جموں کشمیر - بی جے پی ، پی ڈی پی اتحاد کا اختتام - محبوبہ مفتی کابینہ مستعفی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-06-20

جموں کشمیر - بی جے پی ، پی ڈی پی اتحاد کا اختتام - محبوبہ مفتی کابینہ مستعفی

BJP-breaks-alliance-with-PDP-JK
جموں و کشمیر میں بی جے پی کے انچارج رام مادھو نے ایک پریس کانفرنس میں آج پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ساتھ اتحاد ختم ہونے کا اعلان کیا۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور ان کے وزراء نے ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر نعیم اختر نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔
اب ریاست جموں و کشمیر میں صدر راج کے نفاذ کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
بی جے پی لیڈر رام مادھو نے ایک پریس کانفرنس میں ان نئی تبدیلیوں کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ: "ہم نے ایک فیصلہ کر لیا ہے۔ جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ مفاہمت جاری رکھنا بی جے پی کیلئے ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔ چنانچہ ہم اس اتحاد سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے چیف امت شاہ کی رضامندی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔"
اتحاد ختم کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے اور 'رائزنگ کشمیر' کے مدیر شجاعت بخاری کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے رام مادھو نے کہا کہ وادی میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، پریس کی آزادی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو خطرہ لاحق ہے۔ ہندوستان کی یکجہتی و سلامتی کے وسیع تر مفاد کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے کیوں کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔
منگل کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی کی کور گروپ کی میٹنگ میں اتحاد کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے ریاست کے اراکین کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ ریاست سے جنگ بندی ختم کرنے کے فیصلہ کے بعد دونوں پارٹیوں میں کشیدگی کافی بڑھ گئی تھی۔

دریں اثنا مرکز کی بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کو وادی کی صورتحال کے لئے مساوی ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کانگریس نے ریاست جموں وکشمیر میں پی ڈی پی سے اتحاد کو خارج ازبحث قرار دیا۔ نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ جموں و کشمیر اور قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کی صورتحال پر اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی، موجودہ صورتحال کے لئے وہ مساوی ذمہ دار ہے بلکہ اس پورے معاملہ میں پہلی مجرم مرکزی حکومت ہے۔ غلام نبی آزاد نے تاہم ریاست میں پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کو خارج ازبحث قرار دیا۔
صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہا کہ آخرکار جموں و کشمیر کا موقع پرستانہ 'بی جے پی ۔ پی ڈی پی' اتحاد ختم ہو گیا ۔ تاہم اس مخلوط حکومت کی وجہ سے ریاست کو جو نقصان پہنچا ہے وہ برقرار رہے گا اور اس کے خاتمہ کیلئے کافی وقت درکار ہوگا۔

BJP PDP alliance: Mehbooba Mufti resigns after BJP pulls out of alliance with PDP in Jammu and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں