مودی کو کلین چٹ دینے کے خلاف ذکیہ جعفری کی درخواست مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-10-06

مودی کو کلین چٹ دینے کے خلاف ذکیہ جعفری کی درخواست مسترد

مودی کو کلین چٹ دینے کے خلاف ذکیہ جعفری کی درخواست مسترد
گجرات فساد میں سپریم کورٹ کی جانب سے سابق چیف منسٹر کو دی گئی راحت کا حوالہ: ہائی کورٹ
احمد آباد
پی ٹی آئی
گجرات ہائی کورٹ نے آج ذکیہ جعفری کی درخواست مسترد کردی جس میں اس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی اور دوسروں کو2002ء مابعد گودھرا فسادات کی سازش کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے پر ایس آئی ٹی کی جانب سے کلین چٹ دیئے جانے کو چیلنج کیا گیا تھا ۔ جسٹس سونیا گو کانی نے وسیع تر سازش کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی اسے قبول نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنجے بھٹ کے معاملہ میں عدالت بالا اس پر( سازش کے پہلو پر) طویل سماعت کرچکی ہے اور اسے مسترد بھی کرچکی ہے اس لئے میں اس معاملہ میں جانا نہیں چاہتی ۔ اس لئے میں وسیع تر سازش کو چیلنج کرنے والی اس درخواست کو مسترد کرتی ہوں ۔ جسٹس گوکانی نے کہا کہ درخواست گزار اس معاملہ میں مزید تحقیقات کے لئے عدالت بالا سے رجوع ہوسکتا ہے ۔ جسٹس گوکانی نے کہا کہ مجسٹریٹ کا یہ کہنا درست نہیں ہے کہ وہ مزید تحقیقات کے تعلق سے محدود اختیارات رکھتا ہے ۔ اس درخواست کی سماعت تین جولائی کو ختم ہوگئی تھی جس پر آ ج فیصلہ دیا گیا۔ کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ مقتول احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری اور غیر سرکاری تنظیم سٹیزن فارجسٹس اینڈ پیس کی سربراہ ٹیسٹا سیٹلواڈ نے فوجداری نظرثانی درخواست مجسٹریٹ کے احکامات کے بعد عدالت میں داخل کی تھی جس میں مجسٹریٹ نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے مودی کو کلین چٹ دیئے جانے کے احکامات برقرار رکھا تھا۔ ذکیہ جعفری نے مودی اور59دیگرکے خلاف گجرات فسادات کی سازش کا الزام عائد کیا ہے جن میں پولیس کے سینئر آفیسرس اور دیگر عہدیدار شامل ہیں ۔ درخواست میں گجرات فسادات کی تازہ تحقیقات کی ہدایت دینے کی بھی خواہش کی گئی تھی ۔ احسان جعفری کو58افراد کے ساتھ گلبرگ سوسائٹی میں ہوئے فسادات میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ دسمبر2013ء میں میٹر وپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے مودی کے خلاف فوجداری سازش کامقدمہ درج کرنے ذکیہ جعفری کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد وہ2014ء میں ہائی کورٹ سے رجوع ہوئیں۔8فروری2012ء کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے مودی کو کلین چٹ دی تھی اور ہائی کورٹ کو اپنی ر پورٹ پیش کی تھی۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم پر سپریم کورٹ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تھی۔

Gujarat High Court rejects Zakia Jafri's plea against clean chit to Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں