قرآن مجید اور کتب احادیث کے اردو تراجم - پی۔ایچ۔ڈی مقالہ جات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-09-04

قرآن مجید اور کتب احادیث کے اردو تراجم - پی۔ایچ۔ڈی مقالہ جات

manuu-translation-dept-phd
مولانا آزاد قومی اردو یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات کی اطلاع کے بموجب سید یوسف صدیق اور ابوبکر ابراہیم کو ڈاکٹر آف فلاسفی (پی۔ ایچ۔ ڈی) کا مستحق قرار دیا گیا۔

یونیورسٹی کے ٹرانسلیشن اسٹڈیز کے ریسرچ اسکالر سید یوسف صدیق ولد جناب سید موسیٰ اکیلوی(مرحوم) کے مقالے کا عنوان "قرآن مجید کے اردو تراجم کے مقدموں میں ترجمہ سے متعلق مباحث کا جائزہ" تھا۔ اس مقالے میں انہوں نے اردو زبان میں قرآن مجید کے تراجم کی سرگرمیوں اور قرآن مجید کے اردو تراجم کے مقدموں میں مترجمین و مفسرین کی ترجمہ کی حکمت عملی ، طریقہ کار اور اس سے متعلق بحث کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے یہ تحقیقی کام صدر شعبہ ترجمہ پروفیسر محمد ظفرالدین کی نگرانی میں مکمل کیا۔ قبل ازیں انہوں نے اسی شعبہ سے ایم۔فل کی ڈگری حاصل کی تھی۔

یونیورسٹی کے ٹرانسلیشن اسٹڈیز کے ریسرچ اسکالر ابوبکر ابراہیم ولد ابوبکر زہیر کو 'مطالعاتِ ترجمہ' میں پی۔ایچ۔ڈی کا مستحق قرار دیا گیا۔ ان کے مقالہ کا عنوان "برصغیر میں کتبِ احادیث کے اردو تراجم : ایک جائزہ" تھا۔ مذہبی تراجم کی تاریخ اور روایت پر بحث کرتے ہوئے اردو میں اولین 'ترجمہ حدیث' اور "اولین ترجمہ کتب احادیث" کی تعین کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں "کتب ستہ" اور کتب مشہورہ (مشکاۃ المصابيح، موطا امام مالک، ریاض الصالحین، بلوغ المرام) کے تراجم احادیث، ونیز "مجموعہ اربعین " کا اجمالی جائزہ لیا گیا ہے۔ مشہور مترجمین حدیث پر بھی ایک عنوان قائم کیا گیا۔ ذخائر حدیث کی وجہ سے زبان اردو میں جو لسانی اور تہذیبی اثرات مرتب ہوئے ان کا بھی بین السطور جائزہ لیا گیا ہے۔
مقالہ نگار نے یہ تحقیقی کام ڈاکٹر فہیم الدین احمد ، اسسٹنٹ پروفیسر ، شعبۂ ترجمہ کی نگرانی میں مکمل کیا۔

MANUU, PhD in Translation Studies Dept. on Quran/Hadith translation subjects.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں