گجرات میں کانگریس کی تائید کا اعلان - ہاردک پٹیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-11-23

گجرات میں کانگریس کی تائید کا اعلان - ہاردک پٹیل

احمد آباد
پی ٹی آئی
پاٹیدار کوٹہ احتجاجی قائد ہاردک پٹی نے آج گجرات اسمبلی الیکشن میں کانگریس کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعت نے خصوصی زمرہ میں پٹیلوں کو ریزرویشن دینے کا مطالبہ مان لیا ہے ۔ پاٹیدار انامت آندولن سمیتی( پی اے اے ایس) قائد نے کہا کہ ان کی برادری کو جو ریزرویشن فارمولہ دیا گیا ہے وہ ایس سی، ایس ٹی اوراو بی سی کے پچا س فیصد کوٹہ سے بالاتر ہوگا ۔ پچاس فیصد ریزرویشن کی سپریم کورٹ کی بندش کو انہوں نے صرف رائے قرار دیا ۔ ہاردک نے کہا کہ بر سر اقتدار آنے پر کانگریس، سروے کرائے گی، ریاستی اسمبلی میں بل لائے گی اور ریزرویشن دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات میں میری لڑائی بی جے پی کے خلاف ہے اور اسی لئے ہم راست یا بالواسطہ کانگریس کی تائید کریں گے کیوں کہ اس نے ریزرویشن کا ہمارا مطالبہ مان لیا ہے ۔ کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ہمارے مطالبہ کو اپنے منشور میں شامل کرے گی۔ خصوصی زمرہ کے تحت ہمیں کتنے فیصد ریزرویشن ملے گا اس کا فیصلہ، سروے کی بنیاد پر ہوگا ۔ ہاردک نے یہ بھی کہا کہ نشستوں کی تقسیم پر کانگریس کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ ہم نے کوئی نشستیں نہیں مانگیں لیکن ہم نے کانگریس سے کہا تھا کہ وہ ہماری برادری کے ایسے امید وار کھڑا کرے جن کا کردار اچھا ہو ۔ ہاردک نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ پاٹیدار انامت آندولن سمیتی کے ارکان کو پچاس لاکھ روپے( فی کس) میں خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ کی آبائی ریاست گجرات میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی زبردست مہم چھیڑ دی ہے۔ گجرات میں رائے دہی9اور14دسمبر کو ہوگی۔ آئی اے این ایس کے بموجب پاٹیدار قائد ہاردک پٹیل نے چہار شنبہ کے دن کانگریس کی تائید کردی ۔ ہاردک نے یہ اعلان جس کا بڑا انتظار تھا، پاٹیدار انامت آندولن سمیتی کی طرف سے احمد آباد میں پر ہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے اے ایس، کانگریس کا پیش کردہ، قابل عمل فارمولہ رسمی طورپر قبول کررہی ہے ۔ ہاردک نے کہا کہ کانگریس نے ریزرویشن کے لئے ہمارا فارمولہ قبول کرلیا ہے ۔ فارمولہ کے تحت پٹیلوں کو درج فہرست ذاتوں، قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے موجودہ49فیصد کوٹہ کو ہاتھ لگائے بغیر او بی سی کے مساوی دستوری فوائد ملیں گے ۔ ہم کانگریس کافارمولہ قبول کررہے ہیں۔ پی اے اے ایس کے دیگر قائدین کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہاردک نے بر سر اقتدار بی جے پی کا یہ الزام خارج کردیا کہ وہ کانگریس کے ایجنٹ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمارا مطالبہ مان لیا ہے حالانکہ اپوزیشن میں ہے۔ اس نے اسے اپنے منشور میں شامل کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ بی جے پی نے ہمارے نوجوانوں کو اذیت دی، جھوٹے کیسس درج کرائے ایسی صورتحال میں کانگریس کی تائیدی میں کوئی حرج نہیں۔ بی جے پی مجھے کانگریس کا ایجنٹ کہہ لے ، میں عوام کے سوا کسی کا ایجنٹ نہیں ہوں ۔بی جے پی، گجرات کی مالک و مختار نہیں ہے ، چھ کروڑ عوام ریاست کے مالک ہیں، ہاردک پٹیل نے زور دے کر کہا کہ دستور میں کہیں بھی نہیں لکھا ہے کہ پچاس فیصد سے زیادہ ریزرویشن نہیں دیاجاسکتا۔ سپریم کورٹ نے اس تعلق سے صرف اپنی رائے دی ۔
Gujarat elections: Hardik Patel accepts Congress quota deal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں