ایسا نیا ہندوستان نہیں چاہئے جہاں بچوں کی اموات ہوتی ہوں - راہل گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-20

ایسا نیا ہندوستان نہیں چاہئے جہاں بچوں کی اموات ہوتی ہوں - راہل گاندھی

’’ہمیں نیا ہندوستان نہیں چاہئے جہاں بچوں کی اموات ہوتی ہوں‘‘
گورکھپور میں سوگوار خاندانوں سے ملاقات کے بعد راہول گاندھی کا بیان
گورکھپور
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کے نئے ہندوستان کی تعمیر کے نعرہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ ملک کے عوام ایسا نیا ہندوستان نہیں چاہتے جہاں آکسیجن کی عدم دستیابی کے باعث بچوں کی اموات ہوتے ہوں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش حکومت گورکھپور واقعہ پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی آر ڈی میڈیکل کالج ہاسپٹل میں آکسیجن کی قلت کے باعث بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔ میدڈیا سے مختصر بات چیت کے بعد راہول گاندھی نے چند خاندانوں سے ملاقات کی جن کے بچے اس المیہ میں فوت ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ حکومت اپنی خامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے تاہم وہ ایسا کرنے میں ناکام ہیں۔ یہ حکومت کا پیدا کردہ المیہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جن خاندانوں سے میں نے ملاقات کی ہے ان کا کہنا ہے کہ بچوں کی اموات آکسیجن کی کمی کے باعث ہوئی ہیں۔ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت نئے ہندوستان کی بات کررہی ہے تاہم نئے ہندوستان کا کیا یہی مطلب ہے ۔ ملک میں سرکاری ہاسپٹلس خراب حالت میں ہیں جب کہ ان کو ٹھیک نہیں کیاجاتا ہم کسی بہتری کی توقع نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے اس واقعہ کو منظر عام پر لانے کے لئے میڈیا سے اظہار تشکر کیا ۔ قبول ازیں موصولہ آئی اے این ایس کی اطلاع کے بموجب کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج ان بچوں کے سوگوار خاندانوں سے ملاقات کی جو گزشتہ ہفتہ بابا راگھو داس (بی آر ڈی) میڈیکل کالج میں فوت ہوگئے تھے اور اظہار ہمدردی کیا ۔ انہوں نے ان خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس، بحران کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔اس موقع پرپارٹی جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد، اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راج ببر ، سابق مرکزی وزیر آر پی این سنگھ اور ایک رکن اسمبلی آرادھنا مشرا بھی موجود تھیں۔گورکھپور ایر پورٹ پہنچنے کے فوری بعد گاندھی خاندان کے جانشین موضع بغا گڈا میں برہم دیو یادو کے مکان پہنچے اور اس خاندان سے بات چیت کی جن کے سات دن کے جڑواں بچے اس المیہ کی نذر ہوگئے ۔ انہوں نے المیہ کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور سات تا بارہ اگست کے دوران پانچ دن کی مختصر مدت میں زائد از ساٹھ بچوں کی اموات کے پس پردہ وجوہات کی حقیقت کا پتہ چلانے کی کوشش کی ۔ کانگریس قائدین نے یادو کو یہ بھی تیقن دیا کہ وہ انہیں ملازمت دلانے کی کوشش کریں گے ۔ راج ببر نے ریاست کی بی جے پی حکومت پر مکمل ناکام ہوجانے کا بھی الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ حکومت کرنے کے اخلاقی حق سے محروم ہوچکی ہے ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ اتر پردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ مسلسل پانچ مرتبہ گورکھپور کے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں ، تاہم انہوں نے کچھ نہیں کیا۔
Don't want this kind of 'New India': Rahul Gandhi on Gorakhpur

گورکھپور، تفریحی مقام نہیں ہے
راہول گاندھی کے دورہ پر چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا طنز
گورکھپور، یوپی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کو یہاں کے دورہ پر نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ دہلی میں بیٹھنے والا یوراج(پرنس) گورکھپور کو تفریحی مقام نہیں بنا سکتا۔ بی آر ڈی ہسپتال میں71بچوں کی موت کے مد نظر جاپانی بخار، دماغی بخار کی وبا سے نمٹنے ضلع میں صفائی مہم شروع کرنے کے بعد یوگی نے اپنے پیشرو اور سماجو ادی پارٹی صدر اکھلیش یادو کو بھی نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ لکھنو میں بیٹھنے والا شہزادہ اور دہلی میں بیٹھنے والا یوراج صفائی کی اس مہم کی اہمیت نہیں جان سکتے ۔ وہ یہاں تفریح کے لیے آئیں گے ۔ ہم اس کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ چیف منسٹر نے گورکھپور میں کانگریس قائد کے دورہ سے چند گھنٹے قبل یہ بات کہی ۔ یوگی نے کہا کہ اگر کوئی گورکھپور اور مشرقی اتر پردیش کے عوام کی عزت نفس کو کھا چیلنج کرے گا تو یہ ٹھیک نہیں ہوگا۔ عوام اپنی بیداری سے ایسے خطرناک امراض سے نمٹنے کے لئے خود سامنے آئیں گے ۔ یوگی سوچھ اتر پردیش، سوستھ اتر پردیش مہم کا آغاز کررہے تھے ۔ چیف منسٹر پر پلٹ وار کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ککہ اس سے یوگی کہ بے بسی اور گھبراہٹ ظاہر ہوتی ہے ۔ اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راج ببر نے کہا کہ چیف منسٹر نے کوئی کارروائی نہیں کی اور وہ مسئلہ سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ وہ ایسے حقیر بیانات کے ذریعہ اپنی پوزیشن گھٹا رہے ہیں۔ راہول جی یہاں غریبوں کا دکھ بانٹنے آرہے ہیں لیکن یہ سوال کرنا کہ وہ یہاں کیوں آرہے ہیں، چیف منسٹر کی گھبراہٹ کو ظاہر کرتا ہے ۔ راج ببر اور دیگر سینئر قائدین بشمول غلام نبی آزد اور آر پی این سنگھ، راہول گاندھی کے ساتھ ہیں۔ نائب صدر کانگریس نے بی آر ڈی ہسپتال میں دم توڑنے والے بچوں کے خاندانوں سے ملاقات کے لئے مواضعات کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو بھرپور مدد کا تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ حکام سے یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ کانگریس نے بچوں کی اموات یر یوگی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا ہے۔ صفائی مہم کے ذریعہ جاپانی بخار کی روک تھام کی امید ظاہر کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے پچھلی حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ا پنے مفاد کے لئے ریاست کے عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا ۔ انہوں نے زور دیا کہ جاپانی بخار کے علاج سے زیادہ اس مرض کی روک تھام صاف ستھرے ماحول اور پینے لائق پانی کی سربراہی کے ذریعہ اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اس سمت کام کررہی ہے ۔ چیف منسٹر نے جو لوک سبھا میں پانچ مرتبہ گورکھپور کی نمائندگی کرچکے ہیں، صفائی مہم کو کامیاب بنانے عوام کی سر گرم حصہ داری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ صاف ستھرے وارڈ کو ایک ماہ بعد ایوارڈ دیاجائے گا۔ صفائی کے معاملہ میں جب لوگ ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کریں گے تو دماغی بخار کا از خود خاتمہ ہوجائے گا۔ چیف منسٹر نے ہاتھ میں جھاڑو لے کر اندھیاری باغ سے مہم کا آغاز کیا۔

اقلیتیں دیگر ممالک کے مقابلے میں ہندوستان میں زیادہ محفوظ: مختار عباس نقوی
نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ سیکولر ازم ملک کے ڈی این اے میں موجود ہے اور ملک کی انفرادیت سروادھرم سدبھاؤ یا کثرت میں وحدت میں پائی جاتی ہے ۔ جی ایم ڈی ایف سی اور جی ایچ ڈی ایف سی کے چیکس کی تقسیم کے پروگرام سے گاندھی نگر میں خطاب کرتے ہوئے نقوی نے اپنے ایجنڈہ کے بنیادی نکات مشمولاتی فروغ، انتودیا(سماج کے تمام افراد تک ترقی کے فوائد پہونچانے کا عہد) جیسے امور کا احاطہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی اے حکومت اقلیتی کے عطائے اختیار کے ساتھ ان کے وقار کے عہد کی پابند ہے ۔ اقلیتوں ، دلتوں، کسانوں، خواتین اور ملک کے دیگر طبقات نے قومی تعمیر میں مساوی رول ادا کیا ہے ۔ کسی بھی مذہب، ذات یا طبقہ کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان آزادی اظہار، سلامتی اور اقلیتوں کے تحفظ کے معاملہ میں دیگر جمہوری ممالک سے کہیں آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مخالف طاقتیں سماج میں عدم سلامتی کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں تاہم نریندر مودی حکومت ترقیاتی ایجنڈہ پر انتشار پ سندی کے ایجنڈہ کو کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ ہندوستان کا حسن اس کے ثقافتی ورثہ اور سماجی ہم آہنگی میں مضمر ہے تاہم بعض عناصر اس کو درہم برہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو چاہئے کہ ایسے عناصر کو شکست دینے متفقہ طور پر آگے آئیں ۔ مودی حکومت کسی تخریبی ایجنڈہ کو ترقیاتی ایجنڈہ پر غالب آنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ حکومت اقلیتوں کو با اختیار بنانے کے عہد کی پابند ہے ۔اپوزیشن جماعتوں پر بعض واقعات کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اقلیتیں کسی دیگر ملک کے مقابلہ میں زیادہ محفوظ ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی مفادات کی خاطر مذہب، طبقہ اور ذات کے مسائل کا غلط استعمال کررہی ہیں۔ اس موقع پر535استفادہ کنندگان بشمول معذور افراد میں کاروبار اور تعلیم کے لئے4.87کروڑ روپے کے چیکس تقسیم کئے گئے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں