موٹرسائیکل ڈائریز - فلم جائزہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-09-15

موٹرسائیکل ڈائریز - فلم جائزہ

the-motorcycle-diaries-film
سیکھنے کے تین بڑے ذرائع ہیں، کتاب، فلم اور سفر۔
کہتے ہیں کہ سفر دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے۔ ہم جو کتاب سے سیکھتے ہیں ایک طرح سے وہ کچی پنسل کا خاکہ ہوتا ہے جس میں رنگ بھرتے ہیں ہمارے وہ تجربات جو ہمیں سفر سے ملتے ہیں۔ اور جب کتابی علم کی روشنی، سفر جیسے تجربے سے روشناس ہوتی ہے تو بصیرت پیدا ہوتی ہے، خود کی ذات کی گرہیں کھلتی ہیں اور دنیا کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
یہ فلم دو ایسے دوستوں کی مہم جوئی اور سفر کی داستاں ہے جو کہ میڈیکل کے طالبعلم ہیں اور 8700 میل کا سفر کرتے ہوئے چند مہینوں میں پورا لاطینی امریکہ چھان مارتے ہیں۔ لیکن ذرا رکئے، کہانی اتنی سادہ بھی نہیں ہے۔۔۔ وہ برف باری میں بنا خیمہ کے سوتے ہیں، پیسوں کے ختم ہونے کے بعد کھانا اور دوسرے اخراجات برداشت کرتے ہیں اور سب سے بڑھ کر سفر کیسے ان کی زندگیوں کو نکھار دیتا ہے؟ وہ کیا سیکھتے ہیں اور ان کی زندگی کیسے کروٹ بدلتی ہے؟ راستے میں ملنے والی محبت، مشکلات اور رکاوٹیں فلم کی دلچسپی کو کیسے بڑھائے رکھتی ہیں۔۔؟ یہ سب دلچسپ اور حیران کن مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
فلم کی کہانی اس وقت ایک نیا موڑ لیتی ہے جب دونوں دوست پیرو (لاطینی امریکی ملک) کے ایک مشنری میڈیکل ہسپتال پہنچتے ہیں اور میڈیکل طالبعلم ہونے کے ناطے وہاں کچھ دن گزارنے کا انہیں موقع ملتا ہے۔ تب انہیں انسانیت اور انسانی دکھوں کے مسائل سمجھ میں آتے ہیں۔ پھر جس رات فیوزر کی سالگرہ تقریب مقرر ہوتی ہے، وہ تیر کر دریا عبور کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ اپنے دوست کے منع کرنے کے باوجود دریا میں چھلانگ لگا دیتا ہے اور دمہ کا مریض ہونے کے باوجود دریا کو اور اپنے خوف کو شکست دیتا ہے، یوں اس کی شخصیت کا ایک نیا جنم ہوتا ہے۔

درحقیقت یہ فلم عظیم مارکسٹ لیڈر "چی گویرا [Che Guevara]" کی ذاتی ڈائری (جو کہ اسی نام سے لکھی گئی ہے) سے ماخوذ ہے۔
چی گویرا ارجنٹائن میں پیدا ہوئے۔ دنیاکا سفر کیا تو جانا کہ یہ دنیا تو دکھوں سے عبارت ہے۔ وجوہات پر غور کیا تو استعماری نظام نے ان کے اندر نفرت پیدا کی اور پھر امریکی استعماریت کے خلاف لڑتے ہوئے انہوں نے ساری عمر گزار دی۔ وہ ایک ایسا ادب دوست تھا، جس کی ساری عمر میدان جنگ میں اور لکھنے میں گزر گئی، جس نے گوریلا جنگ کو ایک نئی جہت دی۔ کئی دہائیوں تک امریکہ اور سی آئی اے کے لئے وہ دہشت کا نام بنا رہا۔ اس کے باوجود آج پورا لاطینی امریکہ "چی گویرا" کو عزت سے یاد کرتا ہے۔ ایک عظیم انسان جو اپنے ملک کے لئے نہیں بلکہ انسانیت کے لئے لڑا۔ کیوبا کا قومی ہیرو!!

اس فلم نے آسکر سمیت 35 ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں۔ فلم ہسپانوی زبان میں ہے، اور انگریزی سب ٹائٹلز کے ساتھ دیکھی جا سکتی ہے۔ یوٹیوب پر با آسانی دستیاب ہے۔
فلم کی آئی ایم ڈی بی [IMDb] ریٹنگ: 7.8

The Motorcycle Diaries (Spanish film). Biopic of Che Guevara.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں