دریائے نربدا پر سردار سروور ڈیم کا وزیر اعظم کے ہاتھوں افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-18

دریائے نربدا پر سردار سروور ڈیم کا وزیر اعظم کے ہاتھوں افتتاح

دریائے نربدا پر سردار سروور ڈیم کا وزیر اعظم کے ہاتھوں افتتاح
دابوئی(گجرات)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دریائے نربدا پر سردار سروور ڈیم کا افتتاح کیا جس سے یومیہ1450میگا واٹ برقی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ دنیا میں کوئی اور ایسا پراجکٹ نہیں ہے جس کی راہ میں اتنی زیادہ رکاوٹیں حائل ہوئی ہوں ۔ انجینئرنگ کے اس شاہکار کو روکنے کے لئے کئی افراد نے سازشیں رچیں۔ انہوں نے کہ اکہ اس ڈیم کا تصور چھ دہائی قبل کیا گیا تھا جو علاقہ میں ترقی کو مہمیز کرنے اور ملک کی بڑھتی ہوئی طاقت کی علامت بن جائے گا۔ گجرات کے ضلع وڈوڈرا کے دابوئی ٹاؤن میں ڈیم کے مقام سے تقریبا پچپن کلو میٹر دور ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ دریائے نرمدا پر سردار سروور ڈیم کی راہ میں جتنی رکاوٹیں حائل ہوئیں وہ دنیا کے کسی پراجکٹ کو در پیش نہیں ہوئیں لیکن ہم نے اس پراجکٹ کی تکمیل کا عزم کرلیا تھا ۔ وزیر اعظم نے قبل ازیں اس پراجکٹ کو قوم کے نام معنون کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردار سروور ہندوستان کی نئی اور ابھرتی ہوئی طاقت اور علاقہ کی ترقی کی بھی علامت بن جائے گا۔ یہ انجینئرنگ کا ایک شاہکار ہے۔ مودی نے کہا کہ مجھے اس پراجکٹ کو روکنے کی کوشش کرنے ولے ہر فرد کا کچھ چٹھا معلوم ہے لیکن میں ان کا نام نہیں لوں گا ۔ میں ان کے راستہ پر جانا نہیں چاہتا ۔ اس پراجکٹ کے خلاف بڑے پیمانے پر غلط فہمی کی مہم چلائی گئی۔ حتی کہ پراجکٹ کے لئے فنڈس فراہم کرنے قبل ازیں راضی ہونے والے عالمی بینک نے اس کے لئے قرض دینے سے انکار کردیا لیکن عالمی بینک کے استھ یا اس کے بغیر ہی بہر حال ہم نے اس عظیم الشان پراجکٹ کو مکمل کرلیا ۔ جب عالمی بینک نے سردار سروور ڈیم کے لئے رقم دینے سے انکار کیا تو گجرات کے منادر نے پراجکٹ کے لئے عطیہ دیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر پراجکٹ کے لئے زمینوں سے محروم ہونے والے قبائیلی خاندانوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ان کی قربانی کو ہندوستان ہمیشہ یاد رکھے گا ۔ اس موقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل اور بی آر امبیڈ کر کو خراج پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر یہ دو عظیم شخصیتیں زندہ ہوتیں تو ڈیم ساٹھ یا ستّر کی دہائی میں مکمل ہوجاتا ۔ اس کی وجہ سے معیشت کو فروغ ملتا اور سیلاب و خشک سالی جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملتی۔ آج جب کہ اس ڈیم کا افتتاح ہوا ہے تو سردار پٹیل کی روح یقینا خو ش ہوئی ہوگی ۔ انہوں نے75سال قبل اس ڈیم کا خواب دیکھا تھا جب کہ ہندوستان آزاد بھی نہیں ہوا تھا ۔ یہ خواب کسانوں کے مفاد میں تھا۔ گجرات کا یہ خط زندگی کہلانے والے اس ڈیم کا افتتاح ایسے وقت ہوا ہے جب کہ اس سال کے اواخر میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔چنانچہ اسے گجرات میں انتخابات کا بگل بجانے سے بھی تعمیر کیاجارہا ہے ۔ ترقی کی رفتار کو سست کرنے میں پانی کی قلت کو ایک بڑا عنصر مانتے ہوئے مودی نے کہا کہ پراجکٹ سے گجرات میں ہند۔ پاک سرحد تک پانی لے جانے مین مدد ملے گی ۔ اس سے بی ایس ایف سپاہیوں کی پانی کی ضرورت کی تکمیل ہوگی ۔ گجرات، مدھیہ پردیش، راجستھان اور مہاراشٹرا کو اس سے فائدہ ہوگا ۔ مودی نے اپنے مخصوص انداز مین کہا کہ آپ مجھے جانتے ہیں ، میں چھوٹے موٹے کام نہیں کرتا ۔ میں چھوٹی موٹی سوچ نہیں رکھتا ۔ میرے ساتھ1.25بلین عوام ہیں۔ میں چھوٹے خواب نہیں دیکھ سکتا۔ مغربی ہندوستان مین پانی کی قلت ہے۔ جب کہ مشرقی حصہ میں برقی اور گیس کی سپلائی کی قلت پائی جاتی ہے ۔ ہم قلت کے ان مسائل سے نکلنے کی جدوجہد کررہے ہیں تاکہ ہندوستان کے دونوں حصہ ترقی کریں، اور ترقی کی نئی بلندیو ں کو چھو سکیں۔ سردار سروور ڈیم 131شہری مراکز اور9633دیہاتوں کو پی نے کے پانی پہ نچانے کے مقصد کو پورا کرے گا۔ اس سے18.54ہیکٹر اراضی پر آبپاشی کی سہولتیں میسر ہوں گی جس سے پندرہ اضلاع کے73تعلقوں کا احاطہ ہوگا۔ گجرات کے علاوہ نرمدا نہر سے راجستھان میں2,46,000ہیکٹر اراضی پر بھی آبپاشی کی جائے گی۔ مودی نے مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا اور راجستھان کے چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوہان، دیویندر فڈ نویس اور وسندھرا راجے سندھیا کابھی اس پراجکٹ کی تکمیل میں ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اس پراجکٹ کا سنگ بنیاد تقریبا56سال قبل 5اپریل1961ء کو ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے رکھا تھا ۔ آج مودی کے ہاتھوں افتتاح کے ذریعہ یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔

Prime Minister Narendra Modi inaugurated the Sardar Sarovar Dam on the Narmada river in Gujarat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں