ایم وینکیا نائیڈو نائب صدر جمہوریہ منتخب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-06

ایم وینکیا نائیڈو نائب صدر جمہوریہ منتخب

نئی دہلی
یو این آئی
Venkaiah-Naidu-elected-Vice-President-India
بر سرا قتدار این ڈی اے امید وارایم وینکیا نائیڈو آج ملک کے15ویں نائب صدر جمہوریہ منتخب ہوئے ۔ انہوں نے اپوزیشن کے مشترکہ امید وار گوپال کرشن گاندھی کو272ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی۔ وینکیا نائیڈو کو516اور گوپال کرشن گاندھی کو244ووٹ ملے ۔ وینکیا نائیڈو، حامد انصاری کے جانشین ہوں گے جن کی دوسری میعاد10اگست کو ختم ہورہی ہے ۔ وینکیا نائیڈو بی جے پی اور آر ایس ایس کے پہلے قائد ہیں جو نائب صدر جمہوریہ منتخب ہوئے ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ کو منتخب کرنے کا الکٹورل کالج، پارلیمنٹ کے تمام ارکان پر مشتمل ہوتا ہے ۔ آج کے الیکشن میں98.21فیصد رائے دہی ہوئی۔785اہل ارکان پارلیمنٹ کے منجملہ771نے ووٹ ڈالے ۔ مرکزی وزیر وجئے گوئل، ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی، سابق مرزی وزیر اے رام داس پی ایم کے ان14ارکان پارلیمنٹ میں شامل ہیں جنہوں نے ووٹ نہیں ڈالا ۔ ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی اور کانگریس کے فی کس دو ارکان غیر حاضر تھے ۔ ترنمول کانگریس کے چار ارکان اپ نے حق رائے سے استفادہ نہیں کرسکے۔ آئی اے این ایس کے بموجب گیارہ ووٹ ضائع ہوگئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی، ان کے کابینی رفقاء اور اپوزیشن قائدین بشمول کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے ووٹ ڈالے ۔ووٹنگ صبح دس بجے شروع ہوئی تھی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ رکن راجیہ سبھا وینکیا نائیڈو صبح تقریبا ساڑھے نو بجے اپنے بنگلہ سے نکلے اور لگ بھگ دس بجے انہوں نے ووٹ ڈالا۔ ان کے ساتھ وزیر پارلیمانی امور اننت کمار اور دیگر بی جے پی قائدین موجود تھے ۔ اپوزیشن امید وار گوپال کرشن گاندھی نے مرکزی وزیر داخلہ اور دیگر قائدین کو نمستے کیا۔ گوپال کرشن گاندھی کے ساتھ سونیا گاندھی، راہول گاندھی، غلام نبی آزاد اور ملیکار جن کھرگے موجود تھے ۔ راجیہ سبھا کے نامزد ارکان اداکارہ ریکھا اور کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے بھی ووٹ ڈالا۔ ریکھا کو سماج وادی پارٹی قائد ڈمپل یادو سے جو سابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کی بیوی ہیں، بات چیت کرتے دیکھا گیا۔ بی جے پی کے بزرگ قائد ایل کے اڈوانی، چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر، چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ، ڈپٹی چیف منسٹر یوپی کیشوپرساد موریہ نے بھی ووٹ ڈالا۔ سکریٹری جنرل راجیہ سبھا و ریٹرننگ عہدیدار شمشیر کے شریف نے وینکیا نائیڈو کو منتخب قرار دیا۔

Venkaiah Naidu elected as 13th Vice President India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں