نہیں ہوگا کہ تم جاسوس ہو۔۔۔ جاسوس! سنا تم نے میں نے کیا کہا؟
معاف کرنا۔ اپنے نہ وطنوں کا ذکر کرکے میں نے سب کے تعلق سے ایک غلط ریمارک پاس کیا ہے دراصل میں یہ کہنا چاہ رہا تھا کہ ہمارے ملک میں اب بھی ایسے فرقہ پرست اور انسان دشمن افراد موجود ہیں جن کی آنکھوں میں تم کھٹکتی ہو اور جو کہتے ہیں کہ اردو مسلمانوں کی زبان ہے ۔ اردوباہر سے آئی ہے اور اردو ملک دشمن ہے ۔ اردو۔۔۔اردو!!! یہ وہ لوگ ہیں جو کہ اردو کے دشمن نہیں بلکہ ملک کے دشمن ہیں۔ ہمارے دستور کے دشمن ہیں اور سیکولر کردار کے دشمن ہیں۔ سوشلسٹ سماج کے دشمن ہیں ، اور جو چاہتے ہیں کہ ہندوستان کو ہزاروں سال پیچھے لے جائیں۔


A bitter truth "Mai Katha Sunata HuN" by Aatiq Shah - episode-21

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں